31 جولائی 2026

رپورٹ: کامران حمید


فیصل آباد میں تیزاب گردی کے ایک اور واقعے نے ظلم و بربریت کی نئی داستان رقم کر دی۔ تھانہ روشن والا کے علاقے چک 253 ر۔ب میں ملزم حیدر علی نے اپنے ہی سسرال کے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کی زد میں آ کر ملزم کی ملزم کی سالی ثناء بی بی زخمی ہو گئی۔ اس کے بعد ملزم نے تیزاب پھینک کر سالی ثناء بی بی اور اس کی دو سالہ بیٹی کو بھی شدید زخمی کر دیا۔ دونوں زخمی الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں زیرِ علاج ہیں جہاں ڈاکٹرز ان کے علاج میں مصروف ہیں۔

ملزم حیدر علی کی بیوی سونیہ بی بی جھگڑے کے بعد اپنے والدین کے گھر، تھانہ روشن والا کے علاقے چک 253 ر۔ب میں آئی ہوئی تھی، جہاں اہلخانہ رات کو چھت پر سوئے ہوئے تھے۔ اسی دوران ملزم حیدر علی زبردستی گھر میں داخل ہوا اور پستول سے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے ٹانگ پر گولی لگنے سے ثناء بی بی زخمی ہو گئی۔ فائرنگ کے بعد ملزم نے تیزاب بھی پھینک دیا، جس کے نتیجے میں اسکی سالی ثناء بی بی اور اس کی دو سالہ بیٹی کنزہ بری طرح جھلس کر زخمی ہو گئیں۔

اس ظالمانہ فعل پر ملزم حیدر علی کی اپنی بیوی سونیہ بی بی نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر نے ان کی بہن پر تیزاب پھینکا۔ سونیہ بی بی نے بتایا کہ ملزم پہلے بھی ان پر ظلم کرتا رہا ہے اور اب اس نے ان کی بہن کو بھی نہیں بخشا، جو اس وقت شدید تکلیف میں مبتلا ہے۔

متاثرہ خاندان کی وزیراعلیٰ سے اپیل

متاثرہ خاتون ثناء بی بی کے چچا رانا رمضان نے اس سانحے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل کی۔ ان کے مطابق ثناء بی بی کی آنکھیں شدید متاثر ہوئیں اور اب بالکل کام نہیں کر رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ثناء بی بی کی دو سالہ بیٹی کنزہ کا چہرہ بھی بری طرح جھلس گیا۔ چچا نے وزیراعلیٰ مریم نواز اور متعلقہ تھانے سے مطالبہ کیا کہ ملزم کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی اس طرح کی جرات نہ کر سکے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ضلعی پولیس کے ترجمان اے ایس آئی محمد طارق کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا اور ملزم کو فوری طور پر گرفتار بھی کر لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن “نیور اگین” کے تحت خواتین کو ہراساں کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی، جبکہ تیزاب گردی جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پولیس افسران کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی

سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین کا کہنا تھا کہ تیزاب گردی کے واقعے کو انتہائی حساسیت کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے اور کسی بھی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس حکام نے متاثرہ خاندان کو یقین دہانی کروائی ہے کہ تمام ممکنہ اقدامات کرتے ہوئے ملزم کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی اور اسے دوسرے افراد کے لیے نشانِ عبرت بنایا جائے گا۔

اس واقعے پر ماہر قانون دان مناہل چوہدری ایڈووکیٹ نے بتایا کہ تیزاب پھینکنا پاکستان میں ایک نہایت سنگین جرم ہے، جس کی سزا موت کی سزا، عمر قید، اور بیک وقت جرمانہ بھی ہو سکتی ہے۔ یہ جرم پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 336-اے اور 336-بی کے تحت آتا ہے۔ ان کے مطابق اگر تیزاب چہرے پر ڈالنے یا جسم کے کسی حصے کے ناکارہ ہو جانے کی وجہ سے کسی کی موت واقع ہو جائے تو دفعہ 302 بھی لاگو ہو جاتی ہے۔

مناہل چوہدری نے بتایا کہ حال ہی میں سپریم کورٹ نے بھی ایک اہم فیصلہ دیا ہے کہ اگر تیزاب سے کسی کا جسم جھلس جائے تو یہ جرم قتل سے بھی زیادہ سنگین تصور کیا جائے گا، کیونکہ قتل میں انسان ایک بار مرتا ہے، جبکہ تیزاب سے متاثرہ شخص روز مرتا اور روز جیتا ہے۔ ان کے مطابق متاثرہ فریق ملزم کو معاف کر سکتا ہے، لیکن قانون مجرم کو معاف نہیں کرے گا — سزا ملے گی ہی ملے گی۔

انہوں نے پولیس کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھلے عام تیزاب فروخت کرنے والے دکانداروں کو روکا جانا چاہیے، خصوصاً نوجوانوں کو تیزاب کی فروخت مکمل طور پر بند کی جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کسی کے سامنے ایسا واقعہ پیش آئے تو متاثرہ شخص کو فوراً پانی کے نیچے لے جانا چاہیے تاکہ تیزاب کا اثر کم ہو اور جسم کا نقصان کم سے کم رہے۔

خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔ تیزاب گردی صرف ایک فرد پر نہیں بلکہ پوری انسانیت پر حملہ ہے، جس کے سدباب کے لیے مجرموں کو کڑی سے کڑی سزا کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here