20 جون 2026

رپورٹ: اعتزاز ابراہیم


لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ میں چودہ سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر نشہ آور دوا پلا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے کیس میں پولیس نے مرکزی ملزم دانیال اور واقعے میں ملوث اس کی بہن کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ کیس کو مزید کارروائی کے لیے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق متاثرہ لڑکی 17 جون کو اپنے گھر سے اکیڈمی جانے کے لیے نکلی تھی۔ راستے میں اس کی اسکول فیلو اور اس کے بھائی دانیال نے اسے روکا اور کہا کہ وہ ان کے گھر چل کر ان کے ساتھ اکٹھے پڑھائی کرے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان لڑکی کو ورغلا کر اپنے کوارٹر لے گئے جہاں اس کے ساتھ مبینہ طور پر یہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔

متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں لاہور کے تھانہ غالب مارکیٹ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 376 تھری ( کم عمر کے ساتھ جنسی زیادتی) لگائی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے نہ صرف لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا بلکہ اس کی نازیبا ویڈیوز بھی بنائیں۔ مقدمے میں یہ الزام بھی شامل ہے کہ بعد ازاں ملزم ان ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دے کر متاثرہ لڑکی کو بلیک میل کرتا رہا تاکہ وہ کسی کو واقعے کے بارے میں نہ بتائے۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے میڈیا کو جاری کردہ بیان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی غالب مارکیٹ پولیس نے فوری کارروائی شروع کی اور نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے اور کارروائی کے دوران مرکزی ملزم دانیال اور اس کی بہن کو گرفتار کر لیا گیا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا استحصال ایک سنگین جرم ہے اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔

پاکستان میں کم عمر بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جنسی جرائم تشویشناک ہیں۔ بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ’ساحل‘ کے مطابق سال 2025 میں پاکستان بھر میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی، اغوا، ریپ اور دیگر استحصال کے 3,630 واقعات رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق رپورٹ ہونے والے مجموعی کیسز میں 53 فیصد متاثرین لڑکیاں جبکہ 47 فیصد لڑکے تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 11 سے 15 سال کی عمر کے بچے جنسی استحصال کے سب سے زیادہ خطرے سے دوچار رہے۔ مزید یہ کہ زیادہ تر کیسز میں ملزمان اجنبی نہیں بلکہ متاثرہ بچوں کے جاننے والے، قریبی افراد یا رشتہ دار تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here