15 جولائی 2026

رپورٹ: محمّد دانیال


پشاور: افغانستان سے تعلق رکھنے والے اجمل خان گزشتہ 14 سال سے پشاور میں کباڑ کا کاروبار کر رہے ہیں۔ ان کے گودام میں لوہا، پلاسٹک اور دیگر استعمال شدہ سامان کی خرید و فروخت ہوتی ہے، جس سے کئی خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ مگر افغان شہریوں کی واپسی سے متعلق حکومتی پالیسی اور حالیہ کارروائیوں نے ان کے مستقبل پر غیر یقینی کے سائے ڈال دیے ہیں۔

اجمل خان کہتے ہیں کہ انہوں نے برسوں کی محنت سے یہ کاروبار کھڑا کیا ہے، اور اب سب کچھ چھوڑ کر افغانستان جانا ان کے لیے انتہائی مشکل ہے۔ “میرا گودام اور کاروبار لاکھوں روپے مالیت کا ہے، مگر اس وقت کوئی بھی اس کی اصل قیمت دینے کو تیار نہیں،” وہ افسردہ لہجے میں بتاتے ہیں۔

“لوگ جانتے ہیں کہ ہم مجبور ہیں، اس لیے ہمارے گودام اور سامان کو اونے پونے داموں خریدنا چاہتے ہیں۔ ہم اپنی عمر بھر کی کمائی اس طرح کیسے بیچ دیں؟” اجمل خان سوال کرتے ہیں۔

اجمل خان بتاتے ہیں کہ ان کا خاندان تقریباً 40 سال قبل پاکستان آیا تھا، جب ویزے اور پاسپورٹ کا موجودہ نظام رائج نہیں تھا اور افغان شہریوں کو یہاں رہنے کی اجازت حاصل تھی۔ “اس وقت کوئی دستاویز مانگنے والا نہیں تھا، آج دستاویزات بنوانا بھی جوئے شیر لانے کے برابر ہو گیا ہے،” ان کا کہنا ہے۔ ان کے مطابق 10 جولائی سے کارروائیاں شروع ہونے کے بعد انہیں ہر وقت گرفتاری اور ملک بدری کا خوف لاحق رہتا ہے۔ “مجھے صرف اپنے رہنے کی جگہ کی فکر نہیں، مجھے فکر اس کاروبار کی ہے جو میں نے برسوں کی محنت سے کھڑا کیا۔ اگر یہ ضائع ہو گیا تو دوبارہ شروعات کہاں سے کروں گا؟” اجمل خان کہتے ہیں۔

اجمل کے گودام میں مزدوری کرنے والے افغان شہری ملنگ جان بھی اسی بے یقینی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے: “میرے بچے سرکاری اسکول میں پڑھتے ہیں، مگر اب ہمیں کہا جا رہا ہے کہ انہیں اسکول نہ بھیجا جائے۔ میرے بچے خود افغانستان جانے کو تیار نہیں، کیونکہ ان کی پڑھائی یہاں چل رہی ہے اور واپسی کی صورت میں یہ ادھوری رہ جائے گی۔”

ملنگ جان روزانہ کی مزدوری کرکے اپنے خاندان کا خرچ چلاتے ہیں۔ “میرے پاس اتنی رقم نہیں کہ افغانستان واپس جاؤں، سامان وہاں منتقل کروں یا گاڑی کرائے پر لوں۔ روز کما کر روز کھانے والا آدمی اتنا بڑا سفر کیسے کرے؟” وہ سوال کرتے ہیں۔ ملنگ جان کا مطالبہ ہے کہ “پاکستان اور افغانستان کو باہمی مذاکرات کے ذریعے ایسا حل نکالنا چاہیے تاکہ برسوں سے یہاں آباد افغان شہری اچانک بے گھر نہ ہوں۔”

سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ سیف محب کاکا خیل کے مطابق قانون افغان شہریوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ “اگر کسی افغان شہری کو ہراساں کیا جا رہا ہو، اس کی جائیداد یا کاروبار زبردستی یا دباؤ کے تحت اونے پونے داموں خریدنے کی کوشش کی جا رہی ہو، یا اس کے ملکیتی حقوق متاثر ہو رہے ہوں، تو وہ عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔ عدالت متاثرہ شخص کی جائیداد اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے مناسب احکامات جاری کر سکتی ہے،” ایڈووکیٹ کاکا خیل بتاتے ہیں۔

تاہم وہ خبردار کرتے ہیں کہ عملی طور پر صورتحال مختلف ہے: “موجودہ حالات میں افغان مہاجرین کو متعدد قانونی پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔ بہت سے افراد اپنی مجبوری کے باعث اپنی جائیدادیں اور کاروبار اصل قیمت سے کہیں کم پر فروخت کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ بعض لوگ اس صورتحال سے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں، جو قانونی اور اخلاقی طور پر ہرگز درست نہیں۔”

دوسری جانب وفاقی حکومت کی ہدایات کے تحت 10 جولائی 2026 سے بغیر مؤثر ویزے کے پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کے خلاف خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ سرکاری اور بین الاقوامی اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2023 سے اب تک 24 لاکھ سے زائد افغان شہری پاکستان چھوڑ چکے ہیں۔

کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسے افغان شہری، جنہوں نے کئی دہائیوں سے پاکستان میں کاروبار، جائیداد اور روزگار قائم کیا، ان کے اثاثوں اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے واضح اور منصفانہ حکمتِ عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ وہ اپنی مجبوری کے باعث عمر بھر کی جمع پونجی سے محروم نہ ہو جائیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here