19 اگست 2026

رپورٹ: عبدالرزاق

مردان


ضلع مردان کے گاؤں گارو شاہ کی رہائشی شبینہ بی بی کے 14 سالہ بیٹے نعمان کو گزشتہ ماہ ایک پڑوسی نے مبینہ طور پر گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق قتل کی وجہ محض یہ رنجش بنی کہ نعمان نے ملزم سے دوستی کرنے سے انکار کیا تھا۔

وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے شبینہ بی بی نے واقعے کی تفصیل بیان کی:”وہ ہمارے پڑوسی ہیں۔ انہوں نے شام کے وقت میرے بیٹے کو اپنے ساتھ لے گئے اور بعد میں اسے بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنا کر گولی مار کر قتل کر دیا۔ وہ گرفتار ہو چکے ہیں اور یہی میرے بیٹے کے قاتل ہیں۔”

اگرچہ ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں، تاہم متاثرہ خاندان کو خدشہ ہے کہ عدالتی پیچیدگیوں کے باعث وہ رہا ہو کر خاندان اور دیگر بچوں کے لیے دوبارہ خطرہ بن سکتے ہیں۔ شبینہ بی بی کے مطابق ملزمان آج بھی خاندان کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ “مجھے خوف ہے کہ اگر وہ رہا ہو گئے تو میرے بیٹوں، بیٹیوں، شوہر اور پڑوسیوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔ وہ آج بھی ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں، جس کی وجہ سے ہم مسلسل خوف اور عذاب کی زندگی گزار رہے ہیں۔”

شبینہ بی بی نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو جلد از جلد سزا دی جائے: “میری درخواست ہے کہ انہیں جلد از جلد سزا دی جائے، کیونکہ میرے چھوٹے بیٹے پر بہت ظلم کیا گیا۔”

مردان پولیس کے مطابق سال 2026 کے جنوری سے جولائی کے دوران ضلع مردان میں بچوں کے خلاف جرائم کے 60 مقدمات درج کیے گئے، جن میں سے بیشتر نامزد ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق ان مقدمات میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے 46 واقعات، بچیوں کے ساتھ ریپ کے آٹھ اور قتل کے چھ واقعات شامل ہیں۔

بچوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم ساحل کے مطابق ملک بھر میں جنوری سے جون کے دوران بچوں پر تشدد اور استحصال کے 1,914 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں 58 فیصد لڑکیاں اور 42 فیصد لڑکے متاثر ہوئے ہیں۔ تنظیم کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اسی عرصے کے دوران اوسطاً روزانہ 11 بچے کسی نہ کسی نوعیت کے تشدد یا استحصال کا نشانہ بنے۔

حقوقِ اطفال کے کارکن عمران ٹکر نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بچوں کے تحفظ کے لیے قوانین اور ادارے تو قائم کر رکھے ہیں، مگر وسائل کی کمی کے باعث جرائم کی روک تھام میں ناکام ہو رہی ہے۔ ان کے بقول: “کمیونٹی، اداروں اور ریاست کا زیادہ فوکس پریونشن اور ریسپانس پر نہیں ہے، جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم تمام سٹیک ہولڈرز کو یکجا کر دیں اور بیداری پر زیادہ فوکس کریں، بچوں کو بیدار کریں، والدین کو بیدار کریں، اساتذہ کو بیدار کریں اور یہ پیغام ہر گھر تک پہنچائیں کہ آپ کے بچوں کو کب، کہاں، کس سے اور کس نوعیت کے خطرات ہیں۔”

خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کے ایڈیشنل چیف محمد اعجاز خان نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے بچوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی ہے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے ٹرائل کی مقررہ مدت بھی طے کی گئی ہے، جس کے تحت مقدمہ چار ماہ میں مکمل کرنا لازمی ہے۔ ان کے بقول،”ٹرائل کی ایک مقررہ مدت ہے، جس کے تحت اسے چار ماہ میں مکمل کرنا ہوتا ہے، اور یہ ایک قانونی مدت ہے۔ اس حوالے سے ہماری کوشش ہے کہ پراسیکیوشن بھی ہمارے ساتھ ہو اور کیسز پر تیزی سے کام کیا جائے۔ چونکہ اس عمل میں مختلف اسٹیک ہولڈرز شامل ہوتے ہیں، جب کوئی کیس عدالت میں جاتا ہے تو اس میں وکلا شامل ہوتے ہیں اور عدالت کا اپنا ایک کردار ہوتا ہے۔ تاہم، ہماری توجہ اس بات پر ہے کہ بچوں کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے۔”

خیبر پختونخوا حکومت نے قانون کے تحت آٹھ چائلڈ پروٹیکشن کورٹس نوٹیفائی کی ہیں، جبکہ پشاور ہائی کورٹ نے صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو چائلڈ پروٹیکشن کورٹس کا اختیار بھی تفویض کر دیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here