13 جولائی 2026
اسلام گل
خیبر
وفاقی حکومت نے سابقہ وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) اور صوبائی حکومت کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں (پاٹا) میں دہائیوں سے چلی آ رہی ٹیکس مراعات کو مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک بھر میں یکساں ٹیکس نظام نافذ کرنا، ٹیکس چھوٹ کے غلط استعمال کی روک تھام اور قومی محصولات میں اضافہ ہے، تاہم قبائلی اضلاع اور پاٹا کے تاجروں اور صنعتکاروں نے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
خصوصی حیثیت سے یکساں ٹیکس نظام تک
سابق فاٹا اور پاٹا کو ماضی میں آئین کے آرٹیکل 247 کے تحت خصوصی آئینی حیثیت حاصل تھی، جس کے باعث ان علاقوں میں قائم صنعتوں، کاروباروں اور بعض تجارتی سرگرمیوں کو انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور دیگر وفاقی ٹیکسوں سے استثنیٰ حاصل تھا۔ 2018 میں 25ویں آئینی ترمیم کے ذریعے سابق فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کر دیا گیا، تاہم حکومت نے علاقے کی معاشی پسماندگی اور دہشت گردی سے ہونے والے نقصانات کے پیش نظر ٹیکس مراعات مختلف ادوار میں برقرار رکھیں۔
مرحلہ وار ٹیکس نفاذ کا شیڈول
فنانس ایکٹ 2025 کے ذریعے وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا کہ سابق فاٹا اور پاٹا میں صنعتی یونٹس کی درآمدات اور مقامی سپلائی پر سیلز ٹیکس ایک ہی مرحلے میں نافذ کرنے کے بجائے بتدریج بڑھایا جائے گا۔ اس پالیسی کے تحت:
– یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک سیلز ٹیکس کی شرح 10 فیصد رہی
– یکم جولائی 2026 سے 30 جون 2027 تک یہ شرح 12 فیصد کر دی گئی ہے
– یکم جولائی 2027 سے 30 جون 2028 تک یہ 14 فیصد ہو جائے گی
– یکم جولائی 2028 سے 30 جون 2029 تک 16 فیصد نافذ ہوگی
– اس کے بعد ملک بھر کی عمومی قومی شرح، یعنی 18 فیصد، لاگو ہو جائے گی
اس وقت جولائی 2026 سے نافذ العمل مرحلے کے تحت سابق فاٹا اور پاٹا میں صنعتی درآمدات اور صنعتی سپلائیز پر 12 فیصد سیلز ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، بشرطیکہ پارلیمنٹ مستقبل میں اس شیڈول میں کوئی تبدیلی نہ کرے۔
“ظالمانہ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں”
باڑہ تاجر یونین کے صدر سید آیاز وزیر نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا: “پچھلے پچیس سال سے فاٹا اور پاٹا دہشت گردی کا شکار ہیں اور موجودہ وقت میں بھی نصف سے زیادہ علاقوں کے لوگ بے گھر ہیں، جبکہ کئی مقامات پر امن کے قیام کے لیے فوجی آپریشن اب بھی جاری ہے۔”
ان کے بقول امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث برسوں تجارتی مراکز بند رہے، جس سے مقامی معاشی نظام تباہ ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بحالی کے جو وعدے کیے تھے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا گیا، اور اس پر مزید ٹیکس نافذ کرنے کا فیصلہ “کسی صورت قبول نہیں”۔ سید آیاز وزیر نے مزید کہا:
“فاٹا انضمام کے ساتھ این ایف سی ایوارڈ میں حصہ اور آپریشن سے متاثرہ معیشت کی بحالی کے وعدے کیے گئے تھے، تاہم ان میں سے کسی ایک پر بھی عمل درآمد نہیں ہوا۔ باڑہ میں دس ہزار دکانیں ہیں جنہیں کئی سال بند رہنے کے بعد مقامی تاجروں نے زیورات بیچ کر، قرض لے کر اور مختلف مسائل کے باوجود دوبارہ کھولا، لیکن کسی سرکاری ادارے نے ان کی مدد نہیں کی۔”
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کم از کم فاٹا اور پاٹا میں مزید دس سال تک ٹیکس چھوٹ برقرار رکھی جائے اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
قبائلی اضلاع کے صنعتکار حاجی شیرین آفریدی کا کہنا ہے کہ مذکورہ اضلاع میں پہلے سے موجود صنعتیں انتہائی بدحالی کا شکار ہیں، اور ٹیکس کے نفاذ سے نہ صرف مسائل میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی آبادی سے ان کے کمائی کا اہم ذریعہ بھی چھن جائے گا۔ انہوں نے وضاحت کی: “کچھ صنعتوں سے ٹیکس وصول کرنا حکام کے لیے بہت آسان ہے، کیونکہ ان کا خام مال کراچی بندرگاہ کے ذریعے درآمد ہو کر جب پشاور کے قریب اضاخیل ڈرائی پورٹ سے اٹھایا جاتا ہے تو وہاں تمام ٹیکس ادا کرنا پڑتے ہیں، اور پھر تیار مال مارکیٹ میں فروخت کرتے وقت کسٹم حکام دوبارہ آسانی سے ٹیکس وصول کر لیتے ہیں۔”
حاجی شیرین کے مطابق کراچی بندرگاہ پر خام مال کی درآمد اور اس پر تمام ٹیکسوں کی ادائیگی کے بعد ضم اضلاع میں مصنوعات تیار کرنا خاصا مہنگا پڑتا ہے، جس کے باعث مقامی صنعتکار کراچی اور لاہور کے صنعتکاروں کا مقابلہ نہیں کر سکتے اور بالآخر انہیں اپنا کاروبار کسی بڑے شہر منتقل کرنا پڑے گا۔ ان کے بقول ٹیکس کے نفاذ سے سابق فاٹا اور پاٹا میں عام آدمی سے لے کر تمام شعبوں پر بھاری بوجھ پڑے گا، کیونکہ مقامی آبادی کی اکثریت پہلے سے فائلر بھی نہیں اور اب انہیں یکسر نئے ٹیکس نظام میں شامل کیا جا رہا ہے۔
ٹیکس چھوٹ کا غلط استعمال ہو رہا تھا: حکومت
وفاقی حکومت کا مؤقف ہے کہ سابقہ ٹیکس استثنیٰ کا بڑے پیمانے پر غلط استعمال کیا جا رہا تھا۔ حکومتی دستاویزات کے مطابق رعایتی بنیادوں پر درآمد کیا جانے والا خام مال اور تیار شدہ مصنوعات قبائلی علاقوں سے باہر فروخت کی جا رہی تھیں، جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا تھا اور دیگر علاقوں کی صنعتوں کو غیر مساوی مسابقت کا سامنا تھا۔ اسی بنیاد پر حکومت نے ٹیکس نظام کو مرحلہ وار معمول پر لانے کا فیصلہ کیا۔
اسی پالیسی کے تحت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سابق فاٹا اور پاٹا کے لیے درآمد کیے جانے والے رعایتی خام مال اور دیگر اشیاء کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس اور خصوصی مانیٹرنگ نظام نافذ کر دیا ہے، تاکہ ٹیکس چھوٹ کے غلط استعمال کا سدِ باب کیا جا سکے۔
ماہرینِ معیشت کے مطابق اس فیصلے سے ایک طرف قومی محصولات میں اضافہ اور ٹیکس نظام میں یکسانیت متوقع ہے، تو دوسری طرف قبائلی اضلاع میں قائم ماربل، اسٹیل، پلاسٹک، فوڈ پروسیسنگ، فلور ملز، بیوریجز اور ٹیکسٹائل سمیت دیگر چھوٹی صنعتوں پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔
پارلیمنٹ سے سڑکوں تک احتجاج
قومی اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے رکن اور ضلع خیبر سے منتخب رکنِ قومی اسمبلی محمد اقبال آفریدی نے دعویٰ کیا کہ پچھلے بجٹ میں جب فاٹا اور پاٹا میں چھ فیصد ٹیکس کے نفاذ کی بات ہوئی تھی تو شدید مزاحمت کے بعد مرکزی حکومت کو یہ فیصلہ واپس لینے پر مجبور کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا: “جان بوجھ کر بجٹ اجلاس میں میری شرکت پر پابندی لگائی گئی، کیونکہ برسرِ اقتدار جماعتوں کو معلوم تھا کہ میں فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس کے حوالے سے کسی بھی اقدام کو ہونے نہیں دوں گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کا عمل ابھی عبوری دور سے گزر رہا ہے، اس لیے یہاں کسی قسم کے نئے ٹیکس کا فیصلہ قابلِ قبول نہیں، خصوصاً ایسی صورت میں جب لوگ شدید بدامنی، نقل مکانی اور معاشی بحران کا شکار ہوں۔ ان کے بقول اس فیصلے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
جماعتِ اسلامی خیبرپختونخوا (شمالی) کے امیر اور سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے اعلان کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں انکم ٹیکس اور کسٹم ایکٹ کے نفاذ کے خلاف جماعتِ اسلامی عوامی رابطہ مہم شروع کرے گی۔ ان کے مطابق آئندہ تین ماہ تک “ٹیکس نامنظور” کے عنوان سے ہر تحصیل میں احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فنانس بل کے ذریعے ملاکنڈ ڈویژن تک انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کا دائرہ کار بڑھایا گیا ہے، جس کی ذمہ داری حکومت میں شامل جماعتوں پر عائد ہوتی ہے۔ ان کے بقول ملاکنڈ ڈویژن کی معاشی پسماندگی، کم شرحِ خواندگی اور غربت کے پیشِ نظر نئے ٹیکسوں کا نفاذ عوام پر اضافی بوجھ ثابت ہوگا۔
سابق وفاقی وزیر حمید اللہ جان آفریدی نے ایف بی آر کے اس الزام کو یکسر مسترد کر دیا کہ ٹیکس چھوٹ کا غلط استعمال کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا: “اگر پنجاب یا سندھ کا کوئی تاجر ان علاقوں میں آ کر ٹیکس چھوٹ کا غلط استعمال کر رہا ہے تو اس کی روک تھام متعلقہ ادارے کی ذمہ داری ہے، نہ کہ اس بنیاد پر غریب عوام پر ظالمانہ ٹیکس نافذ کیا جائے۔”
انہوں نے فاٹا کے انضمام کے فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں حصہ دینے اور بدامنی سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے جو وعدے کیے گئے تھے، کسی حکومت نے ان پر عمل نہیں کیا اور علاقے کی بنیادی محرومیوں کا ازالہ تاحال نہیں ہو سکا۔
کچھ رعایتیں بدستور برقرار
دوسری جانب وفاقی حکومت نے بعض رعایتیں برقرار بھی رکھی ہیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق سابق فاٹا اور پاٹا میں گھریلو، تجارتی اور صنعتی بجلی صارفین کو مخصوص مدت تک سیلز ٹیکس سے استثنیٰ دیا گیا ہے، جبکہ بعض انکم ٹیکس مراعات بھی عبوری بنیادوں پر برقرار رکھی گئی ہیں تاکہ مقامی معیشت کو اچانک جھٹکا نہ لگے۔
فاٹا (وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقے) اور پاٹا (صوبائی حکومت کے زیرِ انتظام قبائلی علاقے) پاکستان کے وہ علاقے تھے جنہیں آئین کے سابق آرٹیکل 247 کے تحت خصوصی آئینی اور انتظامی حیثیت حاصل تھی۔ سابق فاٹا میں باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کی سات قبائلی ایجنسیاں شامل تھیں، جبکہ فرنٹیئر ریجن (ایف آر) پشاور، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان بھی اس کا حصہ تھے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کے پاٹا میں سوات، ملاکنڈ، شانگلہ، بونیر، اپر دیر، لوئر دیر، اپر چترال، لوئر چترال، اپر کوہستان، لوئر کوہستان اور کولائی پالس کوہستان سمیت دیگر علاقے شامل تھے۔
فاٹا براہِ راست وفاقی حکومت کے زیرِ انتظام تھا، جبکہ پاٹا صوبائی حکومت کے ماتحت ہونے کے باوجود خصوصی آئینی انتظام سے مستفید ہوتا تھا۔ ان علاقوں میں طویل عرصے تک عام پاکستانی قوانین اور ٹیکس نظام مکمل طور پر نافذ نہیں تھے، بلکہ صدرِ پاکستان یا متعلقہ صوبے کے گورنر کی منظوری سے قوانین کا اطلاق کیا جاتا تھا۔ معاشی پسماندگی، دشوار گزار جغرافیہ، کمزور بنیادی ڈھانچے اور دہشت گردی سے ہونے والے نقصانات کے پیشِ نظر وفاقی حکومت نے صنعتوں، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور بعض کسٹم ڈیوٹیوں میں خصوصی رعایتیں دے رکھی تھیں۔
31 مئی 2018 کو آئین کی 25ویں ترمیم کے ذریعے سابق فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کر دیا گیا، جس کے بعد وہاں قومی اور صوبائی قوانین مرحلہ وار نافذ کیے گئے۔ حکومت نے مقامی معیشت کو سہارا دینے کے لیے ٹیکس مراعات فوری طور پر ختم کرنے کے بجائے کئی برس تک برقرار رکھیں، تاہم حالیہ مالیاتی اصلاحات کے تحت ان رعایتوں کو مرحلہ وار ختم کرتے ہوئے سابق فاٹا اور پاٹا میں عمومی قومی ٹیکس نظام رائج کیا جا رہا ہے۔
اس دوران کئی علاقوں میں ٹیکس کے نفاذ کے خلاف تاجر یونینز اور سیاسی جماعتوں نے مشاورتی اجلاسوں اور احتجاجی مظاہروں کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے، جس سے آنے والے مہینوں میں صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا امکان ہے۔
