23 ستمبر 2026
رپورٹ: محمّد دانیال
پشاور: پاکستان میں اسپیشلائزڈ تربیت حاصل کرنے والے افغان ٹرینی ڈاکٹرز کا معاملہ پشاور ہائیکورٹ پہنچ گیا، جہاں عدالت نے درخواست گزار ڈاکٹرز کو افغانستان واپس بھیجنے سے روک دیا اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔
جسٹس اعجاز انور اور جسٹس کامران حیات میانخیل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے افغان ٹرینی ڈاکٹرز کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل طارق افغان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکلین قانونی ویزوں پر پاکستان آئے اور اس وقت مختلف ہسپتالوں میں اسپیشلائزڈ تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
عدالت کے روبرو وکیل نے مؤقف اختیار کیا: “افغان طلبہ کو افغان کوٹے کے تحت مختلف میڈیکل کالجز میں داخلہ دیا گیا تھا، مگر پی ایم ڈی سی نے ان کے داخلے منسوخ کر کے انہیں افغانستان واپس جانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ اس مرحلے پر طلبہ کو واپس بھیجنا آئین کے آرٹیکل 25 سمیت دیگر آئینی شقوں اور بین الاقوامی قوانین سے متصادم ہے۔”
عدالت کو بتایا گیا کہ پی ایم ڈی سی کے نوٹیفکیشن کے بعد متعلقہ میڈیکل کالجز نے بھی طلبہ کو نوٹسز جاری کیے، جس سے ان کی تعلیم اور تربیت متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ عدالت نے درخواست گزار ٹرینی ڈاکٹرز کو آئندہ سماعت تک ملک بدر نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے پی ایم ڈی سی اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
“ہم کئی سال سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، مستقبل داؤ پر ہے”
عدالتی حکم کے بعد افغان ٹرینی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ صرف ویزے یا پاکستان میں قیام کا نہیں بلکہ ان کے مستقبل اور برسوں کی محنت کا ہے۔
ٹرینی ڈاکٹر ادریس نے بتایا: “ایک جانب ہمیں ویزا اور اس کی توسیع کے مسائل کا سامنا ہے، دوسری جانب تعلیم اور تربیت کے آخری مراحل میں ہمیں پاکستان چھوڑنے کے لیے کہا جا رہا ہے۔ میں نے کئی سال پاکستان میں میڈیکل تعلیم حاصل کی اور اب اسپیشلائزڈ تربیت کے مرحلے میں ہوں۔ اگر اس وقت افغانستان واپس بھیجا گیا تو وہاں یہی تربیت اسی انداز میں جاری رکھنا آسان نہیں ہوگا، اور اس سے ہمارا مستقبل متاثر ہو سکتا ہے۔ ہم اپنے مستقبل کے لیے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں اور حکومت سے درخواست ہے کہ ہمیں پاکستان میں رہ کر تعلیم اور تربیت مکمل کرنے کا موقع دیا جائے۔”
“پشاور ہائیکورٹ کے شکر گزار ہیں”
ایک اور ٹرینی ڈاکٹر زریاب نے بتایا، “ہم نے ویزا توسیع کے لیے مطلوبہ دستاویزات مکمل کر کے جمع کرائیں، اس کے باوجود ویزا حاصل کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔ پشاور ہائیکورٹ نے ہمارا مؤقف سنا اور فی الحال ملک بدری سے تحفظ دیا، جس پر ہم عدالت کے شکر گزار ہیں۔ ہماری حکومت سے بھی درخواست ہے کہ ہمارے معاملے کو ہمدردی اور تعلیمی مستقبل کے تناظر میں دیکھا جائے اور ہمیں ڈیپورٹ کرنے کے بجائے تعلیم اور تربیت مکمل کرنے کی اجازت دی جائے۔”
وکیل طارق افغان ایڈووکیٹ کے مطابق ان کے موکلین کے پاس قانونی دستاویزات موجود ہیں اور وہ باقاعدہ طور پر پاکستان کے مختلف تعلیمی و طبی اداروں سے منسلک ہیں۔
پہلے بھی افغان میڈیکل طلبہ کو عدالتی ریلیف مل چکا ہے
افغان میڈیکل طلبہ کے حوالے سے یہ پشاور ہائیکورٹ میں پہلا معاملہ نہیں۔ دسمبر 2025 میں بھی عدالت نے ایک افغان طالبہ کو میڈیکل کالج کے داخلے کے مرحلے پر عبوری ریلیف دیا تھا۔ اس وقت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل بینچ نے افغان طالبہ روبی کو، جو افغان پاسپورٹ اور پاکستانی ویزا فوری طور پر پیش نہیں کر سکی تھیں، سرکاری میڈیکل کالج کے داخلہ عمل سے خارج کیے جانے سے روک دیا تھا۔ طالبہ کے پاس پروف آف رجسٹریشن کارڈ موجود تھا، اور ان کا مؤقف تھا کہ داخلہ پالیسی کے مطابق پاسپورٹ اور ویزا کی شرط میرٹ لسٹ کے بعد پوری کی جانی تھی۔ بعد ازاں ایک اور سماعت میں عدالت نے افغان طلبہ کو مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی، جبکہ دستاویزات پیش نہ کرنے کی صورت میں یونیورسٹی انتظامیہ کو فیصلے کا اختیار دیا گیا۔
پی ایم ڈی سی کے حالیہ فیصلوں کے بعد تنازع میں شدت
موجودہ تنازع اس وقت مزید نمایاں ہوا جب پی ایم ڈی سی نے رواں ماہ پاکستانی میڈیکل و ڈینٹل اداروں میں زیرِ تعلیم افغان طلبہ کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کیں۔ دستیاب رپورٹس کے مطابق ان ہدایات کے بعد متعدد افغان طلبہ کو پاکستان چھوڑنے کا کہا گیا، جس پر طلبہ نے مختلف عدالتوں سے رجوع کیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے بھی افغان میڈیکل طلبہ کی درخواستوں پر پی ایم ڈی سی کی واپسی کی ہدایات پر عمل درآمد معطل کرتے ہوئے طلبہ کو تعلیم جاری رکھنے کی اجازت دی تھی۔ پشاور ہائیکورٹ میں موجودہ درخواستیں بھی اسی وسیع تر تنازع سے جڑی ہیں، تاہم آج کی سماعت میں عدالت نے خاص طور پر ان درخواست گزار ٹرینی ڈاکٹرز کو ملک بدر نہ کرنے کا عبوری حکم دیا۔
پشاور ہائیکورٹ کا عبوری حکم افغان ٹرینی ڈاکٹرز کو فوری ملک بدری کے خدشے سے ریلیف تو فراہم کرتا ہے، مگر کیس کا حتمی فیصلہ ابھی باقی ہے۔ عدالت نے پی ایم ڈی سی اور دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے، اور آئندہ سماعت میں فریقین کے مؤقف اور قانونی نکات سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوگا کہ ان ڈاکٹرز کے داخلوں، ویزوں، تربیت اور پاکستان میں قیام کے معاملے پر عدالت کیا حتمی حکم جاری کرتی ہے۔ فی الحال یہ حکم انہیں اسپیشلائزڈ تربیت جاری رکھنے اور ملک بدری کے خوف کے بغیر اپنے مقدمے کی پیروی کا موقع فراہم کرتا ہے۔