29 اگست 2026

رپورٹ: اسلام گل

خیبر


ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں الف خان کی زمین پر مکئی کی فصل پیداوار کے آخری مرحلے میں ہے، تاہم پانی کی کمی کے باعث فصل سوکھنے کے قریب ہے۔ فصل کو پانی کی ضرورت ہے، مگر نہر سے اپنی زمین تک پانی پہنچانے کے لیے انہیں سخت محنت کرنا پڑتی ہے، اور اس کے باوجود یہ یقین نہیں ہوتا کہ پانی بروقت فصل تک پہنچ سکے گا۔

پہلے کی نسبت پانی کی قلت نے الف خان کی زرعی آمدن کو بری طرح محدود کر دیا ہے۔ وہ پہلے اپنی چار ایکڑ زمین پر کاشتکاری کرتے تھے، لیکن اب دستیاب پانی سے بمشکل ایک ایکڑ زمین کو سیراب کر پاتے ہیں۔ پانی کی کمی نے نہ صرف فصلوں کی پیداوار کم کر دی ہے بلکہ مویشی پالنا بھی مشکل بنا دیا ہے۔

“ہم اللہ کے بھروسے پر فصل کاشت کرتے ہیں، اور جب پانی بروقت نہ ملے تو ہماری ساری محنت اور پیسہ ضائع ہو جاتا ہے،” الف خان بتاتے ہیں۔ ان کے بقول، “پہلے ہم پورا سال گندم، مکئی اور سبزیاں اگاتے تھے، لیکن پانی کی مقدار میں کمی کے باعث اب یہ ممکن نہیں رہا۔”

زیرِ زمین پانی میں تشویشناک کمی

الف خان کی کہانی خیبر کے سیکڑوں کسانوں کی کہانی ہے۔ اگست 2021 میں وفاقی وزارتِ آبی وسائل کی جانب سے ملکی زیرِ زمین پانی کے حوالے سے سینیٹ میں پیش کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ خیبر پختونخوا کے پانچ اضلاع میں زیرِ زمین پانی کے ذخائر خطرناک حد تک کم ہو کر 25 سے 74 فٹ تک نیچے جا چکے ہیں، اور ضلع خیبر کو ان میں سب سے زیادہ متاثرہ ضلع قرار دیا گیا تھا۔

پاکستان کونسل برائے تحقیقِ آبی وسائل (پی سی آر ڈبلیو آر) کے مطابق ضم شدہ قبائلی اضلاع میں موسمیاتی تبدیلی، آبادی میں اضافے، زیرِ زمین پانی کے بڑھتے استعمال اور پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبوں کی عدم تعمیر کے باعث انسانی ضروریات اور کاشتکاری کے لیے پانی کی خطرناک قلت پیدا ہو رہی ہے۔

محکمۂ آبپاشی کے مطابق زیرِ زمین پانی کے بے دریغ استعمال سے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں۔ ادارے کے مطابق باڑہ میں پانچ سو سے سات سو تک سرکاری ٹیوب ویل قائم کیے جا چکے ہیں، جبکہ محکمۂ آبپاشی، محکمۂ بلدیات، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اور محکمۂ صحتِ عامہ کی جانب سے بغیر کسی مشترکہ منصوبہ بندی کے مزید ٹیوب ویل لگائے جا رہے ہیں۔ سرکاری اور نجی سطح پر ٹیوب ویلوں کو سولر سسٹم سے چلانے کے رجحان نے پانی کے بے دریغ استعمال میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

ڈاکٹر محمد منیب الرحمان، پاکستان کونسل برائے تحقیقِ آبی وسائل (PCRWR) کے پشاور میں قائم واٹر ریسورسز ریسرچ سینٹر کے ریجنل ڈائریکٹر اور انچارج ہیں۔ یہ وفاقی وزارتِ آبی وسائل کے تحت کام کرنے والا قومی تحقیقی ادارہ ہے، جو زیرِ زمین اور سطحی پانی کے انتظام، پانی کے معیار، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے، آبی ذخائر اور پانی کے مؤثر استعمال پر تحقیق کرتا ہے۔

“خیبر پختونخوا میں زیرِ زمین پانی کی سطح ہر سال چار سے پانچ فٹ تک نیچے جا رہی ہے،” ڈاکٹر منیب بتاتے ہیں۔ “اس کی بڑی وجوہات موسمیاتی تبدیلی، بارشوں میں کمی، پانی کے ذخیرے اور زیرِ زمین پانی کی ری چارجنگ کے مؤثر انتظامات کا فقدان، اور مختلف شعبوں میں پانی کا بے دریغ استعمال ہیں۔” ان کے مطابق، “خیبر جیسے پانی کی قلت کے شکار علاقوں میں برساتی نالوں پر چھوٹے اور بڑے ڈیموں کی تعمیر، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور زیرِ زمین آبی ذخائر کو دوبارہ بھرنے کے منصوبے مستقبل کے سنگین آبی بحران کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔”

اکاخیل: سرسبز زمین جو بنجر ہو گئی

باڑہ کے علاقے اکاخیل میں پوری تحصیل کا سب سے زیادہ اور ہموار زیرِ کاشت رقبہ موجود ہے، تاہم پانی کی قلت کے سبب اب یہاں بھی محدود پیمانے پر ہی زمین زیرِ کاشت رہ گئی ہے۔ باڑہ کی چھ سے آٹھ لاکھ آبادی کی زرعی زمینوں کو سیراب کرنے اور پینے کے پانی کا سب سے بڑا متوقع ذریعہ مجوزہ باڑہ ڈیم ہے، مگر بیس سال قبل ڈیم کا سروے مکمل ہونے کے باوجود اب تک اس پر تعمیراتی کام شروع نہیں ہو سکا۔

اکاخیل کے رہائشی فضل ربی کے گاؤں کی تمام زمین ماضی میں نہری پانی سے سیراب ہوتی تھی، لیکن اب گھریلو ضروریات کے لیے پانی حاصل کرنے کی خاطر انہیں ماضی کے مقابلے میں پینتالیس فٹ زیادہ گہرا ٹیوب ویل کھودنا پڑا ہے۔

“پورا علاقہ سرسبز ہوا کرتا تھا، لیکن اب پینے کے لیے پانی دستیاب نہیں اور ساری زمین بنجر ہو چکی ہے،” فضل ربی افسوس کے ساتھ بتاتے ہیں۔ “پہلے ساڑھے تین سو فٹ کی گہرائی پر پانی مل جاتا تھا، اب چار سو تیس فٹ سے بھی نیچے جانا پڑتا ہے، جس سے ٹیوب ویل کی تنصیب اور مشینری کے اخراجات بھی بڑھ گئے ہیں اور پانی صرف پمپ کے ذریعے ہی حاصل ہو پاتا ہے۔”

باڑہ ڈیم: ایک نامکمل خواب

باڑہ ڈیم کا فزیبلٹی سروے مکمل ہونے کے باوجود حکومت کی جانب سے منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی پیش رفت دکھائی نہیں دیتی۔ محکمۂ آبپاشی خیبر کے مطابق باڑہ میں زرعی زمینوں کو سیراب کرنے کے لیے دریائے باڑہ پر قائم سپرہ بند سے 279 کیوسک پانی کے ذریعے 44 ہزار ایکڑ زمین سیراب ہوتی تھی۔ تاہم موسمیاتی تبدیلی اور پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبوں کی عدم تعمیر کے باعث اب یہ مقدار کم ہو کر 150 کیوسک رہ گئی ہے، جس سے تقریباً 18 ہزار ایکڑ زمین ہی سیراب ہو پاتی ہے — تاہم اس حوالے سے کوئی باقاعدہ سروے نہیں کیا گیا۔

اس کے برعکس محکمۂ زراعت خیبر پختونخوا کے 2022-23 کے اعداد و شمار کے مطابق ضلع خیبر میں مجموعی طور پر تقریباً 35 ہزار 208 ایکڑ زمین زیرِ کاشت ہے۔ اس میں سے تقریباً 26 ہزار 396 ایکڑ زمین مختلف ذرائع سے سیراب ہوتی ہے، جبکہ 9 ہزار 543 ایکڑ زمین نہروں کے ذریعے، 5 ہزار 577 ایکڑ ٹیوب ویلوں سے، 642 ایکڑ کنوؤں سے، 1 ہزار 28 ایکڑ ہینڈ پمپوں سے اور 509 ایکڑ زمین دیگر ذرائع سے پانی حاصل کرتی ہے۔ یہ اعداد و شمار ضلع خیبر میں زراعت کے لیے پانی اور مؤثر آبپاشی کے نظام کی اہمیت کو نمایاں کرتے ہیں۔

معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت محکمۂ آبپاشی کے سمال ڈیم ونگ سے حاصل کی گئی دستاویزات کے مطابق مجوزہ باڑہ ڈیم تحصیل باڑہ میں باڑہ اور مستورہ دریاؤں کے سنگم پر، ممانڑی روڈ پر ممانڑی پل کے قریب تعمیر کیا جائے گا۔ یہ مقام سپرہ بند سے 3.7 کلومیٹر مغرب کی جانب واقع ہے۔ ڈیم کے پانی کا سرچشمہ وادیٔ تیراہ کا دریائے باڑہ اور اورکزئی کا دریائے مستورہ ہیں۔

باڑہ ڈیم منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی گورنر سیکرٹریٹ فاٹا اور نیسپاک (NESPAK) کنسلٹنٹ کے ذریعے 2006 سے 2008 کے دوران مکمل کی گئی تھی۔ اُس وقت کی رپورٹ کے مطابق ڈیم کی تعمیر پر لاگت کا تخمینہ 10.998 ارب روپے لگایا گیا تھا۔ باڑہ ڈیم سے مجموعی طور پر 42 ہزار ایکڑ زمین سیراب ہوگی، جس میں 36 ہزار 420 ایکڑ باڑہ کینال سسٹم اور 5 ہزار 309 ایکڑ باڑہ ایریگیشن سیول سسٹم کے ذریعے سیراب کی جائے گی۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق ڈیم سے چھ میگاواٹ بجلی بھی پیدا ہوگی۔ منصوبے سے ایک مڈل اسکول، ایک بنیادی صحت کا مرکز، خیبر اور اورکزئی کے درمیان تین کلومیٹر طویل سڑک، اور مقامی آبادی کے قبرستان و چند گھر متاثر ہوں گے، تاہم زمین کے حصول اور متاثرین کی مالی معاونت کے لیے پی سی ون تیار کیا جائے گا۔ ڈیم کی تعمیر کا موجودہ تخمینہ 45 ارب روپے لگایا گیا ہے، البتہ حتمی لاگت کا تعین مکمل اسٹڈی کے بعد ہی ممکن ہوگا۔ مجوزہ ڈیم کی بند کی لمبائی 450 میٹر اور اونچائی 92 میٹر رکھی گئی ہے۔ ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی کل گنجائش 85 ہزار 363 ایکڑ فٹ ہوگی، جس میں سے قابلِ استعمال پانی کی مقدار 62 ہزار 434 ایکڑ فٹ ہوگی۔

حکام کے مطابق ڈیم کی عدم تعمیر کی بنیادی وجوہات علاقے کی غیر یقینی سیکیورٹی صورتحال اور فنڈز کی کمی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 85 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والا باڑہ ڈیم سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے اور زیرِ زمین پانی کے سنگین بحران سے نمٹنے میں کافی مددگار ثابت ہو سکتا ہے، تاہم اس کے حتمی فوائد کا تعین تفصیلی سروے مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here