25 ستمبر 2026
رپورٹ: اسماء گل
پشاور
پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں ایک کمسن بچی کی قبر کھود کر اس کی میت کی مبینہ بے حرمتی کرنے کے الزام میں گرفتار 19 سالہ ملزم سلمان پولیس تحویل میں مبینہ فائرنگ کے ایک واقعے میں ہلاک ہو گیا ہے۔
21 ستمبر کو دیہہ شیخان کے قبرستان میں یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب اہلِ علاقہ نے ملزم کو جائے وقوعہ سے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ مقامی افراد نے اس کے قبضے سے مردہ بچی کی میت برآمد کی اور ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا، جس کے بعد بچی کی میت دوبارہ سپردِ خاک کر دی گئی۔
ملزم خواتین کی میتوں کی بے حرمتی کے پانچ واقعات میں ملوث تھا: پولیس
ایس پی صدر ڈویژن فدا حسین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دیہہ شیخان کے ایک مقامی رہائشی کی مدعیت میں ملزم سلمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جس میں قبرستان کی بے حرمتی، ریپ، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ایکٹ اور فارنرز ایکٹ کی متعدد دفعات شامل کی گئیں۔
ایف آئی آر کے مطابق قبرستان کے چوکیدار نے ملزم کو اس وقت پکڑا جب وہ دو سے تین سال کی بچی کی میت قبر سے نکال کر کفن اتار چکا تھا اور اسے کپڑے پہنا رہا تھا۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ ملزم اس سے پہلے بھی قبریں کھود کر خواتین کی میتوں کی بے حرمتی کے پانچ واقعات میں ملوث رہ چکا ہے، جن کے بعد اہلِ علاقہ کو میتیں دوبارہ دفن کرنا پڑیں؛ تاہم ان واقعات کی اطلاع پولیس کو نہیں دی گئی تھی۔ تازہ واقعے پر مشتعل افراد کی بڑی تعداد قبرستان پہنچ گئی، جنہیں بعد میں پولیس نے منتشر کیا۔ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے شفاف اور مکمل تحقیقات کے لیے ایک تفتیشی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
نشاندہی کے دوران مبینہ فائرنگ، ملزم ہلاک
پولیس کے مطابق 22 ستمبر کی شام جب زیرِ حراست ملزم سلمان کو جائے وقوعہ کی نشاندہی کے لیے شیخان قبرستان لے جایا جا رہا تھا تو تین موٹرسائیکلوں پر سوار چھ نامعلوم مسلح افراد نے پولیس ٹیم پر اچانک فائرنگ کر دی۔ پولیس اعلامیے کے مطابق فائرنگ سے سرکاری گاڑی اور ایک اہلکار کی بلٹ پروف جیکٹ و ہیلمٹ کو نقصان پہنچا، جبکہ زیرِ حراست ملزم شدید زخمی ہوا اور ہسپتال منتقلی کے دوران راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب رہے اور ان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر 10 قبروں کی بے حرمتی کا اعتراف کیا تھا۔
پولیس مقابلوں کے بڑھتے واقعات اور سوالات
پشاور میں زیرِ حراست ملزمان کی مشکوک حالات میں ہلاکت کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سوشل میڈیا پر آئینی و قانونی تقاضوں سے متعلق سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل 6 ستمبر کی شب پشاور کے تھانہ رحمان بابا کی حدود میں ایک گھر میں زبردستی داخل ہو کر دو خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے اور ان کی کمسن بیٹی کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے کے الزام میں پولیس نے چار ملزمان گرفتار کیے تھے۔ 11 ستمبر کو پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ چاروں ملزمان بھی جائے وقوعہ کی نشاندہی کے لیے لے جاتے وقت نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔
‘حقیقی انصاف نہیں ملتا’: خواتین کمیشن کی چیئرپرسن
خیبر پختونخوا کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (وقارِ نسواں کمیشن) کی چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرہ شمس نے پشاور میں دو خواتین کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی اور بعد ازاں پولیس مقابلے میں چار ملزمان کی ہلاکت کی قانونی حیثیت پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا: “مبینہ ملزمان کو پولیس مقابلوں میں ہلاک کر دینے سے متاثرہ خواتین کو حقیقی انصاف نہیں ملتا۔ قانون کی بالادستی کے لیے ضروری ہے کہ ملزمان کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے اور آئین و قانون کے تحت انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں۔” انہوں نے ایس ایس پی آپریشنز پشاور سے معاملے کی فوری اور شفاف چھان بین کا مطالبہ بھی کیا۔
‘یہ ماورائے عدالت قتل ہے’: قانونی ماہر
پشاور ہائی کورٹ بار کے وکیل اور قانونی ماہر شبیر گیگیانی نے وائس پی کے کو بتایا: “پشاور میں پولیس کے ان جعلی مقابلوں کے واقعات سے عدلیہ، وکلاء اور عوام سب باخبر ہیں۔ پولیس کا کام ہے کہ ملزم کو گرفتاری کے بعد عدالت میں پیش کرے۔ تفتیش کی مد میں سالانہ بجٹ میں کروڑوں روپے دیے جاتے ہیں، اور اس میں کوئی شک نہیں کہ شواہد اکٹھے کرنا اور تحقیقات کرنا ایک طویل عمل ہے، لیکن پولیس کا کام یہی ہے کہ شواہد اور گواہان کے بیانات ریکارڈ کر کے ملزم کو عدالت میں پیش کرے۔ مگر جرم ختم کرنے کے بجائے مجرم کو راستے سے ہٹا دینا ہی پولیس نے اپنے لیے آسان راستہ بنا لیا ہے۔ یہ ماورائے عدالت قتل نہ صرف غیر اسلامی ہے بلکہ غیر آئینی اور غیر قانونی بھی ہے۔”