20 ستمبر 2026

رپورٹ : اسلام گل آفریدی


خیبر پختونخوا کے ضلع اپر چترال کے پہاڑوں کے دامن میں واقع کیلاش وادی بمبوریت کے رہائشی ذاکر احمد کی ایک ایکڑ زمین پر مکئی اور لوبیا کی فصل کٹائی کے قریب ہے، تاہم سیلاب اور شدید بارشوں کے باعث فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ برقرار ہے۔ گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل سیلابی ریلوں اور طوفانی بارشوں کے باعث اُن کی زرعی زمینوں، مویشیوں اور گھروں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

گرمیوں میں مکئی اور سردیوں میں گندم یہاں کی مقامی آبادی کی خوراک کی ضروریات پوری کرنے کا اہم ذریعہ ہیں، تاہم فصلوں کو نقصان پہنچنے کی صورت میں لوگوں کے لیے خوراک کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

ذاکر احمد نے بتایا کہ اُن کے خاندان کے دس افراد کی کفالت کا بڑا ذریعہ زرعی زمینوں سے حاصل ہونے والی آمدن ہے، تاہم 2010 کے بعد سے ہر سال سیلاب اور شدید بارشوں کے باعث اُنہیں نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

’’مکئی اور لوبیا کی فصل کٹائی کے لیے تیار ہے، لیکن ستمبر میں ہونے والی غیر متوقع بارشوں کے باعث فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ برقرار ہے۔ اگر فصل کو نقصان پہنچتا ہے تو پوری سردی کے موسم میں خوراک کا انتظام مشکل ہوجاتا ہے، کیونکہ ہم دو فصلوں، ایک مکئی اور دوسری گندم، پر انحصار کرتے ہیں۔ اگر خدانخواستہ طوفانی بارش یا سیلاب آتا ہے تو نہ صرف پورے سال کی محنت ضائع ہوجاتی ہے بلکہ زمین کی زرخیزی بھی متاثر ہوتی ہے اور سیلاب اپنے ساتھ پتھر اور گاد لاکر چھوڑ جاتا ہے، جنہیں دوبارہ زیرِ کاشت لانے کے لیے طویل اور سخت محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔‘‘

خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر چترال کی وادیِ کیلاش میں ایک طرف صدیوں پرانی تہذیب، ثقافت اور زبان موجود ہے، جبکہ دوسری طرف گزشتہ دو دہائیوں کے دوران موسمیاتی تبدیلی کے باعث ہونے والے نقصانات کے آثار بھی واضح طور پر دکھائی دیتے ہیں۔ برساتی نالوں میں بڑے بڑے پتھر، کھنڈرات میں تبدیل ہونے والی عمارتیں، گرے ہوئے پرانے درخت، متاثرہ سڑکیں اور خراب پانی کا نکاسی و ترسیلی نظام اس صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔

کیلاش قبیلے کی چار ہزار سے زیادہ آبادی کی روایات، مذہب، ثقافت، غم اور خوشی بنیادی طور پر قدرتی نظام، موسم، کھیتوں، مویشیوں، جنگلات اور پانی سے وابستہ ہیں۔ تاہم ان تمام عوامل کے براہِ راست موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے کے باعث کیلاش قبیلے کے منفرد اور تاریخی ورثے کو بھی خطرات کا سامنا ہے۔

لوگ رحمت اپنے علاقے کے سماجی کارکن ہیں اور دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی مشکل صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے آگاہی پھیلا رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ کیلاش قبیلے کے لوگوں کی ضروریات کھیتی باڑی، مویشی پالنے اور جنگلات سے وابستہ ہیں۔ یعنی یہ لوگ صدیوں سے ثقافتی اور مذہبی طور پر قدرتی نظام کے ساتھ قریبی تعلق رکھتے ہیں۔ اُن کے مطابق 2010 سے سیلاب اور طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ 2015 میں آنے والے سیلاب نے بڑی تباہی مچائی۔ بروقت اطلاع کے باعث انسانی جانیں محفوظ رہیں، تاہم زرعی زمینوں، باغات، گھروں، ہوٹلوں، رابطہ سڑکوں اور پلوں کو شدید نقصان پہنچا، جس کے اثرات آج بھی واضح طور پر دکھائی دیتے ہیں۔

’’موسمیاتی تبدیلی سے اگر کیلاش میں کسی بھی شعبے کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کے براہِ راست اثرات یہاں کے صدیوں پرانے اور تاریخی ثقافتی ورثے، رہن سہن، ثقافتی میلوں اور غم و خوشی میں ادا کی جانے والی رسومات پر پڑیں گے۔‘‘

چترال کے ضلعی حکام کے مطابق گزشتہ سال پچاس ہزار سے زیادہ سیاح وادی میں آئے، تاہم رواں سال یہ تعداد کم ہو کر بمشکل پینتیس ہزار تک پہنچ پائی، جس کی بنیادی وجہ موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی صورتِ حال بتائی گئی ہے۔

محمد حلیم خان مروت گزشتہ تیس سال سے وادیِ کیلاش میں ہوٹل کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے وہ مقام دکھایا جہاں اُن کے مالک کی ساڑھے چار کنال زمین پر قائم 24 کمروں کا ہوٹل، ایک بڑا ہال اور کچن 2013 کے سیلاب کی نذر ہوگئے۔ اب وہاں صرف پتھر اور ریت باقی رہ گئے ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ ماضی میں اکتوبر تک سیاح آتے تھے، تاہم اب اگست میں لوگوں کی آمد نہ ہونے کے برابر رہ جاتی ہے۔ اُن کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب اور طوفانی بارشوں کے خدشے کی وجہ سے سیاحوں کی آمد متاثر ہوئی ہے۔

’’ماضی میں ملکی اور غیر ملکی سیاح بڑے بڑے گروپوں کی صورت میں آتے تھے، تاہم سیلاب، راستوں کی بندش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سیاحوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ جب یہاں بارش ہوتی ہے تو سامنے پہاڑوں پر گلیشیئر پگھلنے سے تالاب بن جاتے ہیں، جو ٹوٹنے کے بعد علاقے میں سیلاب کی صورت اختیار کرلیتے ہیں۔ اس سے عمارتوں، زرعی زمینوں، سڑکوں، پانی کی فراہمی اور بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔ یہاں تعمیرات پہلے ہی کافی مشکل اور مہنگا کام ہے، کیونکہ تعمیراتی سامان یہاں تک پہنچانے پر بھاری اخراجات آتے ہیں۔‘‘

ذاکر احمد کا کہنا ہے کہ اُن کی زرعی زمینوں اور آبادی کے قریب پہاڑوں سے سیلابی ریلے نکل آتے ہیں، جو مقامی آبادی کو بڑے نقصان سے دوچار کرتے ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ پرمٹ اور ذاتی ضروریات کے لیے جنگلات کی کٹائی تیزی سے جاری ہے، جس کے باعث پہاڑوں سے مٹی، ریت اور جھاڑیاں طوفانی بارشوں کے ساتھ آسانی سے بہہ کر نیچے آتی ہیں اور زرعی زمینوں اور گھروں کو نقصان پہنچاتی ہیں۔

’’ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جنگلات کی کٹائی روکی جائے، کیونکہ جب درختوں کی تعداد زیادہ تھی تو سیلاب اور بارشوں سے اتنا نقصان نہیں ہوتا تھا۔ جب فصل کو نقصان پہنچتا ہے تو ہمیں دوسرے علاقوں میں کمائی کے لیے جانا پڑتا ہے۔‘‘

کیلاش وادی میں سترہ ہزار کیلاش اور مسلمان آبادی رہائش پذیر ہے۔ موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والے نقصانات پر قابو پانے کے لیے حکومتی سطح پر کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں؟ یہی سوال ہم نے لوئر چترال کے ضلعی حکام اور کیلاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سامنے رکھا، تاہم دونوں اداروں کی جانب سے اس حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں کوئی واضح جواب نہیں دیا گیا۔

رحمت کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے باعث کیلاش قبیلے کی صدیوں پرانی تہذیب، ثقافت، روایتی طرزِ زندگی اور مذہبی رسومات کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ درجہ حرارت میں اضافہ، بے ترتیب بارشیں، سیلاب، خشک سالی، پانی کی دستیابی میں تبدیلی اور قدرتی وسائل پر بڑھتا ہوا دباؤ نہ صرف کیلاش لوگوں کی روزمرہ زندگی اور معاشی سرگرمیوں کو متاثر کر رہا ہے بلکہ اُن کے روایتی اور تاریخی ورثے کے تسلسل کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کیلاش کی منفرد ثقافتی شناخت اور روایتی علم کی عالمی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ یونیسکو نے کیلاش کا روایتی موسمیاتی و فلکیاتی علم ’’سوری جَگیک‘‘ 2018 میں فوری تحفظ کے متقاضی غیر مادی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا، جبکہ پاکستان نے 2026 میں کیلاش ویلیز کلچرل لینڈ اسکیپ کو عالمی ثقافتی ورثے کی عارضی فہرست میں شامل کرنے کے لیے پیش کیا ہے۔

اُن کے بقول، کیلاش ثقافت اور اس سے وابستہ قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے پاکستان کو فوری اور جامع اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات اس منفرد تہذیبی ورثے اور صدیوں سے جاری روایات کے تسلسل کو متاثر نہ کرسکیں۔

کیلاش مذہبی رسومات میں زراعت اور لائیوسٹاک کی پیداوار کی اہمیت

کیلاش لوگ سال کے مختلف تہواروں اور مذہبی رسومات کے دوران بکریوں، بھیڑوں اور بعض مواقع پر گائے یا بیل کی قربانی کرتے ہیں۔ تاہم قربان کیے جانے والے جانوروں کی تعداد کسی ایک مقررہ شرح کے مطابق نہیں ہوتی بلکہ تہوار، خاندان، رسم اور اجتماعی ضرورت کے مطابق مختلف ہوتی ہے۔

خاص طور پر موسمِ سرما کے اہم تہوار چاؤموس کے دوران بڑی تعداد میں بکریاں ذبح کی جاتی ہیں، جبکہ بعض دیگر مذہبی رسومات میں بھی بکری یا گائے کی قربانی کی جاتی ہے۔

چِلام جوش/جوشی کے موقع پر دودھ کو خصوصی مذہبی اور ثقافتی اہمیت حاصل ہے۔ تہوار سے تقریباً دس دن پہلے دودھ جمع کیا جاتا ہے اور پہلے دن اسے مذہبی رسم کے طور پر پیش کرنے اور برادری میں تقسیم کرنے کا عمل ہوتا ہے، جسے دودھ کے دن سے منسوب کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر دودھ، پھول، اخروٹ اور شہتوت سمیت مقامی قدرتی پیداوار رسومات کا حصہ بنتی ہے، جبکہ نومولود بچوں کے حوالے سے بھی دودھ اور خشک پھلوں کی روایتی رسومات ادا کی جاتی ہیں۔

اُچال/اُچاؤ موسمِ گرما اور فصلوں کی پیداوار سے منسلک تہوار ہے، جس میں موسمِ گرما کے چراگاہی نظام، دودھ اور پنیر کی فراوانی اور فصل کی پیداوار پر شکرگزاری کا اظہار کیا جاتا ہے۔ اس دوران دودھ، پنیر، مکھن یا گھی اور دیگر مقامی غذائیں اجتماعی رسومات اور دعوتوں میں استعمال ہوتی ہیں۔ بعض روایتی حوالوں میں اس تہوار کے موقع پر مویشیوں کو بلند چراگاہوں تک لے جانے اور انہیں دودھ، پنیر اور مکھن فراہم کرنے کا بھی ذکر ملتا ہے۔

پُل اور فصل و پھلوں سے متعلق رسومات میں اخروٹ، انگور، ناشپاتی، آڑو اور دیگر مقامی پھل اہم ہوتے ہیں۔ بعض روایتی ادوار میں پھل توڑنے پر عارضی پابندی عائد رہتی ہے، جو مخصوص رسم کے بعد ختم کی جاتی ہے اور اس موقع پر بکری قربان کرکے پھلوں کی چنائی شروع کی جاتی ہے۔ کیلاش مذہبی روایت میں اخروٹ، پنیر، بکری اور گائے سمیت مختلف قدرتی اشیا کو نذرانے یا قربانی کے طور پر پیش کرنے کا بھی ذکر ملتا ہے۔

یوں کیلاش تہواروں میں دودھ اور پنیر جہاں مویشی پالنے اور چراگاہی معیشت کی علامت ہیں، وہیں پھل، اخروٹ، اناج اور دیگر قدرتی پیداوار زمین، فصل اور موسمی چکر کے ساتھ اُن کے گہرے ثقافتی تعلق کی عکاسی کرتی ہیں۔

کیلاش قبیلے میں کسی فرد کی وفات پوری برادری کی اجتماعی زندگی کا اہم مرحلہ سمجھی جاتی ہے۔ موت کے موقع پر عموماً کئی روز تک روایتی رسومات ادا کی جاتی ہیں، جن میں رشتہ داروں اور مختلف کیلاش وادیوں سے لوگوں کی شرکت، ڈھول کی تھاپ پر روایتی رقص، گیت اور مرحوم کی زندگی کو یاد کرنا شامل ہے، جبکہ اس موقع پر آنے والے مہمانوں کے لیے بڑے پیمانے پر اجتماعی ضیافت کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

بکریاں اس ضیافت کا اہم حصہ ہیں اور بعض تحقیقی حوالوں کے مطابق ایک جنازے کے لیے عموماً 30 سے 50 بکریاں ذبح کی جا سکتی ہیں، تاہم یہ تعداد ہر خاندان اور ہر جنازے میں یکساں نہیں ہوتی۔

بڑے جنازوں میں 24 سے 50 بکریوں کے علاوہ ایک بیل یا گائے، تقریباً 100 سے 300 کلوگرام تک پنیر، 80 سے 250 کلوگرام دیسی گھی، سیکڑوں کلوگرام گندم کا آٹا اور بعض مواقع پر چاول اور شہد استعمال ہوتے ہیں۔

چونکہ اس ضیافت کا مقصد بڑی تعداد میں شریک افراد کو کھانا کھلانا ہوتا ہے، اس لیے یہ رسم کیلاش کی اجتماعی یکجہتی اور باہمی تعاون کی عکاسی کرتی ہے۔ اگر کسی سوگوار خاندان کے پاس اتنے وسائل نہ ہوں تو برادری کے دوسرے افراد بکریوں، پنیر اور دیگر غذائی اشیا کی فراہمی میں مدد کرتے ہیں۔

یوں مویشی، دودھ سے تیار ہونے والا پنیر اور گھی، گندم، چاول، شہد اور دیگر مقامی پیداوار کیلاش کے لیے روزمرہ خوراک کے ساتھ ساتھ مذہبی، ثقافتی اور اجتماعی زندگی کا لازمی حصہ ہیں۔

کیلاش کے قدرتی وسائل کا تحفظ دراصل اُن رسومات، روایات اور اجتماعی زندگی کا تحفظ ہے جو اس تہذیب کو آج تک زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here