26 نومبر 2026

بسم اللہ جان


 

بلوچستان جیسے قدامت پسند صوبے میں، جہاں ہر شعبے میں خواتین کی تعداد پہلے ہی کم ہے، خواتین صحافیوں کی شدید کمی ہے اور اخبارات میں ان کی موجودگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ کوئٹہ کے علاوہ تمام اضلاع میں کوئی خاتون صحافی قومی یا علاقائی اخبارات سے وابستہ نہیں۔

صدر کوئٹہ پریس کلب عرفان سعید کے مطابق کوئٹہ کے ٹی وی چینلز میں کل چار اور ڈیجیٹل میڈیا پر چند خواتین صحافی کام کر رہی ہیں، لیکن اخبارات میں ان کی شرح تقریباً صفر ہے۔ صحافی گہرام بلوچ کے مطابق مکران ڈویژن میں تقریباً آٹھ بلوچ خواتین ملکی اور بین الاقوامی اداروں کے لیے بطور فری لانسر کام کر رہی ہیں۔

خواتین صحافیوں اور پریس یونینز کے مطابق اخبارات میں خواتین کی شمولیت کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ادارہ جاتی پالیسیوں کا فقدان، حکومتی عدم جواب دہی، مواقع کی کمی، غیر محفوظ ماحول، کم اجرت، قدامت پسندی، گھروں سے اجازت نہ ملنا، شادی کے مسائل اور صنفی تعصب بتائی جاتی ہیں۔

بلوچستان میں خواتین کے مسائل پر رپورٹنگ کرنے والی سدرہ عارف اسے معاشی مسئلہ سمجھتی ہیں۔ ان کے مطابق خواتین کے اخبارات کی طرف نہ آنے کی وجہ کم تنخواہیں ہیں، ”اگر اخبارات میں اچھی سیلری ملتی تو بہت سی لڑکیاں ان کی طرف مائل ہوتیں۔“ کوئٹہ میں ایک دہائی سے نجی ٹی وی چینل سے وابستہ عطیہ اکرم بھی کم تنخواہوں کی نشاندہی کرتی ہیں اور کہتی ہیں کہ اب خواتین وہ شعبے چن رہی ہیں جہاں تنخواہیں زیادہ ہوں، ”ہماری تنخواہ بہت کم ہے۔ پرنٹ میڈیا تو تباہ ہو چکا۔ لاکھوں کے اشتہارات لینے والے اخبار مالکان ملازمین کو ماہانہ دس ہزار سے بھی کم دیتے ہیں۔“

صحافیوں اور سماجی کارکنوں کے مطابق نیوز رومز میں خواتین کا نہ ہونا انہیں نمائندگی سے محروم کرنے اور ان کی آواز خاموش کرانے کے مترادف ہے، اور یہی خواتین کے مسائل کے مؤثر انداز میں اجاگر نہ ہونے کی بڑی وجہ ہے۔

یونیورسٹی آف بلوچستان، سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی اور بیوٹمز کے شعبۂ صحافت میں طالبات کی تعداد خاصی ہے۔ بیوٹمز میں وہ نصف سے زیادہ ہیں، جبکہ بلوچستان یونیورسٹی میں ان کی تعداد پچیس کے قریب ہے۔ تاہم طالبات عملی صحافت میں قدم رکھنے سے کتراتی ہیں اور پرنٹ میڈیا کی طرف تو رجحان ہی نہیں۔ عطیہ اکرم اس کی ایک وجہ جامعات کے نصاب کا عملی میدان سے مختلف ہونا بھی سمجھتی ہیں۔

عرفان سعید کے مطابق پرنٹ میڈیا کا دور ختم ہو رہا ہے اور اخبارات سے ملازمین نکالے جا رہے ہیں۔ خواتین پہلے ہی کم تھیں اور سوشل میڈیا کے دور میں مزید کم ہو گئی ہیں۔ اپنے 35 سالہ کیریئر میں انہوں نے میدان میں ہمیشہ تین چار خواتین ہی دیکھیں، کبھی چار پانچ یا دس نہیں ہوئیں۔ ان کا کہنا ہے، ”بلوچستان میں خواتین کا صحافت میں آنا آسان نہیں۔ کچھ لڑکیاں ڈگری لے کر بھی اس طرف نہیں آتیں، اور اگر کوئی آ بھی جائے تو شادی کے بعد سسرال سے اجازت نہیں ملتی۔“ ان کے بقول اس وقت کوئٹہ کے پرنٹ میڈیا میں دو خواتین کام کر رہی ہیں جنہیں والدین کی سپورٹ حاصل ہے اور ”رکاوٹ پریس کلب، مردوں یا اداروں کی طرف سے نہیں، گھروں سے ہے۔“

کراچی، حب اور کوئٹہ سے شائع ہونے والے انتخاب اخبار کے منیجنگ ایڈیٹر جیئند ساجدی کے مطابق ان کا ادارہ واحد ہے جس نے ایک دہائی قبل ایک خاتون ایڈیٹر، نرگس بلوچ، کو تعینات کیا تھا۔ اب ادارے میں کوئی باقاعدہ خاتون اسٹاف نہیں، البتہ چند خواتین ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے فری لانس وائس اوور کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میڈیا ہاؤسز کو خاتون صحافیوں کو ملازمت دینے میں کوئی مشکل نہیں، خواتین کو خود ان اداروں سے رابطہ کرنا ہوگا۔ روزنامہ آزادی کے ایک رپورٹر نے بتایا کہ ان کے ادارے نے کچھ عرصہ قبل بلوچی زبان کے ڈیجیٹل پیج کے لیے دو خواتین کو نیوز اینکر مقرر کیا ہے۔ روزنامہ جنگ کوئٹہ کے دفتر میں ایک خاتون کام کر رہی تھیں، مگر وہ گزشتہ سال ڈاؤن سائزنگ کی نذر ہو گئیں۔

فضا کنول ایک دہائی قبل کوئٹہ سے شائع ہونے والے ایک قومی اخبار سے وابستہ رہی ہیں اور اب ریڈیو پاکستان سے منسلک ہیں۔ ان کے مطابق کچھ خواتین کو شعبہ اس لیے چھوڑنا پڑا کہ ان کی شادیاں نہیں ہو رہی تھیں۔ ”یہ تو میڈیا میں کام کر رہی ہیں، لوگ کیا کہیں گے“ جیسے جملوں نے بھی خواتین کو شعبہ چھوڑنے پر مجبور کیا۔

اخبارات میں زیادہ تر کام رات کو ہوتا ہے، اس لیے بلوچستان جیسے علاقے میں وہاں خواتین کا ہونا مشکل سمجھا جاتا ہے، اور اخبارات اسی کو جواز بنا کر انہیں جگہ نہیں دیتے۔ سدرہ عارف کے مطابق گھریلو مسائل اور قبائلی معاشرے کے باعث لڑکی رات کو کام نہیں کر سکتی، اس لیے مالکان مرد صحافی کو ترجیح دیتے ہیں۔ فضا کنول نے بھی یہ مسئلہ دیکھا ہے۔ ان کے مطابق نائٹ شفٹ کے باوجود مرد ساتھی کوشش کرتے تھے کہ انہیں رات دس بجے تک گھر جانے دیا جائے۔ ان کا کہنا ہے، ”مردوں کے درمیان کام کرنا میرے لیے مشکل نہیں تھا، بلکہ وہاں موجود مرد خاتون کی موجودگی میں خود کو آرام دہ محسوس نہیں کرتے تھے۔“ ان کے مطابق رپورٹنگ کے دوران ہراسانی بھی خواتین کو صحافت کی اجازت نہ ملنے کی ایک وجہ ہے۔

خواتین کے تحفظ کے لیے پاکستان میں ہراسانی سے تحفظ کا قانون 2010 اور بلوچستان میں کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ کا ایکٹ 2016 (مع ترمیم) موجود ہیں۔

عرفان سعید کے مطابق پریس کلب میں مرد و خواتین کا کوئی امتیاز نہیں اور رکنیت صرف اہلیت پر ملتی ہے۔ کلب کے کل 160 ارکان میں چار خواتین ہیں، جن میں سے دو رکنیت ملنے کے بعد شعبہ چھوڑ گئیں۔ وہ خواتین کے ساتھ خصوصی سلوک کو غلط سمجھتے ہیں۔ ان کے نزدیک خواتین صحافی مردوں سے کم نہیں، اور انہیں الگ شناخت یا خیراتی سیٹ و کوٹہ دینا خود ان کے ساتھ زیادتی ہے۔

گلوبل میڈیا مانیٹرنگ پروجیکٹ 2025 کی رپورٹ کے مطابق رپورٹرز میں خواتین کی شرح 2020 میں 16 فیصد تھی جو 2025 میں گھٹ کر چار فیصد رہ گئی۔1 پاکستان لیبر فورس سروے 2024–25 کے مطابق، ملک کی کل روزگار یافتہ افرادی قوت میں خواتین کا حصہ محض 23.5 فیصد ہے۔2 آئین کا آرٹیکل 34 قومی زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی بھرپور شمولیت پر زور دیتا ہے، مگر عملاً اس طرف توجہ نہیں دی جا رہی۔

بلوچستان اسمبلی میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق مالی سال 2024-25 میں صوبے کے 110 اخبارات کو اشتہارات کی مد میں 52 کروڑ 44 لاکھ 43 ہزار 418 روپے دیے گئے۔ سرفہرست روزنامہ مشرق (4 کروڑ 75 لاکھ 26 ہزار) اور روزنامہ جنگ کوئٹہ (4 کروڑ 70 لاکھ 67 ہزار) رہے۔3 بڑے قومی اخبارات کی طرح مقامی اخبارات نے بھی اسی رقم میں سے حصہ لیا، لیکن ان اداروں میں ایک بھی خاتون صحافی بطور اسٹاف یا رپورٹر کام نہیں کر رہی۔ اس کے باوجود اخبارات میں خواتین کی شمولیت سے متعلق حکومت کی کوئی واضح پالیسی نہیں۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل تعلقاتِ عامہ (ڈی جی پی آر) کے مطابق اخبارات اپنی ادارتی و ملازمتی پالیسیوں اور ادارہ جاتی معاملات میں خودمختار ہیں، اور ”محکمے کا کام حکومتی معلومات کی تشہیر، عوامی آگاہی، میڈیا رابطہ کاری اور اشتہارات کی تقسیم تک محدود ہے۔“ تاہم محکمہ اخبارات میں خواتین سمیت تمام طبقات کی پیشہ ورانہ شمولیت اور سازگار ماحول کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ ڈی جی پی آر کے سعید شاہوانی نے بتایا کہ حکومت نے حال ہی میں بلوچستان ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2026 کی منظوری دی ہے، جس کے تحت خواتین انفلوئنسرز بھی ڈیجیٹل اشتہارات کے لیے باقاعدہ رجسٹریشن کروا رہی ہیں۔ڈی جی پی آر سے حاصل کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق 170 سے زائد افراد اور اداروں نے اب تک رجسٹریشن کروائی ہے، جن میں صرف 14 خواتین شامل ہیں اور ان میں سے بھی بیشتر کا تعلق اسلام آباد یا لاہور سے ہے۔

سدرہ عارف اس پالیسی کو اچھا اقدام سمجھتی ہیں مگر عمل درآمد کا انہیں یقین نہیں، اور انہوں نے خود ابھی رجسٹریشن نہیں کروائی۔ ان کے مطابق ”خواتین صحافی اب تک ڈیجیٹل میڈیا کی طرف نہیں آ رہیں۔ ان کے علم کے مطابق کوئٹہ میں صرف ایک خاتون صحافی سوشل میڈیا پر ہیں۔ جب خواتین سوشل میڈیا پر آئیں گی اور پیج چلائیں گی تو اشتہارات کے لیے اہل ہوں گی۔“ ۔عرفان سعید بھی اس پالیسی کی حمایت کرتے ہیں، ”کم از کم کچھ لوگوں کو ملازمت تو ملے گی۔ جو خواتین سوشل میڈیا پر آ رہی ہیں ہم ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ خواتین کے آنے سے دفاتر کا ماحول بہتر ہوتا ہے۔“ انہوں نے خواتین سے صحافت اپنانے کی اپیل کی۔ سدرہ تجویز کرتی ہیں کہ بلوچستان کی خواتین صحافیوں کی ایک تنظیم ہونی چاہیے جہاں جونیئر اور سینئر مل کر کام کریں تاکہ میدان میں کام آسان ہو۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here