23 جولائی 2026
رپورٹ: اعتزاز ابراہیم
قصور کے تھانہ صدر کے علاقے دولے والا میں مکان خالی کرانے کے تنازع پر 32 سالہ بیوہ خاتون کو مبینہ طور پر اس کے دو دیوروں نے چھریوں کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر کے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ دونوں ملزمان واقعے کے بعد فرار ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق مقتولہ کی شناخت 32 سالہ آسیہ بانو، زوجہ مرحوم محمد عامر، کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مکان خالی کرانے کے تنازع پر مقتولہ کے دیور صدام اور فیصل نے مبینہ طور پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور چھریوں سے متعدد وار کیے۔ شدید زخم آنے کے باعث آسیہ بانو موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
تھانہ صدر قصور پولیس نے مقتولہ کی والدہ بلقیس اختر کی درخواست پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس احکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ آسیہ بانو اپنے شوہر کی وفات کے بعد اپنے تین بچوں کے ہمراہ سسرال میں رہائش پذیر تھی۔ اور شوہر کے انتقال کے بعد مقتولہ کے دیور صدام اور فیصل مبینہ طور پر اس پر مسلسل دباؤ ڈالتے تھے کہ وہ اپنے والدین کے گھر واپس چلی جائے اور مکان خالی کر دے۔ اس دوران اسے تشدد کا بھی سامنا رہتا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق 22 جولائی کو دیور صدام اور فیصل نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور اس پر چھریوں کے متعدد وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد دونوں نامزد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
مقتولہ کی والدہ بلقیس اختر نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کی بیٹی کو اس کے دیور صدام اور فیصل نے قتل کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آسیہ بانو کے شوہر کا پہلے ہی انتقال ہو چکا تھا اور وہ اپنے تین کم سن بچوں کی کفالت کر رہی تھی۔ مقتولہ کے پسماندگان میں آٹھ اور سات سال عمر کے دو بیٹے جبکہ دو سالہ ایک بیٹی شامل ہیں۔ بلقیس اختر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دلواتے ہوئے انصاف فراہم کیا جائے۔
خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم:
خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات ملک میں بدستور ایک سنگین سماجی مسئلہ ہیں۔ سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) کی 2025 میں جاری کردہ ایک فیکٹ شیٹ کے مطابق پنجاب میں رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران خواتین کے خلاف تشدد، قتل، گھریلو تشدد، زیادتی، اغوا، ہراسگی اور صنفی بنیاد پر دیگر جرائم کے 15 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے۔ تنظیم کے مطابق یہ اعداد و شمار پنجاب پولیس سے رائٹ ٹو انفارمیشن قانون کے تحت حاصل کیے گئے ہیں اور رپورٹ میں خواتین کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات اور فوری انصاف کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔