1 ستمبر 2026
اسلام آباد (فوزیہ کلثوم رانا) پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر ریمنڈاس کاروبلس نے کہا ہے کہ پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے مستقبل کا حتمی فیصلہ 2029 کی پہلی ششماہی میں متوقع ہے، تاہم اس کے لیے پاکستان کو انسانی حقوق سمیت اقوام متحدہ کے متعلقہ معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔
وائس پی کے ڈاٹ نیٹ کی نمائندہ خصوصی منیزے جہانگیر کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کا حصول یقینی نہیں بلکہ اس کا انحصار اقوام متحدہ کے معاہدوں پر عملدرآمد اور حکومت کی جانب سے اصلاحات کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر ہوگا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ موجودہ جی ایس پی پلس سے مستفید ہونے والے ممالک کے لیے 2028 میں عبوری مدت ہوگی، جبکہ اسٹیٹس کے حوالے سے عملی فیصلہ 2029 کی پہلی ششماہی میں کیا جائے گا۔
ریمنڈاس کاروبلس نے کہا کہ پاکستان نے موجودہ نظام کے تحت 27 متعلقہ معاہدوں کی توثیق کر رکھی ہے، جبکہ نئے نظام میں ان معاہدوں کی تعداد 32 ہوجائے گی۔ ان کے مطابق اب اصل توجہ معاہدوں کی توثیق کے بجائے ان پر عملدرآمد پر ہوگی۔
یورپی سفیر کے مطابق پاکستان کو ایک واضح ایکشن پلان پیش کرنا ہوگا، جس میں اصلاحات کے لیے مخصوص ٹائم فریم اور کارکردگی کے واضح اشاریے شامل ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین پاکستان سے سو فیصد معیار کا تقاضا نہیں کرتی، تاہم معاہدوں پر عملدرآمد کی ایک قابل قبول سطح ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے شعبے میں بعض مثبت پیش رفت بھی ہوئی ہے، جن میں سزائے موت کے دائرہ کار میں کمی، سزائے موت پر غیر اعلانیہ پابندی، تشدد کے خلاف قانون سازی، کم عمری کی شادی سے متعلق قوانین اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق سمیت انسانی حقوق کے اداروں کی مضبوطی شامل ہے۔
تاہم ان کے بقول بعض شعبوں میں صورتحال تشویشناک بھی ہے۔ جبری گمشدگیاں، ماورائے عدالت قتل، آزادی اظہار، صحافیوں کے حقوق اور اقلیتوں کے حقوق ایسے شعبے ہیں جہاں یورپی یونین کو شدید تحفظات ہیں۔
ریمنڈاس کاروبلس نے خبردار کیا کہ حالیہ مانیٹرنگ اور تحقیقات سے یہ خدشات پیدا ہو رہے ہیں کہ بعض شعبے ’’ریڈ زون‘‘ میں داخل ہو رہے ہیں اور ان پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔
جبری گمشدگیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال کو سمجھتی ہے، تاہم سیکیورٹی کے نام پر بنیادی انسانی حقوق متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔ زیرحراست افراد کو دفاع کا حق، اہلخانہ تک رسائی اور قانونی تحفظ حاصل ہونا چاہیے جبکہ ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
آزادی اظہار اور صحافیوں کے حقوق کے بارے میں یورپی سفیر نے کہا کہ یہ بھی ان شعبوں میں شامل ہیں جہاں اقوام متحدہ کے معاہدوں پر مؤثر عملدرآمد کے حوالے سے خدشات موجود ہیں۔ ان کے مطابق PECA میں حالیہ ترامیم، پنجاب ڈیفیمیشن ایکٹ اور دہشت گردی سے متعلق قانون سازی یا اس کا نفاذ قابل تشویش ہے۔
مبینہ توہینِ رسالت کے مقدمات سے متعلق ریمنڈاس کاروبلس نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان میں ایسے مقدمات کی تعداد کم کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں کو سراہتی ہے، تاہم ان قوانین کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے مزید مؤثر ضمانتوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پنجاب میں ایسے مقدمات میں گرفتار افراد کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل کے حوالے سے یورپی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے سیکیورٹی خدشات کو تسلیم کیا جاتا ہے، لیکن فوجی عدالتوں کے دائرہ کار میں شہریوں کو شامل کیا جانا تشویش کا باعث ہے۔ ان کے مطابق اصل سوال انسانی حقوق اور سیکیورٹی اقدامات کے درمیان تناسب کا ہے۔
عدلیہ کی آزادی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حالیہ آئینی ترامیم اور عدالتی نظام کی ازسرنو تنظیم پر اقوام متحدہ سمیت مختلف بین الاقوامی اداروں نے تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ ان کے مطابق ججوں کی تعیناتی اور نئی وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے اثرات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
یورپی یونین کے سفیر نے انٹرنیٹ کی بندش کے معاملے پر بھی کہا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر تنازع زدہ علاقوں میں انٹرنیٹ پابندیاں ممکن ہیں، تاہم ایسی پابندیاں متناسب ہونی چاہئیں۔ آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ انٹرنیٹ بندش کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ موجودہ رپورٹ کے جائزے کی مدت میں شامل نہیں، اس لیے اس پر مزید تجزیے کی ضرورت ہوگی۔
احمدیہ برادری کی صورتحال کو بھی یورپی یونین کے لیے اہم تشویش قرار دیتے ہوئے ریمنڈاس کاروبلس نے کہا کہ احمدی بھی پاکستان کے شہری ہیں اور ان کے بنیادی حقوق، عزتِ نفس، جسمانی تحفظ اور عبادت گاہوں کا احترام ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت جاری ہے، تاہم ابھی تک کوئی ٹھوس پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
افغان مہاجرین کے حوالے سے یورپی سفیر نے کہا کہ جو افراد بین الاقوامی تحفظ کے اہل ہیں اور جن کے لیے افغانستان واپسی خطرناک ہے، انہیں زبردستی واپس نہیں بھیجا جانا چاہیے۔ دیگر افغان شہریوں کی واپسی بھی منظم، باعزت اور ان کے بنیادی حقوق و جائیداد کے تحفظ کے ساتھ ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مہاجرین سے متعلق تمام بین الاقوامی معاہدوں کی توثیق نہیں کی، تاہم نان ریفلمنٹ یعنی کسی شخص کو ایسے ملک یا علاقے میں زبردستی واپس نہ بھیجنے کا اصول جہاں اسے خطرہ لاحق ہو، ایک بنیادی بین الاقوامی اصول ہے۔
جی ایس پی پلس کو انسانی حقوق سے منسلک کرنے کے سوال پر ریمنڈاس کاروبلس نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان پر یورپی معیار مسلط نہیں کر رہی بلکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے معاہدوں پر عملدرآمد کی بات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق انسانی حقوق معاشرے اور معیشت کی ترقی کی بنیادی شرائط میں شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے کردار کے حوالے سے یورپی سفیر نے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ غزہ سمیت مختلف تنازعات کے حل میں پاکستان کا مثبت کردار قابل قدر ہے، تاہم اس کردار کی بنیاد پر جی ایس پی پلس کے انسانی حقوق کے معیار میں کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی۔
ریمنڈاس کاروبلس نے واضح کیا کہ جی ایس پی پلس کا نظام معروضی معیار پر مبنی ہے اور اس میں سیاسی اثر و رسوخ محدود ہے۔ ان کے مطابق پہلے اقوام متحدہ کے مانیٹرنگ ادارے اور ماہرین معاہدوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہیں، جس کے بعد معاملہ یورپی یونین کے رکن ممالک، یورپی پارلیمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سامنے آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ابھی اصلاحات اور بہتری کے لیے وقت موجود ہے، لیکن جی ایس پی پلس کے مثبت مستقبل کے لیے حکومت کو خاص طور پر جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، آزادی اظہار، صحافیوں اور اقلیتوں کے حقوق سے متعلق خدشات دور کرنے کے لیے واضح سیاسی عزم اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔