27 اگست 2027

رپورٹ: اسلام گل


خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں 15 اگست سے سرکاری اسکول کھل چکے ہیں، تاہم ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے آکاخیل میں شدید بدامنی کے باعث گورنمنٹ ہائی اسکول اخوان تالاب گزشتہ پانچ ماہ سے بند ہے۔ اسکول میں تقریباً 700 طلبہ زیرِ تعلیم تھے، لیکن طویل عرصے سے تدریسی عمل معطل ہونے کے باعث ان کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

آٹھویں جماعت کے طالب علم حافظ اللہ اب بھی اس امید میں ہیں کہ ان کا اسکول جلد دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ وہ کہتے ہیں کہ اسکول بند ہونے کے باعث کچھ بچے دوسرے اسکولوں میں منتقل ہو گئے، جبکہ کئی طلبہ گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔

حافظ اللہ کا کہنا ہے کہ وہ تعلیم جاری رکھنا چاہتے ہیں تاکہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے زندگی میں کسی شعبے میں اپنا نام بنا سکیں، لیکن اسکول کی مسلسل بندش ان کے مستقبل کے بارے میں تشویش پیدا کر رہی ہے۔

دسویں جماعت کے طالب علم مشتاق احمد بھی اسکول کی بندش کے باعث پریشان ہیں۔ ان کے مطابق طویل عرصے سے پڑھائی نہ ہونے کی وجہ سے وہ بورڈ کے امتحانات کی تیاری نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسکول فوری طور پر کھولا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکول کو کسی سرکاری محکمے یا ادارے کے ہیڈکوارٹر کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے بلکہ اسے صرف تعلیمی سرگرمیوں کے لیے مختص رکھا جائے۔

مقامی لوگوں کے مطابق اسکول کی بندش سے علاقے کے بچوں کی تعلیم شدید متاثر ہوئی ہے۔ غربت اور دیگر معاشی مشکلات کے باعث بیشتر والدین اپنے بچوں کو نجی اسکولوں میں داخل کرانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکول کو فوری طور پر تدریسی سرگرمیوں کے لیے کھولے۔

ساقیم، جن کے پانچ نواسے اس اسکول میں زیرِ تعلیم ہیں، کہتے ہیں کہ وہ بھی اسکول کھلنے کے منتظر ہیں۔ ان کے مطابق علاقے کے قریب کوئی دوسرا سرکاری اسکول موجود نہیں، جبکہ مالی مشکلات کے باعث بچوں کو نجی اسکولوں میں بھیجنا ممکن نہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ ماضی میں بھی بدامنی کے باعث اسکول میں تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوتی رہی ہیں، تاہم اب ایک بار پھر یہی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

آکاخیل قبیلہ گزشتہ ایک سال سے بدامنی کی لپیٹ میں ہے، جبکہ جنوری میں وادیٔ تیراہ سے ہونے والی نقل مکانی کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آکاخیل قومی کونسل کی جانب سے میدانی علاقوں میں منتقل ہونے والے 7,000 بے گھر خاندانوں کی فہرست اندراج اور مالی معاونت کے لیے ضلعی حکام کے حوالے کی گئی تھی۔ ان میں سے 4,530 خاندانوں کا اندراج ہو چکا ہے، تاہم اب تک کسی بھی خاندان کو مالی معاونت فراہم نہیں کی گئی۔ آکاخیل کے پہاڑی علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق چند ماہ قبل سیکیورٹی فورسز نے اسکول میں قیام کیا تھا۔ کچھ عرصے بعد فورسز کے وہاں سے چلے جانے کے بعد مسلح افراد کی جانب سے اسکول میں داخل ہونے اور پاکستانی پرچم اتارنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ان کے خلاف سخت کارروائی کی۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس کے بعد علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں کسی حد تک بہتری آئی۔

مسلسل بدامنی کے واقعات کے پیشِ نظر اسکول میں تدریسی عمل معطل کیا گیا تھا، تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود تعلیمی سرگرمیاں بحال نہیں ہو سکیں۔

سماجی کارکن اور زوان آکاخیل کے ترجمان واجد احمد دیگر نوجوانوں کے ہمراہ اسکول دوبارہ کھلوانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسکول کی بندش سے 700 سے زائد طلبہ کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے۔

واجد احمد کے مطابق علاقے کے عمائدین اور والدین بھی گزشتہ کئی ماہ سے مختلف سطحوں پر اسکول کھولنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر خیبر نے اسکول جلد کھولنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص یا ادارے کو تعلیمی ادارے کو تدریس کے علاوہ کسی دوسری سرگرمی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر باڑہ طلحہ رفیق نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں بدامنی اور بچوں کی حفاظت کے پیشِ نظر اسکول بند کیا گیا تھا، تاہم اب صورتحال کافی بہتر ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکول دوبارہ کھولنے کے لیے محکمۂ تعلیم کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی وہاں تعلیمی سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی۔ ان کے بقول اس وقت علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے اور حکومتی ادارے اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔

محکمۂ تعلیم کے مطابق ضلع خیبر کے دور افتادہ علاقے وادیٔ تیراہ سے جنوری کے اوائل میں ہونے والی نقل مکانی کے باعث 16,000 طلبہ و طالبات کی تعلیم متاثر ہوئی۔ ان میں سے اب تک 1,600 طلبہ و طالبات کو سرکاری اسکولوں میں داخلہ دے کر تعلیمی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here