30 اکتوبر 2026
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور: نیشنل اسٹوڈنٹ موومنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے 29 اکتوبر کو لاہور کے ناصر باغ میں صوبائی خودمختاری، ایمرجنسی کے نفاذ اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے سیاسی اثرات پر منعقد ہونے والا اس کا اسٹڈی سرکل روک دیا اور دفعہ 144 کے نفاذ کا حوالہ دیتے ہوئے طلبہ کو اجتماع کرنے سے منع کردیا۔
نیشنل اسٹوڈنٹ موومنٹ کے مرکزی ترجمان عاطف رشید نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تنظیم ہر ماہ لاہور کے ناصر باغ میں ایک یا دو اسٹڈی سرکلز منعقد کرتی ہے، جن میں شہر کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے 40 سے 50 طلبہ شرکت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 29 اکتوبر کے اسٹڈی سرکل میں صوبائی خودمختاری، ایمرجنسی اور خیبرپختونخوا پر گورنر راج کے سیاسی اثرات پر گفتگو ہونا تھی، تاہم پولیس موقع پر پہنچ گئی اور طلبہ کو پروگرام منعقد کرنے سے روک دیا۔
عاطف رشید کے مطابق پولیس اہلکاروں نے دفعہ 144 کے نفاذ کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں اسٹڈی سرکل منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی، حالانکہ طلبہ پُرامن انداز میں بیٹھ کر سیاسی اور آئینی معاملات پر تبادلہ خیال کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹڈی سرکلز کا مقصد طلبہ کو مختلف سیاسی اور سماجی معاملات کے مطالعے اور ان پر بحث و مباحثے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ پُرامن طریقے سے ایک دوسرے کے خیالات سننا اور مختلف معاملات کو سمجھنا چاہتے تھے، لیکن انہیں اس سرگرمی سے بھی روک دیا گیا۔
دریں اثنا، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی ترجمان خوشحال خٹک نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور میں طلبہ کے اسٹڈی سرکل کو روکے جانے پر سوال اٹھایا کہ شہر میں ایسی کون سی ایمرجنسی نافذ ہے کہ نوجوانوں کو اپنے صوبے کے مستقبل سے متعلق معاملات پر گفتگو کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کے اسٹڈی سرکلز میں بحث و مباحثہ جمہوریت کا بنیادی حسن ہے، جہاں نوجوان سیکھتے اور مختلف معاملات کو سمجھتے ہیں۔ ان کے بقول صوبے کے نوجوان اپنے مستقبل کے حوالے سے مطالعہ اور مکالمہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن انہیں اس کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
خوشحال خٹک نے مزید بتایا کہ 29 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے علاقے میران شاہ میں ضلعی سطح پر آل پارٹیز جرگہ منعقد کرنے کا بھی منصوبہ تھا، جس میں ایمرجنسی کے نفاذ اور گورنر راج کے حوالے سے بات چیت ہونا تھی، تاہم انتظامیہ نے یہ جرگہ بھی منعقد نہیں کرنے دیا۔
ان کے مطابق انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے باعث اس نوعیت کے جرگے اور اجلاس منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
نیشنل اسٹوڈنٹ موومنٹ، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کی طلبہ تنظیم ہے۔ دونوں رہنماؤں نے طلبہ کے سیاسی مکالمے اور پُرامن اجتماعات پر پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔