01 جولائی 2026

سٹاف رپورٹ:


وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرول کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کر دی ہے تاکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان مسابقت پیدا ہو اور صارفین کو سستا ایندھن مل سکے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

آج نیوز کے پروگرام ”سپاٹ لائٹ” میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے گزشتہ چند مہینوں میں ایندھن کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجوہات بیان کیں۔ واضح رہے کہ رواں سال فروری کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں کے بعد آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی تیل اور گیس کی منڈیاں شدید مشکلات کا شکار ہو گئیں اور پاکستان جیسے ممالک جو اپنی توانائی ضروریات کا اسی فیصد تک درآمدات سے پورا کرتے ہیں، انہیں بدترین جھٹکا لگا اور پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں پچاس فیصد سے زائد بڑھ گئیں۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ پاکستان میں قیمتوں کا تعین خام تیل سے نہیں بلکہ ریفائنڈ پلاٹس کے بین الاقوامی انڈیکس سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ سے پہلے خام اور ریفائنڈ تیل میں پانچ ڈالر کا فرق تھا جو اب پچیس ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے، اس لیے آج خام تیل کی قیمت جنگ سے پہلے کی سطح پر آنے کے باوجود صارفین کو اس کا فوری فائدہ نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ صورتحال معمول پر آئے گی تو یہ منافع صارفین کو منتقل کر دیا جائے گا۔

جنگ کے آغاز میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کی تفصیل بیان کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ پٹرول تقریباً چھہتر ڈالر سے بڑھ کر ڈیڑھ سو ڈالر اور ڈیزل نوے ڈالر سے دو سو نوے ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔ چونکہ یہ فصلیں کاٹنے کا وقت تھا اس لیے حکومت نے ڈیزل کا بوجھ خود اٹھایا اور اضافی بوجھ پٹرول پر منتقل کیا۔

علاقائی ممالک سے موازنہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بنگلادیش نے چند مہینے قیمتیں نہ بڑھا کر اربوں ڈالر کا نقصان اٹھایا اور اب وہ عالمی مارکیٹ سے دو ارب ڈالر کا بندوبست کرنے پر مجبور ہے۔ بھارت کے پاس اپنے ذخائر موجود تھے جس کی وجہ سے وہ ٹیکس کم کر سکا، لیکن پاکستان کے پاس ایسے بفرز نہیں تھے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ بحران پاکستان کی توانائی ذخائر نہ ہونے کی پرانی کمزوری کو بے نقاب کرتا ہے۔

مستقبل میں اس خطرے سے بچنے کے لیے علی پرویز ملک نے بتایا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو توانائی کے ڈھانچے کو نئے سرے سے ترتیب دینے پر ایک پریزنٹیشن دی گئی ہے جس میں حکومتی ذخائر کی تعمیر، کمرشل سٹوریج اور ریفائنریز کی اپگریڈیشن شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی ذخائر کے لیے اسٹڈی کے ٹینڈر جاری ہونے والے ہیں۔ قیمتوں میں استحکام کے لیے ایک خصوصی فنڈ بنانے کی بھی تجویز ہے جسے بجٹ، صوبوں کے تعاون اور تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافے سے فنڈ کیا جا سکتا ہے۔

گیس کے بحران کے بارے میں وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ قطر سے آنے والی گیس میں پچیس فیصد کمی ہوئی ہے اور قطر نے فورس میجور اگست تک بڑھا دیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اپنی ایل این جی درآمدات کا ننانوے فیصد قطر اور متحدہ عرب امارات سے حاصل کرتا تھا اور جنگ کے آغاز میں قطر ایل این جی کی فراہمی عملاً بند ہو گئی تھی جس سے ملک میں چار ہزار میگاواٹ تک بجلی کا شارٹ فال پیدا ہوا اور صنعتیں بند ہونے لگیں۔ وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ قطر سے جو گیس آئے گی وہ صرف پاور سیکٹر کے لیے مخصوص رہے گی جبکہ گھریلو ضروریات مقامی گیس سے پوری کی جائیں گی۔

ایران پاکستان گیس پائپ لائن کے بارے میں علی پرویز ملک نے کہا کہ یہ معاملہ بین الاقوامی عدالت میں ہے تاہم اب دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہو چکے ہیں اس لیے عدالت سے باہر تصفیے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پائپ لائن کی پرائسنگ اور ڈیزائن پر گفتگو جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے اس منصوبے کی فزیبلٹی کو ثابت کرنا ہوگا اور یہ دیکھنا ہوگا کہ یہ پاکستان کی مجموعی توانائی منصوبہ بندی میں کہاں فٹ بیٹھتی ہے۔

ایران کے تیل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ایرانی خام تیل دستیاب تو ہے لیکن پاکستان کی پرانی ریفائنریاں اسے براہِ راست پراسس نہیں کر سکتیں لہٰذا اسے سویٹ آئل کے ساتھ ملانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے سستی ایل پی جی کی فراہمی کا معاملہ بھی زیرغور ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here