5 اگست 2026
رپورٹ:اسلام گل
طورخم
پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی گزرگاہوں کی گزشتہ ۱۰ ماہ سے مسلسل بندش نے سرحدی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ اس بندش کے نتیجے میں نہ صرف پاکستان کی برآمدات اور ٹرانزٹ تجارت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے، بلکہ سرحد کی دونوں جانب ہزاروں خاندان نانِ شبینہ کے محتاج ہو چکے ہیں۔ تاجر رہنماؤں، ٹرانسپورٹرز اور محنت کشوں نے حکومت سے سرحد کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے بصورتِ دیگر اسلام آباد کی طرف احتجاجی مارچ کی دھمکی دی ہے۔
برآمدات میں تاریخی کمی
وزارتِ خزانہ کے پاکستان اکنامک سروے 2025-26 کے مطابق، جولائی تا مارچ کے دوران افغانستان—جو کبھی پاکستان کی ۱۰ بڑی برآمدی منڈیوں میں شامل تھا—کی تجارتی اہمیت شدید متاثر ہوئی۔ پاکستان کی مجموعی برآمدات میں افغانستان کا حصہ 4.3 فیصد سے گھٹ کر صرف 1.5 فیصد رہ گیا۔
تجارتی راستوں کی تبدیلی۔
پاکستان سے افغانستان کو ادویات، سیمنٹ، سریا، آٹا، چاول، چینی، پھل، سبزیاں، اور ٹیکسٹائل کی مصنوعات برآمد کی جاتی تھیں۔ گزرگاہوں کی بندش کے باعث ہزاروں مال بردار گاڑیاں اور ٹرانزٹ کنٹینرز طورخم، چمن، غلام خان، خرلاچی اور انگور اڈہ پر پھنس کر رہ گئے۔ صرف طورخم بارڈر کی ایک ماہ کی بندش سے دوطرفہ تجارت کو 45 ملین امریکی ڈالر کا نقصان پہنچا، جبکہ ۱۰ ماہ کی طویل بندش کے بعد یہ خسارہ ملکی معیشت کے لیے سنگین صورتِ حال اختیار کر چکا ہے۔
افغانستان کی چابہار کی طرف منتقلی
معاشی ماہرین کے مطابق، اس بحران کے اثرات صرف تجارتی ارقام تک محدود نہیں ہیں۔ ضلع خیبر، کرم، شمالی وزیرستان اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں ہزاروں ٹرانسپورٹرز، کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس، مزدور اور گودام مالکان بے روزگار ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب، اس بندش کا سب سے بڑا تزویراتی نقصان یہ ہوا کہ افغانستان نے اپنی بین الاقوامی تجارت کا بڑا حصہ **ایران کی چابہار بندرگاہ** اور وسطی ایشیائی ریاستوں (ازبکستان، ترکمانستان، تاجکستان) کے راستوں کی طرف منتقل کر دیا ہے، جس سے پاکستان کا علاقائی “ٹرانزٹ ہب” کا کردار بری طرح متاثر ہوا ہے۔
بارڈر پر زندگی: محنت کشوں کی زبان سے
۶۰ سالہ عزیز الرحمان برسوں سے طورخم سرحد پر مزدوری کر کے اپنے خاندان کا پیٹ پالتے رہے ہیں، لیکن گزشتہ ۱۰ ماہ سے وہ مکمل طور پر بے روزگار ہیں۔ وہ لنڈی کوتل کے باچا خان چوک میں ہونے والے ہر احتجاج میں اس امید کے ساتھ شریک ہوتے ہیں کہ شاید سرحد کھل جائے اور انہیں دوبارہ روزگار مل سکے۔
آج بھی مظاہرے میں موجود عزیز الرحمان نے اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “تمام سرحدی گزرگاہیں بند پڑی ہیں۔ ہم مزدور بے روزگار گھروں میں بیٹھے ہیں۔ گھر کے لیے سودا سلف بھی ادھار پر لاتے ہیں اور اب سر تا پا قرض میں ڈوب چکے ہیں۔ عالمی سطح پر جنگیں کہیں اور ہو رہی ہیں اور سزا ہماری پاک افغان سرحد بند کر کے ہمیں دی جا رہی ہے۔ ہمارا قصور کیا ہے؟ ہم مجبور لوگ ہیں جو روز کماتے اور روز کھاتے ہیں۔”
تاجر برادری کا ریاست سے شکوہ
سرحد کی بندش سے نچلے طبقے کے ساتھ ساتھ کسٹمز ایجنٹس اور بڑے تاجر بھی دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین معراج الدین نے واضح الفاظ میں کہا: “پاک افغان تجارت سے وابستہ ہر شخص معاشی طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ ٹرانسپورٹرز، مزدور، تاجر اور کسٹمز ایجنٹس سب کا واحد ذریعہ معاش یہی سرحد تھی۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ریاست اپنے عوام کے درد کو محسوس نہیں کر رہی۔ ریاست ہماری محافظ ہے تو پھر کیوں ۱۰ مہینوں سے عوام کو درپیش اس شدید مشقت کو کم کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا جا رہا؟ سرحد کی بندش کی بنا پر ہمارے تاجروں کے اربوں روپے پھنس چکے ہیں۔”
اسلام آباد مارچ کی دھمکی
لنڈی کوتل اور ضلع خیبر کے دیگر علاقوں میں تاجروں، سیاسی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات کا احتجاجی سلسلہ تیز ہو چکا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اس بندش سے نہ صرف مقامی روزگار ختم ہوا ہے بلکہ قومی خزانہ بھی روزانہ لاکھوں ڈالر کے ٹیکس و محصول سے محروم ہو رہا ہے۔
احتجاجی مظاہرے میں موجود تاجر رہنما شاہ جہان نے حکومت کو حتمی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے خبردار کیا: “ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ افغانستان کے ساتھ سرحدی تجارت کی فوری اور غیر مشروط بحالی کے لیے عملی اقدامات کرے۔ اگر جلد اس پر پیش رفت نہ ہوئی تو ہم پہلے خیبر پختونخوا اور بعد ازاں ملک بھر کے تمام بارڈرز سے وابستہ تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور مزدوروں کو لے کر اسلام آباد کی طرف ایک بڑا احتجاجی مارچ کریں گے۔”