17 ستمبر 2026
رپورٹ: دانیال عزیز
پشاور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس بیان پر کہ پنجاب کو دہشت گردی کا خطرہ پڑوسی ممالک کے مقابلے میں پڑوسی صوبوں سے زیادہ ہے، خیبرپختونخوا میں سیاسی، قانونی اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
مریم نواز نے 5 ستمبر کو لاہور میں مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب کو درپیش خطرہ پڑوسی ممالک سے کم جبکہ پڑوسی صوبوں سے زیادہ ہے اور دہشت گردی صوبائی سرحدوں کے ذریعے پنجاب میں داخل ہوتی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ٹرائی بارڈر ایریا اور دیگر صوبوں کی سرحدوں سے آنے والے خطرات کا ذکر کیا تھا۔
بیان کے بعد خیبرپختونخوا میں سیاسی اور قانونی حلقوں کی جانب سے اسے صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے مریم نواز کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی جیسے حساس قومی معاملے پر سیاسی بیان بازی سے گریز ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کے حوالے سے ریاستی بیانیہ بیرونی عناصر، خصوصاً بھارت اور اس کی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے کردار کی جانب بھی اشارہ کرتا رہا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ صوبوں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے کے بجائے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ طور پر مقابلہ کرنا چاہیے اور وفاق کی اکائیوں کے درمیان اچھے تعلقات اور ہم آہنگی برقرار رہنی چاہیے۔ انہوں نے مریم نواز سے اپنے بیان پر معافی کا مطالبہ بھی کیا۔
سابق آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات نے بھی مریم نواز کے بیان سے اختلاف کیا۔ ان کا مؤقف ہے کہ دہشت گردی کسی ایک صوبے تک محدود نہیں اور پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصے اس چیلنج کا سامنا کرتے رہے ہیں۔
ان کے مطابق دہشت گردی کے خطرے کو کسی ایک صوبے سے جوڑنے کے بجائے اس مسئلے کو قومی سطح پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔
پشاور ہائیکورٹ بار کا مذمتی اعلامیہ
مریم نواز کے بیان پر پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی مذمتی اعلامیہ جاری کیا گیا۔
بار کے ایگزیکٹو کونسل اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ دہشت گردی کسی ایک صوبے کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے ملک کو درپیش چیلنج ہے۔
پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور سیکیورٹی اہلکار دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قربانیاں دے چکے ہیں، اس لیے صوبے کو دہشت گردی کے خطرے کے طور پر پیش کرنا قابلِ اعتراض ہے۔
بار نے مریم نواز سے بیان واپس لینے اور خیبرپختونخوا کے عوام سے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو موجودہ حالات میں انتہائی اہم قرار دیا گیا۔
خیبرپختونخوا حکومت کا ردعمل
خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کسی ایک صوبے یا علاقے کی جنگ نہیں بلکہ پورا ملک اس چیلنج کا سامنا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن صوبے کا کردار ادا کیا ہے اور پولیس سمیت عوام نے امن کے قیام کے لیے غیر معمولی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ دہشت گردی جیسے حساس قومی مسئلے کو صوبائی سیاست کے لیے استعمال کرنے سے صوبوں کے درمیان نفرت اور بداعتمادی پیدا ہوسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں مذمتی قرارداد
معاملہ خیبرپختونخوا اسمبلی تک بھی پہنچا جہاں 11 ستمبر کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثناء اللہ اور پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے بیانات کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔
صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں ان بیانات کو قومی یکجہتی اور وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ دہشت گردی پورے ملک کا مسئلہ ہے اور اسے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ یا صوبوں کے درمیان الزام تراشی کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ ایوان نے مریم نواز کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی سفارش بھی کی۔
پنجاب حکومت نے وضاحت پیش کردی
دوسری جانب پنجاب حکومت نے مریم نواز کے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کا اشارہ کسی صوبے، قوم یا وہاں کے عوام کی طرف نہیں تھا بلکہ ان دہشت گرد عناصر کی طرف تھا جو ایک صوبے میں کارروائی کے بعد دوسرے صوبے میں منتقل ہوجاتے ہیں۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے صوبوں کے عوام کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ پنجاب کو درپیش سیکیورٹی خدشات اور دہشت گردوں کی صوبائی سرحدوں کے ذریعے نقل و حرکت کی بات کی تھی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بیان کو دانستہ طور پر غلط اور صوبائی و نسلی رنگ دیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ملک دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑا ہے اور پنجاب بھی دہشت گردی کے واقعات کا سامنا کرچکا ہے۔
یوں وزیراعلیٰ پنجاب کے ایک بیان نے دہشت گردی، صوبائی ذمہ داریوں اور بین الصوبائی تعلقات سے متعلق ایک نئی سیاسی بحث چھیڑ دی ہے۔
ایک طرف خیبرپختونخوا کے سیاسی اور قانونی حلقے اسے صوبے اور اس کے عوام کے بارے میں نامناسب تاثر قرار دے رہے ہیں، جبکہ پنجاب حکومت کا مؤقف ہے کہ بیان کا مقصد کسی صوبے یا قوم کو موردِ الزام ٹھہرانا نہیں بلکہ دہشت گردوں کی صوبائی سرحدوں کے ذریعے نقل و حرکت کی نشاندہی کرنا تھا۔