22 اگست 2026

رپورٹ: حفیظ اللہ ستوری شیرانی
اسلام آباد


پولیس کے مطابق جمعے کی صبح نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ میں کھڈکوچہ کے علاقے انجیری سے چار مزدوروں کی لاشیں اور تین شدید زخمیوں کو لایا گیا۔ہسپتال میں زیرِ علاج زخمی مزدور نصیب اللہ ابڑو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا،” ہم ایک سیب کےباغ میں محنت مزدوری کرتے ہیں، ہم کام کر رہے تھے کہ اچانک آسمان سے ایک گولہ اوپر سے آکر گرا اور اسی وقت زور دار دھماکہ ہوا، جس سے ہم زخمی اور ہمارے ساتھی جاں بحق ہوگئے۔”

متاثرین کا دعویٰ ہے کہ یہ ایک ڈرون حملہ تھا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی شناخت گل خان مغیری، جہانزیب ابڑو، عبیداللہ ابڑو اور عمران ابڑو کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں علی رضا مینگل، نصیب اللہ ابڑو اور خالد حسین شامل ہیں۔ یہ تمام افراد ضلع کچھی کے علاقے حاجی شہر کے رہائشی تھے۔ شدید زخمی ہونے والے ایک مزدور کو فوری طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر دو کا مستونگ میں ہی آپریشن کیا گیا۔

پولیس ایس ایچ او کھڈکوچہ اویس خان کے مطابق واقعے میں چار مزدور جاں بحق اور تین زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ،

“ہم نےجائے وقوعہ کا دورہ کیا، شواہد اکھٹے کئے اور واقعے کی مزید تفتیش کر رہے ہیں۔ دھماکے کی اصل نوعیت تعیّن تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا”۔

پولیس کے مطابق اسی علاقے کھڈکوچہ انجیری کے قریب ہی ‘گرو’ کے مقام سے پولیس کو دو مزید نامعلوم افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ دونوں لاشوں کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جنکی شناخت کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ (N-25) پر واقع ایک چھوٹے پل کو بم سے اڑا دیا، جس کے بعد اس اہم بین الصوبائی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

مستونگ کاشمار بلوچستان کے حساس ترین علاقوں میں ہوتا ہے جہاں کالعدم بلوچ مسلح اور مذہبی انتہا پسند تنظیموں کی موجودگی اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے انکے خلاف اس علاقے میں آپریشنز کی خبریں دی جاتی رہی ہیں۔ حال ہی میں اسی علاقے میں بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کے قافلے پر بھی قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں وہ محفوظ رہے تھے، تاہم ان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

صوبے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ان واقعات کے تناظر میں پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ چند دنوں کے دوران بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 49 عسکریت پسندوں کو ماراہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، بلوچستان کےاضلاع مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے 10 مختلف آپریشنز کے دوران کالعدم بلوچ مجید بریگیڈ / بی ایل اے (بلوچ لبریشن آرمی) کے 37 عسکریت پسندوں کوماردیاگیا ہے۔ خیبرپختونخوا کےاضلاع بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر میں کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور اس کے اتحادی گروپوں کے 12 عسکریت پسند مارے گئے، جبکہ ترجمان کے مطابق ان آپریشنز کے ذریعے عسکریت پسندوں کے نیٹ ورکس کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہےاور خطےمیں امن وامان کی بحالی کےلیےکارروائیاں جاری ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here