18 جولائ 2026
رپورٹ: اعتزاز ابراہیم
لاہور کے علاقے ویلنشیا ٹاؤن میں گزشتہ روز ایک رہائشی مکان سے خاتون اور ان کے تین بچوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد پولیس نے شک کی بنیاد پر بچوں کے والد کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ علینہ، 16 سالہ ریحان، 11 سالہ ارشیہ اور 9 سالہ ارسل کے نام سے ہوئی ہے۔ چاروں افراد ایک ہی خاندان کے رکن تھے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی ہلاکت مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے کے باعث ہوئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ ابتدائی شواہد سے بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ چاروں افراد کو زہر دے کر قتل کیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ابھی یہ تصدیق نہیں ہوئی کہ زہر کس نے دیا یا آیا کھانا پہلے سے ہی زہریلا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حتمی حقائق پوسٹ مارٹم، فرانزک رپورٹس اور کھانے کے نمونوں کے کیمیائی تجزیے کی رپورٹس موصول ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔
پولیس نے ابتدائی تفتیش کے دوران گھر کے سربراہ ناصر ڈوگر کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان کے بیانات میں تضاد پایا گیا، جس کی بنیاد پر انہیں تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ والد نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ گھر سے باہر سامان کی خریداری کے لئے گیا تھا اور گھر موجود نہیں تھا۔
اطلاعات کے مطابق یہ خاندان امریکہ میں مقیم تھا اور امریکی شہریت بھی رکھتا تھا ۔ یکم جولائی کو لاہور واپس آیا تھا۔ بچے امریکہ میں پیدا ہوئے تھے جبکہ والد کا آبائی تعلق سیالکوٹ کی تحصیل پسرور سے بتایا جاتا ہے۔
پولیس نے واقعہ کا مقدمہ اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے جس میں قتل کی دفعہ 302 شامل کی گئی ہے۔
بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشتدد اور اموات کے واقعات:
دوسری جانب بچوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم ساحل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سال 2025 کے دوران بچوں کے ساتھ تشدد اور جنسی زیادتی کے کم از کم 3,630 واقعات رپورٹ ہوئے، جو 2024 کے مقابلے میں آٹھ فیصد زیادہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ اعداد و شمار ملک بھر کے 81 قومی، علاقائی اور مقامی اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں اور تنظیم کو موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ صرف رپورٹ ہونے والے واقعات ہیں، جبکہ ایسے متعدد کیسز بھی ہو سکتے ہیں جو کبھی رپورٹ ہی نہیں ہوتے، اس لیے اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
ساحل کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر رپورٹ ہونے والے 3,630 متاثرہ بچوں میں 1,924 لڑکیاں، یعنی 53 فیصد، جبکہ 1,625 لڑکے، یعنی 45 فیصد شامل تھے.