04 اگست 2027

سٹاف رپورٹ


کبل دھماکے کا ننھا شہید گیارہ سالہ ایان خان اور اسکا ماموں معاذ، دونوں والدین کی اکلوتی نرینہ اولاد تھے ۔دوسری جماعت کا طالب علم ایان خان واقعے کے روز بال کٹوانے نکلا تو پولیس اسٹیشن کے گیٹ کے قریب تندور پر کام کرنے والے اپنے ماموں، پچیس سالہ معاذ کے ساتھ بیٹھ گیا ۔۔اس دوران خودکش حملہ آور نے دھماکہ کیا اور ماموں، بھانجا دونوں اس خودکش حملے کی نذر ہو گئے ۔

ایان خان کے نانا گلاب خان نے وائس پی کے کو بتایا کہ ، معاذ میرا اکلوتا بیٹا تھا، اور ایک نواسہ، جس کی عمر دس، گیارہ سال تھی، وہ میری بیٹی کا بھی اکلوتا بیٹا تھا۔ میری بیٹی گزشتہ چھ، سات سال سے ہمارے پاس رہائش پذیر تھی، کیونکہ اس کا شوہر منشیات کا عادی ہے۔ اب میرا کوئی کمانے والا نہیں رہا۔ میرا بڑا بیٹا شہید ہوگیا۔ میرے دو معذور بھائی ہیں۔ میں اور میرا بیٹا تندور میں کام کرتے اور گھر کا چولہا جلتا تھا ۔ اب مردوں میں ہمارے گھر میں میرے علاو میرے دو معذور بھائی رہ گئے ہیں۔

کبل ہی کے ایک اور گھر کا ہاشم خان ،کبل پولیس اسٹیشن کے گیٹ پر خصوصی ڈیوٹی کے دوران خودکش حملے کا نشانہ بن گیا ۔اے ایس آئی ہاشم خان چار بچوں کے باپ تھے، جن میں سب سے بڑا بیٹا دسویں جماعت میں زیرِ تعلیم ہے۔ کبل سانحے نے معصوم بچوں کو والد کے سائے سے محروم کر دیا۔

اے ایس آئی ہاشم خان کے بیٹے محمد حسن خان نے بتایا، “صدمہ تو بہت پہنچا ہے، لیکن میں اپنے والد اے ایس آئی ہاشم خان کی شہادت پر فخر کرتا ہوں، کیونکہ انہوں نے اپنی جان اس قوم اور ملک کے لیے قربان کر دی۔ والد کے نہ ہونے سے مشکلات بہت ہوں گی، کیونکہ وہ گھر کے سربراہ تھے، لیکن ان کی شہادت پر مجھے اور میرے گھر والوں کو فخر ہے۔ میں بھی ملک کے لیے قربان ہونے کے لیے تیار ہوں۔

خودکش حملے میں سات پولیس اہلکاروں سمیت سترہ افراد شہید ہوئے، ہر شہید کی اپنی ایک دردناک کہانی ہے۔

انہی میں سے ایک کبل کے ڈاکٹر معاذ خان بھی شامل تھے، جو چار بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے۔

پولیس کی تحقییق کہاں تک پہنچی ۔۔۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔ آئی جی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ حملہ آور کی شناخت ہو چکی ہے اور تفتیش جاری ہے۔ “جے آئی ٹی کی تحقیق سے بہت کامیابی بھی حاصل کی ہے۔ بہت جلد ملزمان کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ شہداء کے لیے پیکج بھی دیں گے اور قوم کے دشمنوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here