11 اگست 2026

رپورٹ: حفیظ اللہ ستوری شیرانی


اسلام آباد: بلوچستان میں موبائل انٹرنیٹ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، جہاں صوبے کے کئی اہم اضلاع میں طویل عرصے سے سروس معطل ہے۔ حالیہ واقعات کے بعد کوئٹہ سمیت متعدد علاقوں میں مزید پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جبکہ پشتون بیلٹ میں آج سروس بحال کر دی گئی ہے۔

کوئٹہ میں 9 اگست سے موبائل انٹرنیٹ سروس وقتاً فوقتاً بند ہے، جبکہ ایک دن کے لیے کال سگنلز بھی معطل رہے۔ اس سے قبل 31 جنوری کو ایک کالعدم بلوچ مسلح تنظیم کی جانب سے کوئٹہ میں کیے جانے والے حملے کے بعد صبح 9 بجے موبائل انٹرنیٹ بند کر دیا گیا تھا، جو ایک ہفتے بعد بحال ہوا تھا۔

ضلع پنجگور میں 2022 سے مسلسل موبائل انٹرنیٹ بند ہے۔ ستمبر 2025 میں صرف 10 دن کے لیے سروس بحال کی گئی تھی، جس کے بعد دوبارہ پابندی عائد کر دی گئی۔ ضلع مستونگ میں گزشتہ تین سال سے موبائل انٹرنیٹ دستیاب نہیں ہے۔

ضلع سبی میں تقریباً ایک سال تک انٹرنیٹ بند رہا۔ ایک سال مکمل ہونے کے بعد تین ماہ کے لیے سروس بحال کی گئی تھی، لیکن 31 جنوری کو کالعدم بلوچ مسلح تنظیم کے حملوں کے بعد دوبارہ تین ماہ کے لیے بند کر دی گئی۔ اس کے بعد 25 دن کے لیے عارضی طور پر بحال کی گئی تھی، مگر اب دوبارہ معطل ہے۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک مقامی صحافی نے بتایا کہ “خضدار میں دو سے ڈھائی سال اور قلات میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے سروس معطل ہے،” جبکہ حب اور لسبیلہ میں 31 جنوری کے بعد صرف 9 اور 10 اگست کو انٹرنیٹ بند رہا۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اپنے آبائی علاقے بیکڑ اور ڈیرہ بگٹی میں تقریباً دو سال سے موبائل انٹرنیٹ بند ہے۔

تربت کے ایک مقامی صحافی نے بتایا کہ “تربت شہر میں لینڈ لائن پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ دستیاب ہوتا ہے، لیکن گزشتہ تین دن سے بند ہے، جبکہ تمپ میں سات سال سے اور کیچ کے دیگر علاقوں میں چھ ماہ سے سروس معطل ہے۔”

صحافی نے مزید بتایا کہ “ایران کی سرحد کے قریب علاقوں میں ایرانی انٹرنیٹ کام کرتا ہے اور مقامی لوگ ایرانی سم کارڈز استعمال کرتے ہیں۔”

دوسری جانب پشتون بیلٹ میں 31 جنوری اور 9 و 10 اگست کی عارضی معطلی کے بعد 11 اگست کو ژوب، زیارت، لورالائی، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، شیرانی، موسیٰ خیل، پشین، چمن اور قلعہ عبداللہ میں موبائل انٹرنیٹ بحال کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ مقامی صحافیوں کے مطابق ان علاقوں کے شہری ایریاز میں انٹرنیٹ نسبتاً بہتر ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں یا تو انٹرنیٹ دستیاب نہیں ہوتا یا انتہائی کمزور سگنلز کے باعث اس کا استعمال تقریباً ناممکن ہوتا ہے۔

بلوچستان کے محکمہ داخلہ کے معاونِ خصوصی بابر یوسفزئی نے میڈیا کو بتایا کہ “انٹرنیٹ سیکیورٹی خدشات کے باعث بند کیا گیا۔”

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کئی مرتبہ پریس کانفرنسز میں کہہ چکے ہیں کہ “دہشت گرد موبائل انٹرنیٹ کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں اور اس کے ذریعے متعدد حملے کرتے ہیں، اس لیے اسے بند رکھا جا رہا ہے۔”

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹرنیٹ کی اس بندش نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے۔

معروف صحافی علی رضا نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا:

“حکومتی بندش سے فرق تو پڑتا ہوا نظر نہیں آ رہا۔ بہت سارے علاقوں میں کئی سالوں سے انٹرنیٹ بند ہے اور کوئٹہ تفتان و کوئٹہ کراچی شاہراہوں پر تقریباً بند ہی ملے گا۔ لیکن اس کے باوجود ان شاہراہوں پر روز گاڑیاں جل رہی ہیں، لوگ اغوا ہو رہے ہیں اور حملے ہو رہے ہیں، یعنی تشدد بڑھتا جا رہا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انٹرنیٹ بند کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑا۔”

انہوں نے مزید کہا: “اس بندش کا متاثر عام شہری، اسٹوڈنٹ، بزنس مین اور صحافی ہے، مطلب معاشرے کا ہر طبقہ متاثر ہے۔ لوگوں سے پیغام رسانی کا ایک سستا اور تیز ذریعہ چھن گیا ہے۔ لوگ واٹس ایپ کے عادی ہو چکے ہیں اور ایس ایم ایس کوئی نہیں دیکھتا۔ ای کامرس اور آن لائن بزنس کرنے والوں کا کام بالکل بیٹھ گیا ہے۔ دور دراز شہروں، جیسے دالبندین کی فیصل کالونی، میں پی ٹی سی ایل کی کوریج نہیں ہے تو وائی فائی بھی نہیں لگایا جا سکتا۔ انٹرنیٹ بند کرنے سے مسئلے حل نہیں ہو رہے اور پتہ نہیں حکومت کے پاس اور کون سا پلان ہے۔”

دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی جون کے پہلے ہفتے سے مسلسل انٹرنیٹ معطل ہے، جبکہ مظفرآباد اور میرپور ڈویژن میں عارضی بحالی کے بعد دوبارہ بندش دیکھنے میں آئی ہے۔

اسلام آباد میں زیرِ تعلیم آزاد کشمیر کے علاقے چکار، ضلع ہٹیاں بالا، کی رہائشی طالبہ نے وائس پی کے کو بتایا:

“انٹرنیٹ تو بالکل نہیں ہے اور تقریباً یہ تیسرا مہینہ شروع ہونے والا ہے کہ انہوں نے اس کو بند کیا ہوا ہے۔ کوہالہ کراس کرنے کے بعد انٹرنیٹ کی سروس بالکل ختم ہو جاتی ہے اور کال بھی بہت مشکل سے ہوتی ہے۔ والد کی وفات کے بعد بھائیوں اور بھابھیوں سے بات نہیں ہو سکتی۔ کسی ایسے علاقے میں جہاں سروس آئے، وہاں کھڑے ہو کر بمشکل کال ہوتی ہے۔ رابطہ نہ ہونے سے مشکلات بہت زیادہ ہیں، بندہ کس کے آگے بولے کہ ہم لوگ مشکل میں ہیں!”

اسلام آباد میں نجی ٹیلی ویژن سے وابستہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے صحافی محمد فیضان نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر تجزیہ دیتے ہوئے کہا:

“آزاد کشمیر میں باقاعدہ یا فعال حکومت اور نگران سیٹ اپ نہ ہونے کی وجہ سے شدید سیاسی و انتظامی خلا ہے، جس کی وجہ سے عوامی خدشات کو دور کرنے والا کوئی واضح ترجمان موجود نہیں۔ وفاقی سطح پر امورِ کشمیر کے لیے وفاقی وزیر امیر مقام اور متعلقہ حکام ذمہ دار ہیں، اس لیے میڈیا کو انہی سے باقاعدہ موقف حاصل کرنا ہوگا۔”

محمد فیضان نے مزید کہا: “انٹرنیٹ معطلی کی وجہ سے گراؤنڈ پر ہونے والے واقعات اور ویڈیو فوٹیج کی فوری تصدیق ناممکن ہو چکی ہے، جس سے افواہیں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ بیرونِ ملک مقیم بڑی کشمیری آبادی دو ماہ سے واٹس ایپ بند ہونے کی وجہ سے اپنے اہلِ خانہ کی خیریت جاننے کے لیے شدید پریشان ہے، جبکہ مقامی سطح پر نیٹ ورک سست ہونے سے سادہ فون کالز کرنا بھی مشکل بنا ہوا ہے۔”

ہم نے امورِ کشمیر کے وفاقی وزیر امیر مقام اور ان کے پی ایس سے فون اور واٹس ایپ پر رابطہ کرنے کی کوشش کی، مگر اسٹوری مکمل ہونے تک ان کا موقف حاصل نہیں کیا جا سکا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here