21 جولائی 2026

رپورٹ: اسلام گل


لنڈی کوتل

پاکستان سے افغانستان واپس جانے والے افغان مہاجرین کی تعداد میں 10 جولائی کی ڈیڈ لائن کے بعد نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پاک افغان سرحد کے قریب لنڈی کوتل میں قائم ہولڈنگ کیمپ میں روزانہ چار سے پانچ ہزار افغان شہری ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد طورخم کے راستے افغانستان بھیجے جا رہے ہیں، جبکہ اس مرکز میں روزانہ کی بنیاد پر صرف دو ہزار افراد کو سہولت فراہم کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

خیبر پختونخوا میں قائم مہاجرین کے انخلا کے چھ سے سات مراکز میں لنڈی کوتل کا ہولڈنگ کیمپ سب سے زیادہ مصروف ہے، جہاں روز بروز رش بڑھتا جا رہا ہے۔ کیمپ میں موجود مہاجرین کا کہنا ہے کہ ٹوکن کے حصول کے لیے انہیں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے، جبکہ شدید گرمی، پینے کے صاف پانی، خوراک، سائے اور دیگر بنیادی سہولیات کا فقدان اُن کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔

“کھلے آسمان تلے خواتین، بچے اور بوڑھے اپنی باری کے منتظر ہیں”

عبدالمجید کا تعلق افغانستان کے صوبہ لوگر سے ہے۔ وہ لاہور میں اپنا کاروبار کرتے تھے، تاہم گزشتہ کئی دنوں سے پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی کارروائیوں میں اضافے کے باعث وہ مجبور ہو کر رات گئے اپنے خاندان کے ساتھ لاہور سے لنڈی کوتل پہنچے، لیکن کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ابھی تک انہیں ٹوکن جاری نہیں کیا گیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پوری کارروائی کا عمل انتہائی سست رفتار ہے جبکہ باہر شدید گرمی میں سائے کا کوئی انتظام موجود نہیں۔

“یہاں کھلے آسمان تلے خواتین، بچے، بوڑھے اور خصوصی افراد اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں، لیکن وقت کا کوئی اندازہ نہیں ہوتا۔ یہاں پینے کے پانی، گرمی سے بچاؤ کے لیے سائے اور واش روم جیسی بنیادی سہولیات تک موجود نہیں۔ ایک طرف پاکستان میں قیام ناممکن بنا دیا گیا اور دوسری طرف واپسی کے عمل میں حائل رکاوٹوں نے مہاجرین کے مسائل میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ واپس جانے والے مہاجرین کو سہولیات فراہم کی جائیں،” عبدالمجید نے وائس پی کے کو بتایا۔

افغان مہاجرین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے انخلا کے عمل کو سخت کیے جانے کے بعد گرفتاری اور دیگر قانونی کارروائیوں کے خوف سے بڑی تعداد میں خاندان واپس افغانستان جانے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق مختلف شہروں میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی کارروائیوں میں بھی تیزی آئی ہے۔

تین ماہ قید کے بعد سولہ سالہ نوجوان کی وطن واپسی

تین ماہ قید میں گزارنے کے بعد سولہ سالہ سید محمد اپنے ہمسایوں کے ساتھ خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور سے افغانستان جانے کے لیے لنڈی کوتل کیمپ پہنچے۔ اُنہوں نے بتایا کہ اُن کے والد اور بھائی گاڑیوں کی خرید و فروخت کا کام کرتے تھے، جبکہ وہ خود میٹرک کی تعلیم کے ساتھ ساتھ موبائل رپیئرنگ کا کورس بھی کر رہے تھے کہ پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ قید کے دوران اُن کے خاندان کے تمام افراد افغانستان جا چکے تھے۔

“پولیس نے میرے والد اور بھائیوں کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو میں نے انہیں گرفتاری سے بچایا، جس پر پولیس نے مجھے گرفتار کر کے چار دن تک ایک خفیہ مقام پر رکھا تاکہ گھر والوں کو پتا نہ چلے۔ بعد میں مجھ پر پرچہ کاٹ دیا گیا۔ مجھے امید تھی کہ جلد رہا ہو کر اپنے خاندان کے ساتھ افغانستان چلا جاؤں گا، لیکن مجھے تین ماہ سخت مشقت کے ساتھ جیل میں گزارنے پڑے۔ مجھے نہیں معلوم کہ حکام مجھے ان ہمسایوں کے ساتھ افغانستان جانے کی اجازت دیں گے یا نہیں، جبکہ میں نے کبھی افغانستان دیکھا ہی نہیں اور نہ میرا اپنے خاندان سے کوئی رابطہ ہے کہ وہ افغانستان میں کہاں ہیں،” سید محمد نے بتایا۔

ایک اور افغان مہاجر سید محمد آغا نے بتایا کہ پاکستان میں اب تک کافی اچھا وقت گزرا، لیکن اب مسائل بڑھ گئے ہیں۔ “چیک پوسٹوں پر پوچھ گچھ اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اس لیے ہم نے فیصلہ کیا کہ افغانستان جا کر سکون سے رہیں گے۔ مرکز میں پانی، کھانے اور سائے کا انتظام ہونا چاہیے تاکہ مسائل کم ہو سکیں۔”

حکومتی ہدایات اور کرپشن کے الزامات پر کارروائی

صوبائی حکومت نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں پولیس کو سختی سے ہدایت کی گئی تھی کہ افغان مہاجرین پر مقدمات درج نہ کیے جائیں اور گرفتاری کی صورت میں انہیں براہ راست ہولڈنگ کیمپ لا کر تمام کارروائی مکمل کرنے کے بعد افغانستان منتقل کیا جائے۔ بیان میں رشوت کی وصولی سے متعلق شکایات سامنے آنے کی صورت میں پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا تھا۔ حال ہی میں سی سی پی او پشاور نے تھانہ لنڈی کوتل کے ایس ایچ او اور ایک پولیس اہلکار کو افغان مہاجرین سے رشوت وصول کرنے کے الزام میں معطل کر دیا۔

تجارتی راستوں کی بندش پر صوبائی حکومت کی تشویش

دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کے انخلا کا فیصلہ وفاقی حکومت کی پالیسی کے تحت کیا جا رہا ہے، تاہم صوبائی حکومت نے افغانستان کے ساتھ گزشتہ نو ماہ سے بند تجارتی راستوں کے باعث پیدا ہونے والے معاشی اثرات اور سرحدی تجارت میں تعطل پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

صوبائی وزیرِ اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے کردار ادا کر سکتا ہے، اور بھارت کے ساتھ تجارت شروع کرنے کے حوالے سے بھی بیانات سامنے آ رہے ہیں، لیکن مسلمان ہمسایہ ملک افغانستان کے ساتھ گزشتہ نو ماہ سے تمام تجارتی راستے اور لوگوں کی آمد و رفت بند ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ درآمدات اور برآمدات سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچ رہا تھا، تاہم تجارت کی بندش سے سب سے زیادہ نقصان خیبر پختونخوا کے عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ اُن کے مطابق تجارتی راستے کھولنے کے لیے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا نے مرکزی حکومت کو کئی بار تحریری طور پر اقدامات اٹھانے کی درخواست کی، تاہم اس ضمن میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی اور اگر پاکستان میں مسلح مداخلت ہو رہی ہے تو اس کا سدباب ضروری ہے۔

روزانہ ہزاروں افراد کی واپسی، سہولیات ناکافی

ضلعی انتظامیہ کے مطابق 10 جولائی کے بعد افغان مہاجرین کی واپسی میں نمایاں تیزی آئی ہے اور لنڈی کوتل ہولڈنگ کیمپ سے چار ہزار سے زائد، جبکہ باقی مراکز سے چھ سے سات ہزار افراد روزانہ طورخم بارڈر کے راستے افغانستان جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ لنڈی کوتل ہولڈنگ کیمپ میں روزانہ تقریباً دو ہزار افراد کو سہولیات فراہم کرنے کی گنجائش موجود ہے، لیکن اکثر یہاں آنے والوں کی تعداد پانچ ہزار سے بھی تجاوز کر جاتی ہے، جس کے باعث مہاجرین کو طویل انتظار، شدید گرمی اور دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

عبداللہ اپنے خاندان کے ساتھ گزشتہ رات چترال سے لنڈی کوتل پہنچے، تاہم اب تک انہیں اندراج کے لیے ٹوکن جاری نہیں کیا گیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے جگہ جگہ سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر پوچھ گچھ اور گرفتاریوں میں اضافہ ہوا ہے۔ “پاکستان میں مزید زندگی گزارنا مشکل ہو گیا تھا اور یہاں بھی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ مجبوراً اپنے ملک واپس جا رہے ہیں، تاہم وہاں گھر بار کچھ نہیں اور اپنے مستقبل کے بارے میں بھی کچھ معلوم نہیں۔”

صوبے میں چھ مراکز — اضاخیل نوشہرہ، ناگمان پشاور، ناصر باغ پشاور، کوہاٹ، لنڈی کوتل، اور پشاور میں دو موبائل وینز — کام کر رہے ہیں۔ ضلع خیبر کے حکام کے مطابق تمام مراکز ایسے مقامات پر قائم کیے گئے ہیں جہاں مہاجرین کی تعداد زیادہ ہو یا اُن کے راستے وہاں سے گزرتے ہوں، تاہم بدقسمتی سے بڑی تعداد میں لوگ لنڈی کوتل ہی پہنچتے ہیں، جس کے باعث یہاں رش بڑھ جاتا ہے۔ حکام کے مطابق لنڈی کوتل مرکز میں نادرا کے چوبیس کاؤنٹرز قائم ہیں جن میں روزانہ دو ہزار افراد کو سہولت فراہم کرنے کی گنجائش ہے، تاہم موجودہ وقت میں یہ تعداد روزانہ پانچ ہزار سے بھی بڑھ جاتی ہے۔

ستمبر 2023 سے پاکستان کی جانب سے غیرقانونی اور غیر دستاویزی افغان شہریوں کی وطن واپسی کا عمل شروع ہونے کے بعد اب تک تقریباً 25 لاکھ 7 ہزار افغان مہاجرین اور دیگر افغان شہری اپنے ملک واپس جا چکے ہیں۔ ان میں رضاکارانہ طور پر واپس جانے والے افراد کے علاوہ وہ افغان شہری بھی شامل ہیں جنہیں پاکستانی حکومت کی واپسی کی پالیسی کے تحت واپس بھیجا گیا۔ اقوامِ متحدہ اور عالمی ادارہ برائے مہاجرت (IOM) کے مطابق یہ واپسی کا عمل مسلسل جاری ہے، جبکہ آئندہ مہینوں میں مزید لاکھوں افغان شہریوں کی پاکستان سے افغانستان واپسی متوقع ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here