02 نومبر 2026

رپورٹ:

کراچی:


کراچی میں گرمی کا موسم اب طویل ہوتا جا رہا ہے۔ اکتوبر آ گیا، مگر گرمی کی شدت میں خاطر خواہ کمی نہیں آئی۔ ماحولیاتی ماہرین کے مطابق اس کی وجہ صرف موسمیاتی تبدیلی نہیں، بلکہ گرمی کی شدت کم کرنے والے قدرتی ذرائع کا خاتمہ بھی ہے۔

خلائی و بالائی فضا کے تحقیقی ادارے سپارکو کے مطابق کراچی میں درجۂ حرارت بڑھنے کی بڑی وجوہات میں تعمیرات اور زمین کی بحالی (لینڈ ریکلیمیشن) کے لیے مینگرووز کے قدرتی جنگلات کا خاتمہ شامل ہے۔ مینگرووز کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتے ہیں، ساحلی علاقوں کو سمندری طوفانوں اور دیگر قدرتی آفات سے بچاتے ہیں اور ماحول کا درجۂ حرارت متوازن رکھنے میں بھی مدد دیتے ہیں، لیکن کراچی میں یہ قدرتی حصار تیزی سے سکڑ رہا ہے۔

تعمیرات اور فضائی آلودگی بڑی وجوہات

ورلڈ وائیڈ فنڈ فار نیچر (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں تمر کے جنگلات کی تباہی کی بنیادی وجوہات میں سے ایک زمین کو ہموار کر کے اسے تعمیرات کے قابل بنانا ہے۔ شہری آبادی اور پھیلاؤ میں تیزی سے اضافے کے باعث رہائشی، تجارتی اور صنعتی منصوبوں کے لیے مینگرووز کے علاقے صاف کیے جا رہے ہیں۔

ساحلی علاقوں کی مقامی آبادی بھی ایندھن کے لیے مینگرووز کی لکڑی پر بڑی حد تک انحصار کرتی ہے۔ اندازے کے مطابق ہر گھرانہ روزانہ اوسطاً 10 سے 12 کلوگرام لکڑی بطور ایندھن استعمال کرتا ہے، جبکہ تمر کی لکڑی بڑی مقدار میں مچھلی کی خوراک تیار کرنے والی صنعت اور بیکریوں کو بھی فراہم کی جاتی ہے۔

درخت لگانا ناگزیر ہے: میئر کراچی

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وائس پی کے سے گفتگو میں کہا، ”درخت لگانا ناگزیر ہے۔ اگر ہم صاف ہوا میں سانس لینا چاہتے ہیں اور ماحول میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار کم کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہوں گے۔“

ان کے مطابق مینگرووز لگانے کے لیے مختلف سطحوں پر کام جاری ہے، تاہم ان کوششوں کو مزید مؤثر اور وسیع بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مینگرووز کی اہمیت صرف ماحولیاتی تحفظ تک محدود نہیں، بلکہ یہ سمندری طوفانوں اور دیگر آفات کے دوران ساحلی آبادیوں کے لیے قدرتی حفاظتی حصار کا کام بھی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مینگرووز آلودہ پانی کو قدرتی طور پر صاف کرنے اور سمندری پانی کا معیار برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ مینگرووز کی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے ایک منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا۔ ”ہماری کوشش ہے کہ نوجوان نسل کو مینگرووز کی اہمیت اور ماحولیاتی فوائد سے آگاہ کیا جائے۔ اس کام میں یقیناً چیلنجز درپیش ہیں، تاہم ہم کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، کیونکہ مینگرووز کا تحفظ درحقیقت ہماری آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔“

’ایک طرف مینگرووز لگائے، دوسری طرف کاٹے جا رہے ہیں‘

تاہم ماحولیاتی کارکنوں کے نزدیک صورتِ حال اتنی حوصلہ افزا نہیں۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے طارق الیگزینڈر قیصر کے مطابق ”یہ دو طرح کی دھار ہے؛ ایک طرف مینگرووز لگائے جا رہے ہیں تو دوسری طرف کاٹے بھی جا رہے ہیں، اور کٹنے کا سلسلہ زیادہ ہے۔“

ان کا کہنا ہے کہ کیٹی بندر، شاہ بندر اور ٹھٹہ جیسے ساحلی علاقوں میں شجرکاری کی بڑی کوششیں ہو رہی ہیں، مگر کراچی میں یہ کام محدود ہے۔ ”دوسری طرف ترقیاتی منصوبوں کے نام پر ساحلی علاقوں میں بلند عمارتیں اور رہائشی منصوبے بنائے جا رہے ہیں اور پلاٹوں کی فائلیں بنا کر بیچی جا رہی ہیں، جس سے مینگرووز کے جنگلات کٹے ہیں۔“

طارق قیصر کے مطابق ساحلی علاقے پہلے ہی لینڈ ریکلیمیشن کی نذر ہو چکے ہیں۔ ”کئی سال پہلے مینگرووز کے قدیم جنگلات کاٹ کر زمین ہموار کی گئی اور وہاں تعمیرات ہوئیں۔ سمندر کی حدود میں مداخلت کر کے بھی زمین حاصل کی گئی۔ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم ان قدرتی وسائل کا تحفظ کریں اور ان کی دیکھ بھال کو اپنا فرض سمجھیں۔ اگر ساحلی آبادیوں اور مقامی کمیونٹیز کی زندگیاں ہی خطرے میں پڑ جائیں تو ایسے ترقیاتی منصوبوں اور معاشی مفادات کا کیا فائدہ؟“

جہاں کبھی سمندر تھا

کراچی کی ساحلی پٹی کبھی مینگرووز کے گھنے جنگلات سے پہچانی جاتی تھی، مگر وقت کے ساتھ ان کی جگہ تعمیراتی منصوبوں، ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور تجارتی مراکز نے لے لی۔ شہر کی توسیع کے لیے سمندر کے بڑے حصے بھر کر نئی آبادیاں قائم کی گئیں۔ ماہرین کے مطابق کئی دہائیاں پہلے سمندر کا پھیلاؤ تین تلوار اور گزری تک تھا، جہاں مینگرووز بھی بڑی حد تک موجود تھے۔

اربن ریسورس سینٹر کے زاہد فاروق کہتے ہیں، ”بزرگوں سے سنتے آئے ہیں کہ کراچی میں سمندر کبھی تین تلوار تک ہوا کرتا تھا۔ ہم نے خود بھی گزری، تین تلوار اور کلفٹن میں، جہاں حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کا مزار ہے، وہاں تک سمندر کا پانی آتے دیکھا ہے۔ اب ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتے ہیں کہ سمندر کہاں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔ کسی نہ کسی ادارے، فرد یا بلڈر نے سمندر کی زمین پر قبضہ کر کے اسے اپنی ملکیت میں لے لیا ہے۔ آج کراچی میں بے شمار ایسی عمارتیں ہیں جو کبھی سمندر کی حدود میں تھیں۔“

ان کے مطابق یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ ”آج بھی اگر آپ کے پاس آٹھ سے نو لاکھ روپے ہوں تو مچھر کالونی میں سمندر کی زمین پر قبضہ کر کے آپ کو پلاٹ خریدنے کی پیشکش کی جا سکتی ہے۔ یوں ہمارا پورا ساحلی علاقہ بتدریج اپنی قدرتی حدود کھوتا جا رہا ہے۔“

ریکلیمیشن اور مینگرووز کا نقصان

کلائمیٹ ایکشن سینٹر کے سربراہ یاسر دریا کے مطابق مینگرووز کو پہنچنے والے نقصان کی ایک بڑی وجہ لینڈ ریکلیمیشن ہے، کیونکہ جب سمندر کی زمین حاصل کر کے منصوبے بنائے جاتے ہیں تو مینگرووز کے جنگلات لازماً متاثر ہوتے اور کاٹے جاتے ہیں۔

”بڑی بڑی عمارتیں اور پلازے تعمیر کیے گئے ہیں اور سمندر کی زمین کو مسلسل ریکلیم کیا جا رہا ہے۔ اس کی واضح مثالیں ہمارے سامنے ہیں۔ سی ویو کو بھی اسی طرح ڈیولپ کیا گیا ہے، خصوصاً فیز 8 کے آخری حصوں میں، جہاں بعض عمارتوں کے حصے قدرتی ساحلی حدود سے آگے سمندر کے اندر تک تعمیر کیے گئے ہیں۔ آپ پورے کلفٹن کو دیکھ لیں، اس کا بڑا حصہ سمندر کی زمین حاصل کر کے آباد کیا گیا ہے۔ ماضی میں ان علاقوں میں سمندر کی بلند لہریں آیا کرتی تھیں۔“

ماہی گیر برادری اور دیگر عوامل

رپورٹ کے مطابق مقامی ماہی گیر برادری بھی بعض اوقات مینگرووز کی کٹائی کا سبب بنتی ہے۔ بعض لوگ اپنے اونٹوں کے چارے کے لیے مینگرووز کاٹتے ہیں، جبکہ کچھ انہیں گھروں میں ایندھن کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

’ایک شہر، کئی ایجنسیاں‘

ماہرین کا کہنا ہے کہ مینگرووز کا تحفظ اور ساحلی علاقوں کی بحالی ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر ہے۔ دوسری جانب حکومت کا موقف ہے کہ مینگرووز میں اضافے کے لیے کام ہو رہا ہے اور اس کے اچھے نتائج بھی سامنے آئے ہیں۔ تاہم حکام کے مطابق کراچی ایک سے زائد ایجنسیوں میں تقسیم ہے، جن میں زیادہ تر کنٹرول وفاقی اداروں کے پاس ہے، اور اس سے کافی مشکلات کا سامنا ہے۔

بڑھتی گرمی اور بدلتے موسم کے اثرات اب شہری زندگی کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اگر شہر کے قدرتی محافظ اسی طرح ختم ہوتے رہے تو آنے والی نسلوں کو شدید گرمی اور ساحلی خطرات سے بچانے کے لیے ہمارے پاس کیا باقی رہ جائے گا؟ مینگرووز کا خاتمہ محض درختوں کا کٹنا نہیں، بلکہ اس قدرتی ماحولیاتی نظام کا کمزور ہونا ہے جو شہر کو گرمی، فضائی آلودگی اور ساحلی خطرات سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here