24 اگست 2026
رپورٹ: اقرا منظور
لاہور
حبیب جالب کے اشعار جلسوں میں گونجتے رہے، مگر ان کی صاحبزادی کے لیے روزی کمانا آسان نہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اپنی سیاسی تقاریر اور جلسوں میں انقلابی شاعر حبیب جالب کی مشہور نظم “دستور” کے اشعار بارہا پڑھتے رہے ہیں۔ لیکن آج اسی حبیب جالب کی صاحبزادی، طاہرہ حبیب جالب، گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے لاہور میں دال چاول اور چائے کا چھوٹا سا اسٹال لگانے پر مجبور ہوئیں تو کھلنے کے پہلے ہی روز سرکاری اہلکاروں نے اسے بند کروا دیا۔
طاہرہ حبیب جالب کا الزام ہے کہ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی اور میونسپل حکام کے اہلکار اسٹال چلانے کے عوض ان سے بھتہ طلب کر رہے تھے۔
کھانا پکانے کا شوق، روزگار کی کوشش
طاہرہ کا کہنا ہے کہ کھانا پکانے کا شوق ہمیشہ سے ان کے دل میں رہا ہے، اور اسی شوق کو ذریعہ روزگار بنانے اور مالی خودمختاری حاصل کرنے کے لیے انہوں نے ایک موبائل فوڈ کارٹ شروع کیا، جہاں وہ گھر میں تیار کیا گیا کھانا فروخت کرنا چاہتی تھیں۔
وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے طاہرہ نے بتایا: “میں نے سب کچھ گھر سے تیار کیا — حلیم، دال چاول، اور چائے کا انتظام۔ کرین بلاک گراؤنڈ کے ساتھ، جہاں گاڑیاں پارک ہوتی ہیں، وہاں تھوڑی سی جگہ خالی تھی۔ میں نے وہاں موجود لوگوں سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ کوئی مسئلہ نہیں، آپ کو کوئی کچھ نہیں کہے گا، ہم نے آپ کو پہچان لیا ہے — آپ حبیب جالب صاحب کی بیٹی ہیں، طاہرہ باجی۔ ہم آپ کو جانتے ہیں، جالب صاحب کے پروگرام آپ کرواتی رہی ہیں اور ہم وہاں آتے رہے ہیں۔”
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی رسپانس بہت حوصلہ افزا تھا: “تین چار گھنٹے میں وہاں کام کیا تو بہت اچھا رسپانس ملا۔ لڑکیاں آئیں، بچے آئے، عورتیں اور مرد بھی آئے۔ سب نے کہا ذائقہ بہت اچھا ہے، کھانا صاف ستھرا اور عمدہ بنایا گیا ہے۔”
اہلکاروں کی آمد اور مبینہ بھتے کا مطالبہ
طاہرہ کے مطابق اسٹال لگنے کے فوراً بعد مقامی میونسپل اور انفورسمنٹ اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور انہیں کارٹ ہٹانے کا حکم دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس دوران آٹھ نو اہلکار وہاں پہنچے، جن میں سے ایک نے ان کی بھتیجی کے ساتھ سخت لہجے میں بات کی۔ جب بھتیجی نے وضاحت کی کہ ڈھابہ ان کا اپنا ہے اور غور سے بات سنی جائے، تو اہلکار نے دھمکی آمیز انداز میں کہا کہ کیا مریم نواز صاحبہ سے اجازت لی گئی ہے، اور یہ کہ اگر ڈھابہ نہ ہٹایا گیا تو تمام سامان توڑ کر اٹھا لیا جائے گا۔
طاہرہ کے مطابق ایک اہلکار نے کہا: “باجی، ایسا کرو، یہاں سے چلی جاؤ۔ فورس کا اپنا حصہ ہے۔ پانچ ہزار ہفتہ دیتی رہو، پھر تمہیں کوئی نہیں چھیڑے گا، تمہارے تھڑے کے قریب کوئی نہیں آئے گا۔ یہ ہماری ڈیوٹی اور ذمہ داری ہے۔”
اس کے کچھ دیر بعد ایک اور اہلکار نے آ کر مبینہ طور پر رقم کم کر کے مطالبہ دہرایا: “باجی، ایسا کرو، اتنی ٹینشن مت لو۔ تمہارے تھڑے کو کوئی کچھ نہیں کہے گا، کوئی پوچھے گا ہی نہیں۔”
طاہرہ کا کہنا تھا کہ انکار پر انہیں سامان سمیت وہاں سے جانے پر مجبور کر دیا گیا: “میں گھر آ گئی۔ یہ سارا سامان میں نے قرض لے کر، ایک ایک چیز جمع کر کے اکٹھا کیا تھا۔ انہوں نے کہہ دیا کہ جب تک ہمیں ہفتہ وار پانچ ہزار یا روزانہ کچھ نہ دو، ہم تمہیں کام نہیں کرنے دیں گے۔”
پہلے سے جاری معاشی جدوجہد
طاہرہ حبیب جالب اس سے قبل ایک نجی رائیڈ شیئرنگ سروس کے لیے ٹیکسی بھی چلا چکی ہیں اور ڈرائیونگ اسکول بھی چلاتی رہی ہیں۔ تاہم پیٹرول کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کے باعث انہیں رائیڈ شیئرنگ کا کام چھوڑنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے فوڈ اسٹال کا سہارا لیا — ایک ایسی کوشش جو آغاز کے پہلے ہی روز سرکاری کارروائی کی زد میں آ گئی۔
سوشل میڈیا پر بحث، سوالات کا سلسلہ
یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید بحث چھڑ گئی ہے۔ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا حبیب جالب کی شاعری سیاسی جلسوں میں محض مخالف حکمرانوں کے خلاف نعرے کے طور پر استعمال ہوتی رہے گی، یا اقتدار میں آنے کے بعد ان کے الفاظ میں موجود محنت کش اور عام شہری کے حقوق کو بھی تسلیم کیا جائے گا؟
حبیب جالب کو جبر، آمریت اور طبقاتی ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانے پر عوامی شاعر کہا جاتا ہے۔ مگر آج ان کی صاحبزادی کو محنت سے روزی کمانے کی کوشش میں مبینہ بھتے اور سرکاری رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سمیت حبیب جالب کے اشعار پڑھنے والے تمام حکمرانوں سے سوال بنتا ہے: کیا جالب کی شاعری صرف جلسوں میں داد سمیٹنے کے لیے ہے، یا اس شاعری میں اٹھائے گئے سوالات ان کے اپنے طرزِ حکومت پر بھی لاگو ہوتے ہیں؟
طاہرہ حبیب جالب خود بھی یہی سوال حکام سے پوچھتی ہیں: “اگر حبیب جالب کی اولاد کے ساتھ ایسا سلوک کیا جا سکتا ہے، تو ایک عام شہری، مزدور یا چھوٹا کاروبار کرنے والا شخص اپنی روزی روٹی کیسے کمائے؟”