30 آگست 2024
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
جبری گمشدہ افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے لاپتہ افراد کی فیملیز کی جانب سے جمع کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاج میں شرکت کے لئے ملک کے مختلف شہروں سے لاپتہ ہونے والے افراد کی فیملیز نے اپنے پیاروں کی تصاویر لیکر احتجاج میں شرکت کی، اور ان کی بازیابی کے لیے نعرے بھی لگائے۔
احتجاج میں شریک ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ آمنہ مسعود جنجوہ کا کہنا تھا کہ پہلے ان کا احتجاج ڈی چوک پر تھا لیکن وہاں انتظامیہ نے ان کو احتجاج کرنے نہیں دیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ طویل عرصے سے جاری لاپتہ افراد کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔
سولہ سال سے لاپتہ ظہور خان کے والد جان سردار نے بھی احتجاج میں شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ زندہ ہے تو اسے بازیاب کیا جائے۔احتجاج کے دوران والدہ اپنے بیٹے کی گمشدگی پر آبدیدہ ہوگئیں، ان کا کہنا تھا کہ ایک سال سے ان کا بیٹا لاپتہ ہے۔
اپنے بیٹے کی بازیابی کے لئے احتجاج میں شریک مقرب خان کا کہنا تھا کہ اگر میرے بیٹے نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالت میں پیش کرکے اس جرم کی سزا دی جائے۔
احتجاج میں شریک شرکاء کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے جبری گمشدگیوں کا خاتمہ ضروری ہے۔