21 اگست 2026

رپورٹ: سید زاہد عثمان

پشاور


آج دنیا بھر میں دہشت گردی کے متاثرین کی یاد میں عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ پاکستان میں اس دن کی اہمیت آرمی پبلک اسکول پشاور کے سانحے کے باعث مزید بڑھ جاتی ہے، جہاں 147 افراد شہید ہوئے، جن میں بیشتر طلبہ تھے۔ گیارہ سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود متاثرہ والدین سیکیورٹی ناکامیوں کے ذمہ داروں کے تعین اور جوابدہی کے منتظر ہیں۔

16 دسمبر 2014ء۔۔۔ پاکستان کی تاریخ کا وہ دن جس نے پورے ملک کو سوگ میں ڈبو دیا۔ پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں 147 افراد شہید ہوئے، جن میں بڑی تعداد معصوم طلبہ کی تھی۔ آج اس سانحے کو گیارہ سال سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے، لیکن شہداء کے والدین کے دلوں میں ایک سوال آج بھی زندہ ہے: ان کے بچوں کے قتل کی ذمہ داری صرف حملہ آوروں پر عائد ہوتی ہے، یا اس سانحے کے پیچھے سکیورٹی کی وہ ناکامیاں بھی ذمہ دار ہیں جنہوں نے دہشت گردوں کو اسکول تک پہنچنے کا موقع دیا؟

دہشتگردوں کو سزائیں، لیکن والدین کے سوالات برقرار

سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد ریاست نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کیں، متعدد دہشت گرد گرفتار ہوئے، کئی کو عدالتوں سے سزائیں ملیں اور بعض کو پھانسی بھی دی گئی۔

لیکن شہداء کے والدین کا مؤقف ابتدا ہی سے واضح رہا کہ صرف حملہ آوروں کو سزا دینا مکمل انصاف نہیں۔ ان کا سوال تھا کہ انتہائی حساس علاقے اور سخت سکیورٹی والے اسکول میں دہشت گرد آخر پہنچے کیسے؟ اسکول کی سکیورٹی میں کہاں کوتاہی ہوئی؟ دہشت گردوں کو مقامی سطح پر کس نے سہولت فراہم کی؟ اور اگر سکیورٹی میں غفلت ہوئی تو اس کے ذمہ داروں کا تعین کیوں نہیں کیا گیا؟

یہ سوالات وقت کے ساتھ ختم نہیں ہوئے، بلکہ ہر گزرتے سال کے ساتھ مزید گہرے ہوتے گئے۔

جوڈیشل کمیشن رپورٹ اور عملدرآمد

شہید آرمی پبلک اسکول کے نویں جماعت کے طالب علم اسفند خان کی والدہ شاہانہ بی بی نے بتایا کہ انصاف کے حصول کے لیے انہوں نے عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ ابتدا میں پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی اور سانحے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔ ان کے مطابق جب چیف جسٹس ثاقب نثار پشاور آئے اور انہیں اس کا علم ہوا تو وہ باقی والدین کے ساتھ اپنی فریاد لے کر پہنچ گئیں۔ شہید اسفند کی والدہ کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا: “یہ کیسا ظلم ہے کہ آپ کو آج تک انصاف نہیں ملا۔” اسی موقع پر والدین کی درخواست پر سپریم کورٹ نے 2018 میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا حکم دیا۔

پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس محمد ابراہیم خان کی سربراہی میں قائم ایک رکنی جوڈیشل کمیشن نے سانحے کی تحقیقات کیں۔ کمیشن نے شہداء کے والدین، زخمی طلبہ، پولیس اہلکاروں، سکیورٹی حکام اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات ریکارڈ کیے۔ جسٹس ابراہیم خان کمیشن کی رپورٹ تقریباً 525 صفحات پر مشتمل تھی، جس میں 132 افراد کے بیانات شامل تھے۔ شہید اسفند کی والدہ کے مطابق کمیشن کی رپورٹ میں سکیورٹی کی خامیوں، دہشت گردوں کو مقامی سطح پر ممکنہ سہولت کاری اور دیگر اہم پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ میں اس امر کی بھی نشاندہی کی گئی کہ دہشت گرد سکیورٹی انتظامات کو دھوکا دے کر اسکول کی حدود تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، لیکن والدین کا سوال پھر بھی وہیں رہا۔

سپریم کورٹ کا سفر

سانحہ آرمی پبلک اسکول میں اپنے دو چشم چراغ سیف اللہ درانی اور نور اللہ درانی کو کھونے والی والدہ فلک ناز نے بتایا کہ 2020 میں سپریم کورٹ نے حکومت کو جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ اور اپنا مؤقف منظرِ عام پر لانے، اور والدین کو رپورٹ کی کاپی فراہم کرنے کا حکم دیا۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس گلزار احمد نے بھی سوال اٹھایا کہ اتنی سخت سکیورٹی کے باوجود دہشت گرد اسکول تک کیسے پہنچے، اور ذمہ داری صرف نچلے درجے کے اہلکاروں تک محدود کیوں رکھی جائے؟

فلک ناز کا کہنا تھا کہ ان کے بچوں کی شہادت کے اصل محرکات اور سکیورٹی ناکامی کے ذمہ داروں کا تعین ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق اگر ذمہ داروں کا تعین اور احتساب نہیں ہوتا تو ایسے سانحات دوبارہ بھی رونما ہو سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 2024 میں بھی تمام شہداء کے والدین نے سپریم کورٹ سے کیس کی جلد سماعت اور جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر کارروائی کا مطالبہ کیا۔ والدین کی جانب سے یہ شکایت بھی سامنے آئی کہ انہیں رپورٹ اور اس پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے مکمل طور پر مطمئن نہیں کیا گیا۔

انصاف کی تلاش

فلک ناز نے حکومتِ وقت سے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ وقت گزرتا گیا، حکومتیں تبدیل ہوئیں، عدالتوں میں سماعتیں ہوتی رہیں، لیکن شہداء کے والدین کے بنیادی سوالات اپنی جگہ موجود رہے۔ اور اب 2026 میں بھی یہ معاملہ ختم نہیں ہوا۔ مئی 2026 میں آرمی پبلک اسکول کے شہید طلبہ کے 77 والدین نے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔

اجون خان ایڈووکیٹ، والد شہید اسفند خان، کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے بعد اے پی ایس سانحے کے متاثرہ خاندانوں کے مقدمات سپریم کورٹ سے آئینی عدالت کے بینچز منتقل ہو گئے ہیں، تاہم عملی طور پر سماعت نہ ہونے سے خاندان انصاف کے منتظر ہیں۔ ان کا کہنا تھا: “ہمارے کیسز اب وفاقی آئینی عدالت کے دائرہ اختیار میں چلے گئے ہیں، لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ کیسز مقرر نہیں ہو رہے۔ گیارہ سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے اور متاثرین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔”

والدین کا مؤقف ہے کہ سانحے کے اتنے سال گزرنے کے باوجود ان کے بنیادی سوالات کا جواب نہیں ملا اور کمیشن کی سفارشات پر مؤثر عمل درآمد نہیں ہوا۔ آرمی پبلک اسکول شہداء کے والدین کے لیے انصاف کا مطلب صرف مالی معاوضہ یا حملہ آوروں کو سزا دینا نہیں، بلکہ ان کا مطالبہ ہے کہ سانحے کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جائے، سکیورٹی کی ناکامی کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، اور جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

ذمہ داری کس کی؟

آرمی پبلک اسکول کا سانحہ پاکستان کی تاریخ کے بدترین دہشت گرد حملوں میں شمار ہوتا ہے۔ دہشت گردی کے متاثرین کی یاد کے اس عالمی دن پر ان والدین کا مؤقف ہے کہ محض اظہارِ یکجہتی کافی نہیں۔ ذمہ داروں کا تعین، احتساب اور انصاف کی فراہمی ہی متاثرین کے لیے حقیقی خراجِ عقیدت ہوگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here