تحریر اسلام گل اور ریحان پراچہ


پشاور:

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں پولیس نے گزشتہ روز پشتون تحفظ موومنٹ کے کیمپ پر دھاوا بولا اور کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی.تنظیم کے مطابق صوبے بھر میں انکے کارکنان پر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے اور سینکڑوں ورکرز کو گرفتار کر لیا گیا ہے ..
پشتون تحفظ موومنٹ کا کیمپ خیبر اور پشاور کے سنگم پر لگایا گیا تھا جہاں پر گیارہ اکتوبر کو پشتون قومی جرگہ کا انعقاد کیا جانا ہے۔ کارکنان اپنے کیمپ میں قومی جرگہ کے لیے انتظامات میں مصروف تھے کہ اچانک پولیس نے کیمپ پر دھاوا بولا اور اس کے بعد مختلف اضلاع میں پی ٹی ایم کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا.

خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا پشتون تحفظ موومنٹ کے کیمپ پر خیبرپخوتنخوا کی پولیس کی کارروائی وفاقی حکومت کے احکامات پر کی گئی . انہوں نے اپنے ایکس ہینڈل سے اس ضمن میں وفاقی حکومت کا خط بھی شیر کیا . صوبائی چیف سیکرٹری کو لکھے گئے خط میں وفاقی وزارت داخلہ نے ہدایت کی کہ پی ٹی ایم کے ریاست مخالف بیانیہ اور نسلی منافرت میں ملوث ہونے پر اُنکے خلاف کارروائی کی جائے ۔جس کے بعد پشتون تحفظ موومنٹ کے مطابق لوئر دیر، مہمند، کرک، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، جنوبی وزیرستان، صوابی اور سوات کے اضلاع میں سینکڑوں پی ٹی ایم کارکن کو پولیس اور مقامی انتظامیہ کے کریک ڈاؤن میں گرفتار کر لیا گیا ہے. گرفتاریاں تھری ایم پی او کے تحت کی جارہی ہیں.
پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین نے کل کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمّت کی اور اپنے وڈیو بیان میں پولیس پر نہتے شہریوں پر فائرنگ کرنے کا الزام لگایا۔منظور پشتین نےکہا پختون قوم امن کے لئے اکھٹی ہو رہی تھی اور ایک جرگہ کرنے جا رہی تھی لیکن پولیس نے ان کو فائرنگ کا نشانہ بنایا ۔انھوں نے کہا کہ

“آپ نے اُس خیمے کو جلایا کہ جہاں شہیدوں اور لاپتہ ،اجڑے اور لٹے پٹے افراد کے گھر والوں نے آنا تھے۔”

منظور پشتین نے مزید کہا کہ پولیس نے خیمے نہیں جلائے بلکہ ملت کا لباس جلایا ہے ۔”اگرچہ ہمیں یہ بھی علم ہے کہ یہ آپکا ذاتی مسئلہ تو نہیں تھا لیکن جو یہاں امن نہیں چاہتے آپ نے اُن کے کہنے پر یہ سب کیا۔”
پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ کے مطابق اس عمل پر ساری پختون قوم خفا ہے اورحالات کو مزید کشیدہ کیا جارہا ہے.”آپ چھاپے مار رہیں اور گرفتاریاں کی جارہی ہیں لیکن ہم تو ہر طرف سے رکاوٹوں کا شکار ہیں ۔اس ملک میں تو انسان کیا جانوروں کو بھی جلایا گیا ہے ۔بازار جلائے گئے ۔ہزاروں لوگ لاپتہ ہیں ۔شہر تباہ ہیں۔
خیمہ پھر لگ جائے گا لیکن آپ اپنا یہ داغ نہیں مٹا پاؤ گے،” منظور پشتین نے اپنے بیان میں کہا.

منتظمین کا کہنا ہے پولیس نے انتظامی کیمپ میں موجود سامان بھی چھین لیا تھا لیکن وہ پرعزم ہیں کہ پشتون قومی جرگہ کے انعقاد حوالے سے انتظامات مکمّل کر لیں گیں۔
گزشتہ روز کے پرامن اجتماع پر پولیس شیلنگ اور کریک ڈاون کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کر دی گئی ۔ جس میں وفاقی، صوبائی حکومت، چیف سیکرٹری، آئی جی اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے. عدالت درخواست کو چار اکتوبر کو سنے گی.
اس پختون جرگہ کے انعقاد سے امید کی جارہی ہے کہ یہ صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی لانے میں معاون ثابت ہو گا

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here