17 اگست 2026
رپورٹ: اعتزاز ابراہیم
پنجاب کے ضلع راولپنڈی کے علاقے گوجرخان میں پسند کی شادی کی رنجش پر مبینہ طور پر 17 سالہ لڑکی کو اس کے بھائی نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو گرفتار کرلیا.
تفصیلات کے مطابق گوجرخان کے علاقے ایوب کیانی ٹاؤن میں 12 اگست کی رات نمرہ یاسر نامی 17 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر اس کے بھائی امیر حمزہ نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق مقتولہ نمرہ یاسر نے جنوری 2026 میں گھر سے بھاگ کر یاسر محمود نامی نوجوان سے اپنی پسند سے شادی کی تھی۔ شادی کے بعد نمرہ اپنے شوہر کے ہمراہ کراچی میں رہائش پذیر تھی۔
مقتولہ کے اہل خانہ کے مطابق نمرہ کی پسند کی شادی کے بعد خاندان میں ناراضی پائی جاتی تھی۔ نمرہ کے بھائی امیر حمزہ نے چند روز قبل نمرہ اور اس کے شوہر یاسر محمود کو کراچی سے گوجرخان واپس بلایا تھا۔ دونوں نے گوجرخان کے علاقے ایوب کیانی ٹاؤن میں ایک مکان کرائے پر حاصل کیا اور وہاں رہائش اختیار کرلی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق 12 اگست کی رات تقریباً ساڑھے 8 بجے مقتولہ کے والد منیر احمد شاہ اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ہمراہ نمرہ سے ملنے ایوب کیانی ٹاؤن میں واقع اس کے گھر پہنچے۔ گھر کے قریب پہنچنے پر انہیں اندر سے شور شرابے کی آوازیں سنائی دیں۔
ایف آئی آر کے مطابق گھر کے اندر داخل ہونے پر امیر حمزہ کو نمرہ کے ساتھ مبینہ طور پر مارپیٹ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اسی دوران امیر حمزہ نے اپنے پاس موجود پستول نکالا اور مبینہ طور پر نمرہ پر فائر کردیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں گولی نمرہ کے سینے کے دائیں جانب لگی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی۔ فائر لگنے کے بعد نمرہ موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ فائرنگ کے ملزم امیر حمزہ موقع سے فرار ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ پولیس نے مقتولہ کی لاش کا ظاہری معائنہ کرنے کے بعد اسے پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتال منتقل کیا، جہاں لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔
مقتولہ کے والد منیر احمد شاہ نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی نے تقریباً آٹھ ماہ قبل گھر سے بھاگ کر اپنی مرضی سے شادی کی تھی۔ ان کے مطابق نمرہ نے اپنے خاندان کی مرضی کے خلاف شادی کی تھی اور اس کے شوہر کا تعلق سید خاندان سے مختلف برادری سے تھا۔
منیر احمد شاہ کے مطابق وہ خود سید خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور نمرہ کی شادی کے بعد خاندان کو مبینہ طور پر سماجی دباؤ اور لوگوں کے طعنوں کا سامنا کرنا پڑتا
تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی معاملے پر گھر میں ناراضی اور رنجش موجود تھی۔
مقتولہ کے والد نے بتایا کہ ان کے بیٹے امیر حمزہ نے غصے میں آکر مبینہ طور پر یہ انتہائی قدم اٹھایا، تاہم انہیں اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ ان کا بیٹا نمرہ کو قتل کردے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امیر حمزہ بدھ کے روز نمرہ اور اس کے شوہر کو کراچی سے گوجرخان واپس لایا تھا۔ اس وقت انہیں محسوس ہورہا تھا کہ شاید امیر حمزہ انہیں واپس اس لیے لایا ہے تاکہ خاندان کے درمیان صلح ہوسکے اور معاملہ حل کیا جاسکے، تاہم ان کے مطابق بعد میں افسوسناک واقعہ پیش آگیا۔
منیر احمد شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی بیٹی کے قتل پر شدید افسوس ہے اور انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ معاملہ اس حد تک پہنچ جائے گا۔
واقعے کے بعد مقتولہ کے والد منیر احمد شاہ کی مدعیت میں تھانہ گوجرخان میں نامزد ملزم امیر حمزہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر میں قتل سے متعلق
دفعہ 302 جبکہ غیرت کے نام پر قتل سے متعلق دفعہ 311 تعزیرات پاکستان شامل کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی گئی اور پولیس نے گزشتہ رات نامزد ملزم امیر حمزہ کو حراست میں لے لیا۔