21 اگست 2026
رپورٹ: حفیظ اللہ ستوری شیرانی
کوئٹہ
کوئٹہ کی ریلوے کالونی کے رہائشی محمد جاوید جب اپنے بیٹے کی تصویر کو دیکھتے ہیں تو ان کے ہاتھ لرز اٹھتے ہیں۔ جن ہاتھوں نے خونِ جگر سے بیٹے کی پرورش کی تھی، آج وہی ہاتھ بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ رواں سال 31 جنوری کو کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز اور مسلح حملہ آوروں کے درمیان ہونے والی شدید فائرنگ کے دوران 26 سالہ محمد صادق ناگہانی موت کا شکار ہو گئے تھے۔
ریلوے سے ریٹائرڈ ضعیف والد کے لیے صادق محض بیٹا نہیں بلکہ پورے گھر کا واحد سہارا اور کفیل تھا۔ بیٹے کی اچانک جدائی نے پورے خاندان کو معاشی و مالی تاریکی میں دھکیل دیا۔ سانحے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے دوران جاوید کے دوسرے بیٹے کو سرکاری ملازمت دینے کا وعدہ کیا تھا، مگر مہینے گزر جانے کے بعد بھی یہ وعدہ صرف کاغذوں اور لارے لپٹوں تک محدود ہے۔ آج ایک غمزدہ اور لاچار باپ نوکری کے لیے سرکاری دفاتر کے دروازے کھٹکھٹا کر تھک چکا ہے۔
ان کے مطابق: “مجھے سی ایم، وزیرِ اعلیٰ سرفراز بگٹی صاحب نے یہ آرڈر کیے تھے کہ جاوید کے بیٹے کو ایک ہفتے کے اندر آرڈر دیے جائیں۔ اب وہ تو آرڈر ہوئے نہیں۔ میرا بیٹا جوان گیا ہے، کمانے والا وہی ہے اور ہم لوگ سارا دن… وہی تھا، ہم لوگ… میں ریٹائرڈ آدمی ہوں، ایک آدمی سے گزارا نہیں ہوتا گھر کے خرچے کا۔ وہ ہمیں بہت پیار کرتا تھا۔ پھر وہ کمیشن والوں نے بلایا، بولا: ‘آپ سی ایم صاحب کے پاس چلے جاؤ، ہمارے پاس جواب نہیں ہے، وہی آرڈر کرے گا آپ کا۔’ میں وزیرِ اعلیٰ ہاؤس بھی گیا دو تین دفعہ، وہاں بھی تھاکر صاحب نے نہیں چھوڑا باہرا، بولا: ‘سی ایم صاحب ادھر نہیں ہیں۔’ ابھی یہی ہے، وزیرِ اعلیٰ سے یہ اپیل ہے کہ میرے بیٹے کے آرڈر کیے جائیں، میرا گزارا بڑی مشکل سے ہوتا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ صاحب، میں آپ… آپ آپ کے گھر دیکھ کے… میرا کمانے والا وہی تھا، محمد صدیق جو شہید ہوا۔”
سنٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (CRSS) کی رپورٹ کے مطابق سال کی دوسری سہ ماہی میں پاکستان میں مجموعی طور پر پرتشدد واقعات اور ہلاکتوں میں 5% کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم ملک کے 96% پرتشدد واقعات کا مرکز خیبر پختونخوا اور بلوچستان ہی رہے۔
بلوچستان میں 60% واقعات بلوچستان کے کوئٹہ، چاغی، واشک، کیچ اور گوادر کے 5 اضلاع میں ریکارڈ ہوئے۔ جبکہ ہنہ وڑک، زیارت اور دیگر علاقوں کے تازہ واقعات اس رپورٹ کے بعد ریکارڈ ہوئے ہیں۔
بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کے مطابق صوبے میں بدامنی کے پیچھے پاکستان دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے، ان کے مطابق پرتشدد واقعات میں جان کی بازی ہارنے والوں کے لواحقین کی ہر قسم کی مدد کی جا رہی ہے۔” شہدا ہمارے سر کے تاج ہے، انکے خاندانوں کے لئے جو پیکجز اعلان کئے ہیں اس میں مزید بہتری لائی ہے اور اس میں اضآفہ کیا ہے، انکی ہر ممکن مدد کی جار رہی ہے انکو نوکریاں دی جا رہی ہے۔”
دوسری جانب کوئٹہ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں ہونے والے تازہ واقعات نے جہاں شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھا دیا ہے وہیں سیکیورٹی کی مخدوش صورتحال پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔
ایچ ار سی پی بلوچستان چیپٹر کے سابق چیرمین ایڈوکیٹ طاہر حسین کے مطابق: “لوگوں کی جان و مال کی تحفظ تمام ریاست کی ذمہ داریاں ہیں، مگر ریاست اپنی اس انتظامی معاملات کو سنبھالنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔”
دوسری جانب بلوچستان حکومت، مرکزی حکومت اور فوج صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو قابو کرنے کے دعوے کر رہی ہے، آئی ایس پی آر کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گزشتہ پانچ سالوں میں بلوچستان میں 31 ہزار سے زائد آپریشنز اور ان آپریشنز میں بدامنی میں ملوث ہزاروں حملہ آوروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔