24 ستمبر 2026
رپورٹ: عبدالرزاق
مردان: چودہ برس کی عمر میں بیاہی جانے والی ثومیہ (فرضی نام) نے کئی برس تک شوہر، سسر اور گھر کے دیگر افراد کا تشدد برداشت کیا۔ حالات اس وقت مزید سنگین ہو گئے جب اسے شوہر کے تشدد کے ساتھ ساتھ گھر کے دیگر مردوں کی جانب سے مبینہ طور پر جنسی ہراسانی اور دھمکیوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
تشدد سے تنگ آ کر ثومیہ نے خاموشی توڑی، اپنے والد کو صورتحال سے آگاہ کیا اور اپنے حق کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا۔ عدالت سے تنسیخِ نکاح لینے کے بعد اس نے دوسری شادی کر لی، تاہم سابق شوہر اور سسر کی جانب سے مسلسل دھمکیوں کے باعث وہ دوسری شادی کے باوجود آج بھی اپنے میکے میں رہنے پر مجبور ہے اور ذہنی اذیت کا سامنا کر رہی ہے۔
وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے ثومیہ نے بتایا کہ اس کا شوہر اور گھر کے دیگر مرد بھی نشہ کرتے تھے اور اسے جسمانی اور ذہنی اذیت دیتے تھے۔ “میرا شوہر نشہ کرتا تھا اور مختلف قسم کی منشیات استعمال کرتا تھا۔ وہ مجھ پر بہت ظلم کرتا تھا اور مجھے بھی نشہ آور اشیا دیتا تھا۔ میرے جوان دیور میرے کمرے میں آتے اور میرے ساتھ بدفعلی کی کوشش کرتے تھے۔ میرا سسر بھی میرے کمرے میں داخل ہو کر مجھے دھمکیاں دیتا تھا اور اس نے بھی میرے ساتھ بدفعلی کی کوشش کی۔ پھر میں نے اپنے حق کے لیے آواز اٹھائی، اپنے والد کو اس بارے میں بتایا۔”
ثومیہ اکیلی نہیں۔ پولیس کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے 17 ستمبر تک ضلع مردان میں خواتین پر تشدد کے 258 مقدمات درج ہوئے، جن میں گھریلو تشدد کے 19، جنسی تشدد کے 10، قتل کے 44، غیرت کے نام پر قتل کے 8 اور اغوا کے 19 مقدمات شامل ہیں۔ ان مقدمات میں پولیس نے 348 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
یہ اعداد و شمار صرف انہی واقعات کی نشاندہی کرتے ہیں جو رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ ماہرین کے مطابق بہت سی خواتین معاشرتی دباؤ اور قانونی پیچیدگیوں کے باعث مقدمات درج کرانا ہی نہیں چاہتیں۔
عدالتی تاخیر، انصاف میں رکاوٹ
قانونی ماہرین کے مطابق فیملی کورٹس میں خواتین سے متعلق مقدمات نمٹانے کے لیے قانون میں چھ ماہ کی مدت مقرر ہے، تاہم عملی طور پر کئی مقدمات اس مدت میں مکمل نہیں ہو پاتے۔ متاثرہ خاتون کی وکیل ایڈووکیٹ فرزانہ جاوید کے مطابق بعض فیملی کیسز کے فیصلے میں دو سے تین سال تک لگ جاتے ہیں۔
“فیملی کیسز ابھی جو وقت لےرہے ہیں، کچھ کا دو سال میں اور کچھ کا تین سالوں میں فیصلہ ہو جاتا ہے، اور اس میں زیادہ تر قصور ہمارے عدالتی نظام کا بھی ہے، کیونکہ ہم وہ پروسیجر فالو نہیں کرتے اور کچھ ہمارے وکلا بھی اس میں تاخیر کرتے ہیں، بہانے کرتے ہیں اور کیسز کی سماعت ملتوی کروانے کے لیے مختلف حربے استعمال کرتے ہیں۔”
ایڈووکیٹ فرزانہ جاوید کا کہنا ہے کہ وکلا کی ہڑتالیں، مقدمات کی بڑی تعداد، فریقین کی بروقت عدالت میں پیشی نہ ہونا اور سماعتوں کا بار بار ملتوی ہونا بھی مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر کا سبب بنتے ہیں۔
خواتین کے تحفظ کے لیے خیبر پختونخوا میں مختلف قوانین موجود ہیں، جن میں گھریلو تشدد سے خواتین کا تحفظ، خواتین کے ملکیتی اور وراثتی حقوق، کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے صوبائی کمیشن سے متعلق قوانین شامل ہیں۔ اس کے باوجود ثومیہ جیسی خواتین کو انصاف کے حصول میں طویل عدالتی کارروائی اور دیگر رکاوٹوں کا سامنا رہتا ہے۔
تشدد کے پیچھے سماجی اور معاشی عوامل
ماہرین کے مطابق خواتین پر تشدد کے پیچھے کئی سماجی اور معاشی عوامل کارفرما ہوتے ہیں۔ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں شعبہ سوشیالوجی کے استاد ڈاکٹر حسین علی نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے بتایا، “ہمارے ہاں معاشرے میں تعلیم کا بھی فقدان ہے، اس کے ساتھ ہماری خواتین جو ہیں، یہ مالی طور پر اپنے مردوں اور اپنے خاندان کے مرد افراد پر منحصر ہیں، تو یہ چیزیں ان کو تشدد کی طرف لے جاتی ہیں۔ ایک خطرناک بات اس میں یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواتین نے اس تشدد کو سماجی طور پر قبول کیا ہے۔ تو یہ بھی اس کی ایک بنیادی وجہ ہے کہ انہیں صنفی بنیادوں پر جو کردار دیا گیا ہے، انہیں یہ پڑھایا اور سمجھایا گیا ہے کہ اگر ان پر کوئی تشدد ہو رہا ہے تو وہ اسے قبول کر لیں۔”
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین سے متعلق مقدمات کے بروقت فیصلے نہ ہونے اور طویل التوا کے باعث بہت سی خواتین مقدمات درج ہی نہیں کراتیں۔ جو خواتین عدالتوں تک پہنچتی ہیں، ان میں سے بعض طویل سماعتوں کے باعث مقدمے کی پیروی چھوڑ دیتی ہیں۔
ماہرین کہتے ہیں کہ خواتین کے خلاف تشدد پر قابو پانے کے لیے متعلقہ اداروں کو مؤثر اور مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ قانون پر عمل درآمد یقینی بنانا ضروری ہے۔