22 جولائی 2026

رپورٹ:

فوزیہ کلثوم رانا


اسلام آباد: معروف صحافی اور اینکر پرسن منیزے جہانگیر نے اپنے یوٹیوب چینل “منیزے جہانگیر آفیشل” پر پاکستان نیوی کے سابق افسر، ایران میں سابق نیول ایئر اتاشی اور مکران کوسٹ پر خدمات انجام دینے والے ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل سید فیصل علی شاہ سے ایران، امریکہ کشیدگی، آبنائے ہرمز، باب المندب اور خطے کی مجموعی عسکری و معاشی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔

ایرانی بنیادی ڈھانچے اور پلوں پر بمباری کے اثرات

پروگرام کے دوران منیزے جہانگیر نے سوال کیا کہ امریکہ کی جانب سے بندر خمیر کے ریلوے اسٹیشن، ایران شہر ایئرپورٹ اور ساحلی علاقوں میں پلوں کو نشانہ بنانے کا مقصد کیا ہے۔

اس کے جواب میں ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل سید فیصل علی شاہ نے کہا کہ پلوں پر بمباری کا بنیادی مقصد سویلین آبادی کو مشکلات سے دوچار کرنا اور ایرانی عوام کے “ول ٹو فائٹ” یعنی لڑنے کے عزم کو کمزور کرنا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ایران میں سڑک اور ریل کے ذریعے اندرون ملک سفر بہت زیادہ ہوتا ہے، اس لیے ان حملوں سے عوامی نقل و حرکت اور سفری سہولتیں ضرور متاثر ہوں گی، تاہم فوجی رسد پر اس کے اثرات محدود رہیں گے۔

ان کے مطابق ایران کا عسکری نظام تقریباً 31 سے 32 سیکٹرز میں تقسیم ہے اور انتہائی غیر مرکزیت پر مبنی انداز میں کام کرتا ہے۔ ہر سیکٹر میں لاجسٹک سپورٹ اور ضروری سامان پہلے سے ذخیرہ کیا جاتا ہے، اس لیے سپلائی لائنز مکمل طور پر متاثر نہیں ہوتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی جغرافیائی ساخت کے باعث گاڑیوں کی رفتار ضرور کم ہو سکتی ہے، مگر نقل و حرکت مکمل طور پر معطل نہیں کی جا سکتی۔

قشم آئی لینڈ اور آبنائے ہرمز کی جغرافیائی اہمیت

قشم آئی لینڈ پر ہونے والے امریکی حملوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں ریئر ایڈمرل فیصل علی شاہ نے کہا کہ قشم آئی لینڈ آبنائے ہرمز میں واقع ایک انتہائی اہم جزیرہ ہے، جہاں ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) کے مضبوط اڈے، میزائل بیٹریاں اور اسپیڈ بوٹس موجود ہیں۔

ان کے مطابق جب تک اس جزیرے پر ایران کا کنٹرول برقرار ہے، آبنائے ہرمز کو اس کے اثر و رسوخ سے نکالنا ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور خلیج عمان تینوں آبی گزرگاہوں کا شمالی ساحل مکمل طور پر ایران کے زیر اثر ہے، جبکہ جنوبی جانب عمان، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، قطر، سعودی عرب اور عراق واقع ہیں۔

ان کے مطابق یہی جغرافیہ ایران کو اس پورے خطے میں ایک مضبوط اور غالب عسکری پوزیشن فراہم کرتا ہے۔

اگر امریکہ ایران میں زمینی فوج اتارتا ہے

اس سوال پر کہ اگر امریکہ ایران میں زمینی فوج اتارتا ہے تو کیا صورتحال ہو سکتی ہے، ریئر ایڈمرل فیصل علی شاہ نے کہا کہ ایسا اقدام امریکہ کے لیے ایک تباہ کن عسکری مہم ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کا رقبہ پاکستان سے تقریباً دوگنا ہے اور اس کی وسیع و دشوار گزار جغرافیائی ساخت کسی بھی بیرونی فوج کو طویل جنگ میں الجھا کر اس کی صلاحیت ختم کرنے کی استعداد رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ اگرچہ امریکہ کے تقریباً 50 ہزار فوجی میدان میں موجود ہو سکتے ہیں، لیکن ایران کے پاس انتہائی منظم دفاعی ڈھانچہ موجود ہے، جس میں ریگولر آرمی کے علاوہ تقریباً دو کروڑ افراد پر مشتمل بسیج فورس اور ایک کروڑ اضافی رضاکار شامل ہیں۔

ان کے مطابق بسیج فورس بنیادی طور پر حکومت کی “آئز اینڈ ایئرز” کے طور پر کام کرتی ہے، یعنی وہ معلومات فراہم کرنے اور معاونت کا کردار ادا کرتی ہے، جبکہ اس کے ارکان کو تعلیمی اور دیگر مراعات بھی دی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ کے 50 ہزار فوجی ایرانی سرزمین پر داخل ہوتے ہیں تو وہ 3 سے 3 کروڑ 50 لاکھ افراد پر مشتمل اس متحرک افرادی قوت کے درمیان پھنس کر رہ جائیں گے۔

جزائر کی جنگ اور امریکی افواج کی مشکلات

جزائر پر جنگ کے امکان پر گفتگو کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل فیصل علی شاہ نے کہا کہ اگر امریکہ خارگ آئی لینڈ جیسے کسی جزیرے پر قبضہ کر بھی لے تو وہاں ایرانی راکٹوں، ڈرونز اور میزائلوں کی موجودگی میں امریکی فوج “سٹنگ ڈک” بن جائے گی اور طویل عرصے تک اپنی موجودگی برقرار نہیں رکھ سکے گی۔

کیا امریکی بمباری ایران کی دفاعی صلاحیت ختم کر سکتی ہے؟

اس سوال کے جواب میں ریئر ایڈمرل فیصل علی شاہ نے کہا کہ جدید جنگوں کا بنیادی اصول اب “لو کاسٹ، نان کانٹیکٹ وارفیئر” بن چکا ہے، یعنی کم لاگت اور براہ راست تصادم کے بغیر جنگ۔

ان کے مطابق ایران اسی حکمت عملی پر عمل کر رہا ہے۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایران کا ایک ڈرون تقریباً 10 ہزار ڈالر میں تیار ہوتا ہے، جبکہ اسے تباہ کرنے کے لیے امریکہ کو تقریباً 40 لاکھ ڈالر مالیت کا انٹرسیپٹر میزائل استعمال کرنا پڑتا ہے۔

ان کے مطابق 10 ہزار ڈالر بمقابلہ 40 لاکھ ڈالر کا یہ معاشی فرق طویل جنگ میں ایران کے حق میں جاتا ہے، کیونکہ امریکہ کا دفاعی ذخیرہ نسبتاً تیزی سے ختم ہوتا ہے، جس کے باعث اسے وقفے لینے پڑتے ہیں، جبکہ ایران نسبتاً کم لاگت کے ساتھ اپنی کارروائیاں جاری رکھ سکتا ہے۔

عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل پر جنگ کے اثرات

گفتگو کے دوران عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل پر جنگ کے ممکنہ اثرات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ریئر ایڈمرل فیصل علی شاہ کے مطابق دنیا کی تقریباً 20 فیصد توانائی کی ترسیل آبنائے ہرمز سے ہوتی ہے، جبکہ باب المندب سے تقریباً 15 فیصد عالمی توانائی گزرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر یمن کے حوثی باب المندب کو بند کر دیتے ہیں اور آبنائے ہرمز بھی متاثر ہوتی ہے تو دنیا کے تقریباً 35 فیصد توانائی کے وسائل کی ترسیل مفلوج ہو سکتی ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ دو سال قبل بھی حوثیوں کی دھمکیوں کے بعد، امریکی اور برطانوی بحری تحفظ کے باوجود متعدد شپنگ کمپنیوں نے بحیرہ احمر کا راستہ چھوڑ کر افریقہ کے گرد طویل بحری راستہ اختیار کیا تھا، جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹیشن اور انشورنس کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا۔

پاکستان پر ممکنہ اثرات

پاکستان پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے ریئر ایڈمرل فیصل علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کی 90 فیصد سے زائد بحری تجارت اور تقریباً 80 فیصد تیل و گیس کی درآمدات انہی بحری راستوں سے ہوتی ہیں۔

ان کے مطابق اگر یہ چوک پوائنٹس بند ہو جاتے ہیں تو پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی کی ایک نئی لہر جنم لے گی۔

6 جولائی کو تین بحری جہازوں پر ایرانی حملہ اور ایم او یو کی معطلی

6 جولائی کو تین بحری جہازوں پر ایرانی حملے اور ایم او یو کی معطلی سے متعلق سوال کے جواب میں ریئر ایڈمرل فیصل علی شاہ نے کہا کہ اس معاملے میں دونوں فریقوں کی جانب سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایم او یو کے پوائنٹ نمبر 5 کے تحت ایران کی ذمہ داری تھی کہ وہ خلیج عمان اور خلیج فارس کے درمیان سفر کرنے والے بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

ان کے مطابق ایران کا مؤقف یہ تھا کہ جب بحری سلامتی کی ذمہ داری اس کے پاس ہے تو آبنائے ہرمز کا مؤثر کنٹرول بھی اسی کے پاس ہونا چاہیے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے بحری جہازوں کو ایرانی ساحلی راستے کے بجائے عمانی راستے سے گزرنے کی ترغیب دی۔

ان کے مطابق ایران نے اپنے کنٹرول کا اظہار کرنے کے لیے روایتی طور پر “شاٹ ایکراس دی باؤز” یعنی جہاز کے سامنے انتباہی فائر کرنے کے بجائے براہ راست میزائل داغ دیا، جسے انہوں نے ایران کی غلطی قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین کا وقت تھا اور ایران کے اندر شدید جذباتی اور انتقامی ماحول پایا جا رہا تھا۔ ان کے مطابق ایران کے اس اقدام کے بعد امریکہ نے غیر متناسب جوابی کارروائی کی۔

آبنائے ہرمز پر سروس چارجز، UNCLOS اور ایران کا مؤقف

ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر سروس چارجز یا ٹول ٹیکس عائد کرنے کے اعلان پر ریئر ایڈمرل فیصل علی شاہ نے کہا کہ امریکی سینیٹر مارکو روبیو جس اقوام متحدہ کے قانون برائے سمندر (UNCLOS) کا حوالہ دیتے ہیں، اس پر نہ امریکہ نے دستخط کیے ہیں اور نہ ہی ایران نے، اس لیے ان کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک پر لاگو نہیں ہوتا۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ بھی اپنی بعض سمندری گزرگاہوں پر ٹول ٹیکس وصول کرتا ہے۔

آبنائے ملاکا اور ایران پر بین الاقوامی دباؤ

انڈونیشیا اور ملائیشیا کی جانب سے آبنائے ملاکا پر ٹول ٹیکس عائد کرنے کی آوازوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ بحث بین الاقوامی سطح پر ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے اٹھائی گئی تھی۔

ان کے مطابق ایران اس سروس چارج کو بطور “لیوریج” استعمال کر رہا ہے تاکہ اپنے منجمد اثاثے بحال کروا سکے اور بین الاقوامی پابندیوں میں نرمی حاصل کر سکے۔

آبنائے ہرمز کا مستقبل

ریئر ایڈمرل فیصل علی شاہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال کے بعد یہ آبی گزرگاہ 28 فروری سے پہلے والی حیثیت برقرار نہیں رکھ سکے گی۔

ان کے مطابق مستقبل میں اس کی عالمی اہمیت نسبتاً کم ہو گی، کیونکہ مختلف ممالک متبادل پائپ لائنز، بحری راستوں اور توانائی کی ترسیل کے نئے ذرائع تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔

امریکی حکمت عملی، چین اور مشرق وسطیٰ

گفتگو کے دوران ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل سید فیصل علی شاہ نے امریکی قومی سلامتی پالیسی، چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور مشرق وسطیٰ میں امریکہ کی طویل المدتی حکمت عملی پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے امریکی قومی سلامتی پالیسی (نومبر 2025) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا بنیادی مقصد مشرق وسطیٰ کی اہم آبی گزرگاہوں اور تیل و گیس کے وسائل پر اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھنا ہے تاکہ وہ چین پر دباؤ برقرار رکھ سکے، کیونکہ چین کی تقریباً 33 فیصد توانائی کی ضروریات اسی خطے سے پوری ہوتی ہیں۔

ان کے مطابق امریکہ نے وینزویلا کے بعد اپنی توجہ اس خطے پر مرکوز کی تاکہ چین پر معاشی اور تزویراتی دباؤ بڑھایا جا سکے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اس جنگ میں اس حد تک الجھ چکا ہے کہ اس کی عالمی ساکھ اور سیاسی اثر و رسوخ متاثر ہو رہا ہے۔

”بوگی مین“ کے طور پر ایران

ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل سید فیصل علی شاہ نے ایک اہم تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کبھی بھی موجودہ ایرانی حکومت کو مکمل طور پر ختم نہیں کرے گا، کیونکہ خطے میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے، اسلحہ فروخت کرنے اور پیٹرو ڈالر کے نظام کو قائم رکھنے کے لیے اسے ایران جیسے ایک مستقل خطرے کی ضرورت ہے۔

ان کے مطابق امریکہ ایک ایسا ایران چاہتا ہے جو خطے میں خطرے کی علامت بنا رہے تاکہ خلیجی ممالک اپنی سلامتی کے لیے مسلسل امریکہ پر انحصار کرتے رہیں۔

گوادر، بلوچستان اور ”سینٹر آف گریوٹی“

گفتگو کے اختتام پر گوادر اور بلوچستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل سید فیصل علی شاہ نے ملٹری اسٹریٹجی کے اصول “Center of Gravity” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر بلوچستان کا مسئلہ حل کرنا ہے تو مقامی آبادی کی محرومیوں کا ازالہ کر کے ان کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔

انہوں نے تجویز دی کہ اگر مقامی لوگ ریاست کے ساتھ کھڑے ہو جائیں اور ایران کی بسیج فورس کی طرز پر ریاست کی “آئز اینڈ ایئرز” بن جائیں تو شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتی ہیں۔

تاہم اس موقع پر اینکر پرسن منیزے جہانگیر نے اس تجویز پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ماڈل اختیار کیا گیا تو خدشہ ہے کہ لوگ ایک دوسرے کے خلاف شکایات کرنے لگیں گے، جس سے معاشرے میں بداعتمادی اور باہمی کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق بہتر یہی ہے کہ ایسے مخبری کے کلچر کو فروغ نہ دیا جائے۔

پروگرام کے آخر میں انہوں نے اپنے ناظرین سے آزاد صحافت کی حمایت کرنے اور اپنے یوٹیوب چینل کی معاونت کی بھی اپیل کی۔ ان کے ذاتی یوٹیوب چینل “منیزے جہانگیر آفیشل” پر یہ دوسرا پوڈکاسٹ تھا۔

https://www.youtube.com/@munizaejofficial

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here