29 جولائی 2026
رپورٹ: عبدالرزاق
مردان: افغانستان کے صوبہ پکتیا سے تعلق رکھنے والی صائمہ بی بی اُن افغان طالبات میں شامل ہیں جنہوں نے پاکستان میں تعلیم مکمل کر کے اپنے خاندان اور ملک کی خدمت کا خواب دیکھا تھا۔ مگر افغان شہریوں کی وطن واپسی سے متعلق پاکستانی حکومت کی پالیسی نافذ ہونے کے بعد اُن کا یہ خواب اب غیر یقینی کا شکار ہو چکا ہے۔
صائمہ بی بی نے وائس پی کے کو بتایا: “میرا مقصد یہ تھا کہ پاکستان میں اپنی تعلیم مکمل کر کے اپنے ملک واپس جاؤں اور وہاں اپنے لوگوں کی خدمت کروں۔ لیکن بدقسمتی سے میری تعلیم ادھوری رہ گئی، اور اب مجھے ڈر ہے کہ میرے سارے خواب ادھورے نہ رہ جائیں۔ یہ صرف میری کہانی نہیں، بہت سی دوسری لڑکیوں کے ساتھ بھی یہی ہو رہا ہے۔ میری بہنیں اور کزنز بھی یہاں تعلیم حاصل کر رہی تھیں، مگر اُن کی تعلیم بھی بیچ میں ہی رک گئی۔”
پاکستان گزشتہ چار دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرتا آ رہا ہے۔ اکتوبر 2023 میں حکومت نے غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا منصوبہ شروع کیا تھا، جس کے تحت افغان شہریوں کی واپسی کا سلسلہ مرحلہ وار جاری ہے۔ حکومتی مؤقف کے مطابق یہ اقدام ملکی قوانین، قومی سلامتی اور امیگریشن نظام پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ کی 27 تاریخ کو طورخم بارڈر کے راستے 2,483 افغان شہری وطن واپس گئے۔ اسی طرح، ستمبر 2023 سے مارچ 2025 کے درمیان کم از کم 4 لاکھ 70 ہزار افغان مہاجرین اپنے ملک لوٹ چکے ہیں۔
صائمہ کے چچا سعید خان احمدزئی کہتے ہیں: “ہم پہلے ہی اپنے وطن واپس جانا چاہتے تھے، لیکن یہاں تعلیم کا نظام بہتر تھا اور سہولتیں بھی میسر تھیں۔ اسی وجہ سے ہم واپس نہیں جا سکے۔ صرف بچوں کی تعلیم کی خاطر ہم نے حکومتی احکامات پر عمل درآمد میں تاخیر کی، مگر افسوس کہ اُن کی تعلیم کا خواب بھی ادھورا رہ گیا۔”

اگست 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے افغانستان معاشی بحران، بے روزگاری اور لڑکیوں کی تعلیم پر پابندیوں جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ یہی عوامل بہت سے افغان مہاجرین کے لیے وطن واپسی کو ایک مشکل فیصلہ بنا رہے ہیں۔

سعید خان احمدزئی مزید بتاتے ہیں: “یہاں روزگار کے بہتر مواقع تھے، لوگ کام کر کے اپنے خاندان کا خرچ چلاتے اور باعزت زندگی گزارتے تھے۔ لیکن افغانستان میں اس وقت بے روزگاری کی شرح بہت زیادہ ہے، جو سب جانتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ واپس نہیں جانا چاہتے۔”
صائمہ بی بی کی اپیل
“دنیا بھر میں لڑکیوں کی تعلیم کو بہت اہمیت دی جاتی ہے، اس لیے میری طالبان سے درخواست ہے کہ اگر وہ اپنے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں دیکھنا چاہتے ہیں تو لڑکیوں کی تعلیم پر عائد پابندیاں ختم کر دیں۔ اسی طرح میری پاکستانی حکومت سے بھی درخواست ہے کہ یہاں زیرِ تعلیم افغان طلبہ و طالبات کے لیے ویزا کے حصول اور توسیع میں آسانیاں پیدا کی جائیں، تاکہ وہ اپنی تعلیم مکمل کر کے اپنے خواب پورے کر سکیں اور انسانیت کی خدمت کر سکیں۔”

واضح رہے کہ طالبان نے افغانستان میں خواتین کے نجی شعبے میں کام کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، جبکہ چھٹی جماعت سے اوپر سکولوں، جامعات اور طبی تعلیمی اداروں میں بھی لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی نافذ ہے۔ طالبان حکام کا مؤقف ہے کہ یہ پابندیاں مناسب تعلیمی ماحول اور متعلقہ پالیسی و طریقۂ کار مرتب ہونے تک عائد کی گئی ہیں۔
