۵ ستمبر ۲۰۲۴
اسلام گل آفریدی
خیبر
گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہوئیں تو ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں گورنمنٹ ہائی سکول خصارہ کے دیگر طلباء کے ساتھ تیسری جماعت کے حسنین خان بھی اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ سکول پہنچ گئے۔ خیمے کے اندر سکول کی عمارت کے تعمیراتی سامان ہٹانے کے بعد بیٹھنے کے لئے کرسیاں لگا کر اُستاد نے پڑھائی شروع کردی۔ خیمے کے نیچے بیس کے قریب بچے موجود ہیں تاہم یہ جگہ جگہ سے پھٹا ہوا ہے۔ حسنین کا کہنا ہے کہ خیمے میں پڑھائی انتہائی مشکل ہے کیونکہ گرمی میں پنکھے اور دھوپ سے بچانے کے لئے کوئی طریقہ موجود نہیں۔ اُن کے بقول سردی اور بارش میں بھی کافی زیادہ مسائل کاسامنا کرنا پڑا رہاہے۔
2009 کےبعد ضلع خیبر میں دہشت گرد کارروائیوں میں 158سکولوں کی عمارتوں کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا جن میں 63 کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 95سکول مکمل طورپر تباہ ہو گئے تھے۔ گورنمنٹ ہائی سکول خصارہ بھی ان سکولوں میں شامل ہے جن کی عمارت مکمل طورپر تباہ ہو گئی تھی۔ 2015 میں بے گھر افراد کی واپسی کے عمل کے ساتھ ان سکولوں میں پڑھائی خیموں میں شروع ہوئی جبکہ چند سکولوں میں غیر سرکاری امدادی اداروں کی مالی مدد سے فائبر شیٹ سے عارضی کمرے تعمیر کرائے گئے تاہم تیز ہوا اور طوفان کی وجہ سے وہ زیادہ دیرپا ثابت نہ ہوسکے۔
تباہ شدہ سکولوں میں سے 50 پر دوست ملک چین کے 1628ملین روپے کے مالی تعاون سے فروری 2020 میں دوبارہ تعمیراتی کام شروع ہوا جبکہ منصوبے کی تکمیل کی مدت فروری2022مقرر کی گئی تاہم فنڈ کی عدم دستیابی اور تعمیراتی مواد کے ریٹ بڑھ جانے کی وجہ سے ٹھیکیداروں نے منصوبے پر کام بند کردیا۔ صوبائی حکومت نے فنڈ کو بڑھا کر تین ارب اکیس کروڑ کردیا اور منصوبے پر نومبر 2020 میں دوبارہ تیزی سے کام کا آغاز ہوا۔
محکمہ تعلیم کے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ آفیسر نور محمد آفریدی نے بتایاکہ پچاس سکولوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے اور اب تک تین سکولوں کا تعمیراتی کام مکمل کیاجاچکا ہے جو محکمہ تعلیم کے حوالے کی گئی ہے۔ اُن کے بقول ڈیڑھ مہینے میں مزید دس سکولوں کو مکمل کرلیا جائیگا جبکہ رواں برس 31دسمبر، تمام سکولوں کی تعمیر کا کام مکمل کرنے کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ اُنہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد اس وجہ سے ان تینوں سکولوں میں بچوں کو منتقل نہیں کیاگیا کیونکہ اُس میں دفتری اُمور نمٹانا باقی ہیں۔
علاقے کے سیاسی و سماجی کارکن زاہد اللہ آفریدی نے بتایاکہ دہشت گردی کی لہر سے پہلے علاقے میں شرح خواندگی کافی زیادہ تھی لیکن بڑی تعداد میں تعلیمی ادارے تباہ ہونے سے علاقے میں تعلیمی سرگرمیاں کافی متاثر ہوچکی ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ پہلے سے لڑکیوں کی شرح تعلیم کم تھی لیکن تعلیمی اداروں کی عمارت نہ ہونے کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کوپڑھائی کے لئے نہیں بھیجتے۔اُنہوں نے کہا کہ چین کے مالی تعاون سے تعمیر ہونے والے پچاس سکولوں کی تعمیر کا منصوبہ کافی تاخیر کا شکار ہوا تاہم اب اُمید ہے کہ رواں سال یہ مکمل ہوکر علاقے کی تعلیم کی شرح کے ساتھ بہتر معیار کا سبب بنے گا۔
محکمہ تعلیم خیبر کے مطابق تباہ شدہ پچاس سکولوں میں 24لڑکیوں اور 12لڑکوں کے پرائمری، 2لڑکیوں اور 4لڑکوں کے مڈل،1لڑکیوں اور 6لڑکوں کے ہائی اور ایک لڑکیوں کے ہائیرسکینڈری سکول شامل ہیں۔ ادارے کے مطابق ان سکولوں میں پچیس سے تیس ہزار بچے زیر تعلیم ہیں۔
گورنمنٹ ہائی سکول خصارہ کے ہیڈماسٹر نواب گل آفریدی نے بتایاکہ 2015سے آج تک بچوں کو خیموں میں تعلیم دی جاتی ہے اور بنیادی سہولیات نہ ہونے کے باجود بھی حالیہ بورڈ کے نتائج میں ہمارے سکول کے نویں جماعت کے طالب علم نے560 نمبر لیکر پوری ضلع خیبر میں پہلی جبکہ دسویں جماعت کے طالب علم نے 1065نمبرز حاصل کرکے ساتویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ سکول کا ستر فیصد تعمیراتی کام مکمل ہے جبکہ اُمید ہے کہ باقی دسمبر تک مکمل ہوجائیگا۔
محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے مطابق پندرہ تک مزید ایسے سکولز ہیں جو بدامنی کی لہر میں تباہ ہوچکے ہیں تاہم اب تک اُن کی دوبارہ تعمیر کے لئے کوئی اقدام نہیں اُٹھایاگیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں تعلیم کی شرح 51فیصد ہے تاہم دہشت گردی کی لہر اور کم سہولیات کے بناء پر ضم قبائلی اضلاع میں یہ شرح 28فیصد ہے۔
پچاس سکولوں کی تعمیر کا منصوبہ تاخیر کا شکار کیوں ہوا؟
خیبر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے سابق صدر حاجی بادشاہ خان کے پاس چائنہ فنڈ سے تعمیر ہونے والے پچاس میں سے چار سکولوں کا ٹھیکہ ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ 2018میں پچاس سکولوں کی تعمیر کا ٹینڈر ہوا اور جون 2019میں کام کا اجازت نامہ یا ورک آرڈر موصول ہوا لیکن فنڈ کی عدم دستیابی کے بناء پر متعلقہ محکمے کی طرف سے کہاگیا کہ فی لحال کام شروع نہ کیا جائے۔ اُن کے بقول پاکستانی اور چینی حکام کے درمیان فنڈ کی منتقلی کے حوالے سے طویل مشاورت کی گئی لیکن کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ اُنہوں نے کہاکہ ڈیڑھ سال بعد خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی فنڈمہیا کرنے کا فیصلہ کرلیا اور فروری 2020 میں تعمیراتی کام شروع ہوا۔اُنہوں نے کہاکہ تعمیراتی مواد کے 2012 سال کے شیڈول ریٹ لگائے گئے جس میں ٹھیکیدار کو پہلے سے نقصان کا اندیشہ تھا لیکن دوسری طرف فنڈ کی شدید کمی اور مانیٹرنگ کے بہانے نسپاک کی جانب سے کام تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے آگست 2021کو مجبورا تمام سکولوں پر تعمیراتی کام بند کرنا پڑا۔ اُنہوں نے کہا کہ فروری2022 میں کام ختم کرنے کی مدت مقرر کی گئی لیکن تمام ٹھیکیداروں نے سی اینڈ ڈبلیو کو تحریری طور بتایا کہ تعمیراتی مواد کے 2021-22 شیڈول ریٹ کے ساتھ دوبارہ ٹینڈر کیا جائے جبکہ پہلے سے بقایاجات اور سیکیورٹی رقم واپس کردی جائے۔
19اپریل 2021کو خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی محمود خان اور چینی سفیر نے پشاور میں باڑہ چائنہ فنڈ سے تعمیر ہونے والے سکولوں کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ وائس پی کے ڈاٹ نیٹ کو محکمہ سی اینڈ ڈبلیو بلڈنگ ڈویژن خیبر سے حاصل کی گئی دستاویزات کے مطابق 12جنوری 2017کو تعمیراتی مواد کے 2012ریٹ کے مطابق ایک ارب 62کروڑ89لاکھ روپے مختص کردیئے گئے۔ چین نے اس سے زیادہ پیسے دینے سے معذرت کرلی تاہم کافی کوششوں کے بعد خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے 2022 کے تعمیراتی مواد کے ریٹ کے مطابق پچاس سکولوں کے ازسر نو بجٹ تیار کرکے ان کو بڑھا کر تین ارب 21کروڑ 57لاکھ روپے کردئیے۔
علاقے سے سابق ممبر صوبائی اسمبلی اور ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کونسل(ڈیڈک) کے چیئرمین شفیق آفریدی نے بتایاکہ معاہدے کے باوجود چین کے بروقت فنڈ جاری نہ کرنے کی وجہ سے پچاس سکولوں کی تعمیر کا منصوبہ کافی تاخیر کا شکار ہوا۔ اُنہوں نے کہا کہ مسلسل کوششوں کے بعد سابق صوبائی وزیر اعلی کو اس فیصلے پر مجبور کردیا کہ ان تباہ شدہ سکولوں کی تعمیر نو کے لئے فنڈ میں اضافہ کرکے علاقے کے عوام پر احسان کریں۔