15 ستمبر 2026

رپورٹ: راشد لغاری


حیدرآباد سے 35 کلومیٹر دور شہر ٹنڈو الہیار میں دو کم عمر ہندو بہنوں، سیتا کولہی اور روپی کولہی، کو مبینہ طور پر اغوا کر کے جبری مذہب تبدیلی کے بعد شادی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ خاندان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ماچھی برادری کے چھ افراد کی جانب سے انجام دیا گیا۔

اشفاق ٹاؤن کی رہائشی 14 سالہ سیتا کولہی اور اس کی 13 سالہ بہن روپی کولہی 27 اگست کو گھر سے لاپتا ہو گئی تھیں۔ والدین نے جب بیٹیوں کی تلاش شروع کی تو انہیں معلوم ہوا کہ دونوں بچیوں کو ماچھی برادری کے چھ ملزمان گھر سے اغوا کر کے لے گئے ہیں۔ اس کے بعد 4 ستمبر کو ٹنڈو الہیار تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج کرایا گیا، جس میں اغوا کی دفعات کے ساتھ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2013 کی دفعات بھی شامل کی گئیں۔ پولیس نے دونوں بہنوں کو بازیاب کروا کر 9 ستمبر کو سول جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔

عدالت میں وکلا نے دلیل دی کہ دونوں بہنوں کی عمر شادی کے قابل نہیں اور انہیں ورغلا کر جبری طور پر مذہب تبدیل کروا کے شادی کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ بچیوں نے اپنے بیان میں عدالت کو بتایا کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ جانا چاہتی ہیں، جس کے بعد عدالت نے انہیں سیف ہاؤس منتقل کر دیا۔

بچیوں کی دادی، کیمی کولہی، کا کہنا ہے کہ سیتا اور روپی کی عمر شادی کے لائق نہیں۔”ہم سو رہے تھے کہ ماچھی برادری کے لوگ آئے اور بچیوں کو اغوا کر کے لے گئے۔ اب ہمارا جینا حرام ہو گیا ہے، گھر کے مرد کمانے کے لیے بھی نہیں جا رہے۔ ہمارا کوئی پرسانِ حال نہیں، حکام ہماری بیٹیاں بازیاب کرائیں۔”

ٹنڈو الہیار سے سماجی رہنما سنی رومانی کے مطابق دونوں بہنوں کو امجد، منصور اور جانو ماچھی سمیت چھ ملزمان نے مل کر اغوا کیا۔ ان کا کہنا تھا، “یہ بچیاں نابالغ ہیں، ان کی عمریں 13 اور 14 سال ہیں۔ اسی طرح ایک اور لڑکی، پانسی کولہی، کو بھی اغوا کیا گیا ہے جو تاحال لاپتا ہے۔ دفعہ 164 کے تحت بیان میں لڑکیوں نے والدین کے ساتھ جانے کا اعلان کیا، اور وہ عدالت میں بے ہوش بھی ہو گئیں۔ ہمیں امید ہے کہ لڑکیاں والدین کے حوالے کی جائیں گی۔”

پاکستان دراوڑ اتحاد کے چیئرمین شیوا کچھی نے الزام لگایا کہ چھ ملزمان بچیوں کو ہتھیاروں کے زور پر گھر سے اغوا کر کے لے گئے اور جبری مذہب تبدیلی کے بعد جبری شادی کی گئی۔”افسوس کی بات ہے کہ ہمارے پاس چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2013 موجود ہے مگر اس پر عمل نہیں ہو رہا۔ اب لوگ 18 سال سے کم عمری میں نکاح پڑھوا رہے ہیں — کیا نکاح خواں کو بچیوں کی عمر نظر نہیں آئی؟ لوگ اس قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔”

ایڈووکیٹ سنیل شتروگن نے بتایا کہ گزشتہ نو ماہ کے دوران سندھ میں 22 لڑکیوں کے اغوا اور جبری مذہب تبدیلی کے واقعات سامنے آئے، جبکہ رواں سال کے دوران 500 سے زائد کم عمر بچیوں کا مذہب تبدیل کروایا جا چکا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کم عمر بچیوں کی شادی قانوناً کیسے ممکن ہے، جبکہ ٹنڈو الہیار کی بچیوں کے برتھ سرٹیفکیٹس بھی موجود ہیں جن پر ان کی عمر درج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سے بچیوں کے اغوا کے واقعات پر فوری ایکشن لیا جاتا ہے، مگر سندھ میں متاثرہ خاندانوں کو انصاف نہیں مل رہا۔ ان کے بقول چائلڈ میرج قانون پر مؤثر عملدرآمد سے کم عمر لڑکیوں کے اغوا، جبری تبدیلیٔ مذہب اور جبری شادی جیسے واقعات کو روکا جا سکتا ہے۔

فی الوقت سیتا اور روپی کولہی سیف ہاؤس میں موجود ہیں اور انہیں دوبارہ 19 ستمبر کو ٹنڈو الہیار کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here