25 اگست 2026

رپورٹ: حفیظ اللہ ستوری شیرانی

اسلام آباد


بلوچستان کے کوئلے کے ذخائر سے مالا مال علاقے دُکی میں طویل عرصے سے بند پڑی کوئلہ کان کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کے دوران اندر زہریلی گیس جمع ہونے سے ایک دلخراش حادثہ پیش آیا ہے۔

محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے حکام کے مطابق، ضلع دُکی کی ایک مقامی کوئلہ کان میں، جو ایک طویل عرصے سے غیر فعال تھی، 6 مزدور حالات کا جائزہ لینے اور کوئلے کی نکاسی کا کام دوبارہ شروع کرنے کے لیے اندر داخل ہوئے۔

کان کے کافی عرصے سے بند رہنے کے باعث اس میں مہلک میتھین گیس بھاری مقدار میں جمع ہو چکی تھی، جس کے نتیجے میں گہرائی میں پہنچتے ہی تمام 6 مزدور آکسیجن کی کمی اور دم گھٹنے کی وجہ سے اندر پھنس گئے۔

اطلاع ملتے ہی مقامی کان کنوں اور ریسکیو ٹیموں نے ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائی کا آغاز کیا۔ ریسکیو ورکرز نے متاثرہ کان کے ساتھ موجود ایک دوسری فعال کان کا استعمال کرتے ہوئے ایئر لائنز کے ذریعے متاثرہ حصے میں تازہ آکسیجن فراہم کی تاکہ امدادی اہلکاروں کے نیچے اترنے سے پہلے سانس لینے کے حالات بہتر ہو سکیں۔

مقامی جرنلسٹ فرید اللہ کاکڑ نے وائس پی کے کو بتایا کہ، جب ریسکیو ٹیمیں پھنسے ہوئے مزدوروں تک پہنچیں تو زہریلی میتھین گیس سے دم گھٹنے کے باعث 2 کان کن، جن کی شناخت محبت اللہ اور رومی محمد کے نام سے ہوئی، جاں بحق ہو چکے تھے جبکہ 4 مزدوروں کو بے ہوشی کی حالت میں باہر نکالا گیا۔

کاکڑ کے مطابق، بے ہوش ہونے والے مزدوروں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال دُکی منتقل کیا گیا، جہاں ضروری طبی امداد کے بعد ان کی حالت بہتر ہوئی اور بعد میں انہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔

محکمہ مائنز نے حادثے کے بعد متاثرہ کوئلہ کان کو سیل کر کے واقعے کی تکنیکی اور قانونی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے 30 جولائی کو کوئٹہ کے قریب پیش آنے والے کوئلہ کان کے ایک الگ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 34 کان کنوں کے لواحقین میں فی کس 20 لاکھ روپے کے مالی امدادی چیکس تقسیم کر دیے ہیں۔

این ڈی ایم اے کی ٹیم نے خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں مقامی نمائندے ڈاکٹر عباد اللہ خان کے ساتھ مل کر یہ چیکس غمزدہ خاندانوں میں تقسیم کیے۔ وفاقی حکومت کے مطابق اس مالی امداد کا مقصد متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار اور خطرناک شعبوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے عزم کا اعادہ ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here