24 جولائی 2026

رپورٹ: شوکت کورائی

کراچی


کراچی میں نادرا کے چار ملازمین کی پراسرار گمشدگی کا معمہ اُس وقت حل ہوا جب ایف آئی اے نے اُن کی گرفتاری کا اعلان کر دیا۔ گرفتار ہونے والوں میں معروف صحافی سہیل سانگی کے صاحبزادے اور نادرا کے ملازم فیاض احمد بھی شامل ہیں۔

سہیل سانگی کے مطابق فیاض احمد کو 20 جولائی کو اُن کے دفتر کے باہر سے اٹھایا گیا تھا۔ اس واقعے پر 21 جولائی کو گل بہار تھانے میں سہیل سانگی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ اگلے ہی روز، 22 جولائی کو ایف آئی اے نے ایک پریس ریلیز جاری کر کے اُن کی گرفتاری کی تصدیق کر دی۔

واضح رہے کہ صرف نادرا کے ملازمین ہی لاپتا نہیں ہوئے، پاکستان میں سینکڑوں افراد تاحال گمشدہ ہیں، جن کا کوئی سراغ نہیں مل سکا اور اُن کے اہلِ خانہ آج بھی عدالتوں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔

جمعرات کے روز ایف آئی اے نے نادرا کے چاروں ملازمین کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے مزید تفتیش کے لیے انہیں دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ ایف آئی اے نے مقدمے میں غیر ملکیوں کے جعلی شناختی کارڈ بنانے کا الزام عائد کیا ہے، تاہم ملزمان اس الزام سے مکمل انکاری ہیں۔

قانون کی پرواہ ہی نہیں کی گئی: وکیل

نادرا ملازمین کے وکیل نے وائس پی کے کو بتایا: “یہ بات واضح ہے کہ تمام افراد 24 گھنٹے سے زائد عرصہ ایف آئی اے کی تحویل میں رہے۔ قانون کے مطابق انہیں 24 گھنٹوں کے اندر عدالت میں پیش کرنا لازمی تھا، لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ انہیں قانون کی کوئی پرواہ نہیں تھی۔ اِن حقائق کے پیشِ نظر اُن کا ریمانڈ بھی نہیں بنتا تھا۔”

وکیل کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی اے کے پاس اب تک الزام کے سوا کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں: “ہم نے سماعت کے دوران جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور عدالت کو بتایا کہ فیاض احمد کو مقررہ قانونی طریقہ کار کے برعکس حراست میں رکھا گیا، لیکن عدالت نے ہماری استدعا تسلیم نہیں کی۔”

یہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے: صحافی سہیل سانگی

سہیل سانگی کا مؤقف ہے کہ اگر نادرا ملازمین کے خلاف کوئی شکایت یا بے ضابطگی موجود تھی تو قانون کے مطابق پہلے محکمانہ انکوائری کی جانی چاہیے تھی، نہ کہ انہیں اس انداز میں حراست میں لیا جاتا۔ اُن کے بقول: “یہ طریقہ کار بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ قانون میں ایک طے شدہ طریقہ کار موجود ہے جسے مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا۔ پہلے اُسے اٹھایا گیا، اُس کی گاڑی سڑک پر چھوڑ دی گئی، گھر والوں کو کچھ پتا نہیں تھا، ہمیں بعد میں اندازہ ہوا کہ کچھ غلط ہو چکا ہے۔ اس کے بعد جو پریس ریلیز جاری ہوئی اُس میں بھی اُسے دہشت گردوں کے ساتھ جوڑنے کا تاثر دیا گیا، جو انتہائی غیر مناسب ہے۔”

سہیل سانگی نے مزید بتایا کہ اس کے بعد سوشل میڈیا پر منظم طریقے سے اُن کے بیٹے کی کردار کشی کروائی گئی، جسے انہوں نے قابلِ مذمت قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ عدالت میں بھی ایف آئی اے ٹھوس شواہد پیش نہیں کر سکی۔

صحافی کو نشانہ بنانے کی کوشش: ایچ آر سی پی رکن ڈاکٹر توصیف احمد

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے رکن ڈاکٹر توصیف احمد نے فیاض احمد کی گرفتاری کے طریقہ کار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “اس واقعے کے ذریعے دراصل صحافی سہیل سانگی اور فیاض کے بھائی ریاض سہیل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے، کیونکہ وہ ایسی صحافت نہیں کرتے جو ہدایات پر مبنی ہو۔ پاکستان میں مقامی میڈیا کو تو اشتہارات کے ذریعے کنٹرول کر لیا جاتا ہے، لیکن عالمی میڈیا کو اس طرح کنٹرول نہیں کیا جا سکتا، اس بے بسی کا حل انہوں نے جس انداز میں نکالا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ملک پہلے ہی مشکل حالات سے گزر رہا ہے، ایسے میں معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانا انتہائی تشویش ناک امر ہے۔”

ڈاکٹر توصیف احمد نے مزید کہا: “سہیل سانگی سینئر صحافی ہیں اور ہمیشہ نوجوان صحافیوں کو صحافت کا درست راستہ دکھاتے ہیں۔ میرے خیال میں یہی وجہ ہے کہ پہلے اُن کے بیٹے کو لاپتا کیا گیا اور پھر اُس کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔”

اگلی سماعت 25 جولائی کو

گرفتار تمام ملزمان کو 25 جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ عدالت نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ تفتیش میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here