20 نومبر 2026
رپورٹ: دانیال عزیز
پشاور: چنے کی دکان پر گاہکوں کا رش ہے۔ ایک طرف پتیلوں سے بھاپ اٹھ رہی ہے اور دوسری طرف 14 سالہ ابراہیم گندے برتن دھونے میں مصروف ہے۔ اس کے ہاتھ میں کتاب کے بجائے برتن ہیں۔ گزشتہ پانچ چھ برس سے یہی اس کا معمول ہے۔ وہ والد کے ساتھ گاہکوں کو چنے بیچتا ہے اور استعمال شدہ برتن بھی صاف کرتا ہے۔
20 نومبر کو دنیا بھر میں عالمی یومِ اطفال منایا جا رہا ہے۔ یہ دن بچوں کے حقوق، تعلیم اور تحفظ کی یاد دہانی کراتا ہے، مگر ابراہیم جیسے بچوں کے لیے یہ حقوق اب بھی ایک خواب ہیں۔
“میں نہیں جا سکتا”
ابراہیم نے تیسری جماعت تک پڑھا، پھر اسکول چھوڑ دیا۔ وہ کہتا ہے: ’’میں نے تیسری جماعت تک پڑھا تھا، اس کے بعد اسکول چھوڑ دیا۔ دکان پر ابو کے ساتھ اور کوئی کام کرنے والا نہیں، اس لیے مجھے ان کا ہاتھ بٹانا پڑتا ہے۔‘‘
اس کے دوست اسے اسکول جانے کا کہتے ہیں۔ ’’میں انہیں کہتا ہوں کہ میں نہیں جا سکتا،‘‘ وہ بتاتا ہے۔
گھر کے مالی حالات اس فیصلے کے پیچھے ہیں۔ ابراہیم کے مطابق سرکاری اسکول میں پڑھائی جاری نہ رہ سکی [وجہ واضح کی جائے] اور نجی اسکول کے اخراجات اٹھانا ممکن نہیں تھا۔ اب اس کے لہجے میں مایوسی ہے: ’’پڑھ لکھ کر بھی کیا کروں گا؟ آخر مجھے ابو کا ہی کام سنبھالنا ہے۔‘‘
غربت نے راستہ روک لیا
ابراہیم کے والد عرفان اللہ اکیلے دکان چلاتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’’میں اکیلا دکان چلاتا ہوں۔ نجی اسکول کا خرچ میرے بس میں نہیں تھا، اسی لیے بیٹے کی پڑھائی چھوٹ گئی۔‘‘
ان کے نزدیک بیٹے کا مستقبل بھی یہی دکان ہے۔ ’’ابراہیم نے آگے یہی کام سنبھالنا ہے، اس لیے میں اسے اپنے ساتھ رکھتا ہوں۔‘‘
یہ کہانی صرف ایک خاندان کی نہیں۔ خیبر پختونخوا میں ہزاروں بچے غربت اور تعلیمی سہولیات کی کمی کے باعث اسکولوں کے بجائے کام کی جگہوں پر موجود ہیں۔
7 لاکھ 45 ہزار سے زائد بچے مزدوری میں
خیبر پختونخوا چائلڈ لیبر سروے 2022 کے مطابق صوبے میں 5 سے 17 سال کی عمر کے 9 فیصد بچے چائلڈ لیبر میں شامل ہیں، یعنی تقریباً 7 لاکھ 45 ہزار 155 بچے۔ لڑکوں میں یہ شرح 11.7 فیصد اور لڑکیوں میں 5.9 فیصد ہے۔
چائلڈ لیبر میں شامل 71.2 فیصد بچے خاندانی کاموں میں بلا معاوضہ کام کرتے ہیں، جیسا کہ ابراہیم۔ سروے میں ان بچوں کو کام کے دوران خطرناک حالات، بھاری وزن اٹھانے اور جسمانی و نفسیاتی بدسلوکی کے مسائل کا سامنا بھی رپورٹ ہوا۔
45 لاکھ سے زائد بچے اسکول سے باہر
تعلیم سے محرومی صوبے کا دوسرا بڑا مسئلہ ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کی رپورٹ ’پاکستان ایجوکیشن اسٹیٹسٹکس 2023-24‘ کے مطابق خیبر پختونخوا میں 5 سے 16 سال کی عمر کے 45 لاکھ 1 ہزار 396 بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
ان میں 18 لاکھ 87 ہزار 132 لڑکے اور 26 لاکھ 14 ہزار 264 لڑکیاں ہیں، یعنی اسکول سے باہر بچوں میں لڑکیوں کی تعداد زیادہ ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ تعلیم تک رسائی میں لڑکیوں کو مزید رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
قانون موجود، عمل درآمد سوالیہ نشان
صوبے میں بچوں سے مشقت روکنے کے لیے 2015 کا ’خیبر پختونخوا پروہیبیشن آف ایمپلائمنٹ آف چلڈرن ایکٹ‘ نافذ ہے۔ اس کے تحت 14 سال سے کم عمر بچے کو کسی ادارے یا کاروباری جگہ پر ملازمت دینا منع ہے۔ البتہ 12 سال یا اس سے زائد عمر کے بچے کو کام سیکھنے کی غرض سے اپنے خاندان کے کسی فرد کے ساتھ روزانہ زیادہ سے زیادہ دو گھنٹے ہلکا کام کرنے کی رعایت دی گئی ہے۔
14 سے 18 سال کے نوجوانوں کو خطرناک کاموں میں لگانے پر پابندی ہے۔ بچوں کو ملازمت دینے پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ یا چھ ماہ تک قید ہو سکتی ہے، جبکہ خطرناک کام لینے پر ایک لاکھ روپے تک جرمانہ اور تین سال تک قید کی سزا ہے۔
ابراہیم اب 14 سال کا ہے، اس لیے قانون کی نظر میں وہ نوجوانوں کی اس کیٹیگری میں آتا ہے جس کے کام کی قانونی حیثیت کا تعین کام کی نوعیت، اوقات اور دیگر شرائط سے ہوتا ہے۔ تاہم وہ پانچ چھ برس سے یہ کام کر رہا ہے، یعنی اس نے آٹھ نو برس کی عمر میں کام شروع کیا، جو قانون میں دی گئی رعایت سے بھی کم عمر ہے۔ ایسے میں یہ سوال اٹھتا ہے کہ قانون پر کس حد تک عمل ہو رہا ہے۔
صرف پابندی کافی نہیں
چائلڈ رائٹس کے لیے سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ بچوں کو صرف کام سے روکنا کافی نہیں۔ چائلڈ رائٹس ایکٹیوسٹ معاذ خان کے مطابق، خاندانوں کی معاشی مشکلات کم کرنا اور تعلیم تک رسائی یقینی بنانا بھی ضروری ہے، اور جو بچے غربت کے باعث اسکول چھوڑ چکے ہیں، انہیں واپس لانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
عالمی یومِ اطفال پر ابراہیم کی کہانی ایک بنیادی سوال اٹھاتی ہے کہ کیا ہر بچے کو تعلیم، تحفظ اور بچپن گزارنے کا یکساں موقع میسر ہے؟ جب تک غربت، تعلیمی محرومی اور بچوں سے مشقت کے اسباب دور نہیں ہوتے، ابراہیم جیسے بچوں کے ہاتھوں میں کتاب کے بجائے کام کے اوزار ہی رہیں گے۔