۱۷ اکتوبر ۲۰۲۴
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ میں ماہ رنگ بلوچ کا نام سفری پابندیوں کی فہرست سے نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ماہ رنگ بلوچ کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کراچی پر بیرون ملک سفر سے روکا گیا تھا۔
ماہ رنگ بلوچ اپنی وکیل ایمان مزاری ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ دوران سماعت، چیف جسٹس عامر فاروق نے روسٹرم پر موجود ماہ رنگ بلوچ کو اپنی نشست پر بیٹھنے کی ہدایت کی اور ایمان مزاری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بات کر لیں، یا ماہ رنگ بلوچ کو بحث کرنے دیں۔
ایمان مزاری نے عدالت کو بتایا کہ ماہ رنگ بلوچ کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل ہے اور اس لسٹ کو ایجنسیز دیکھتی ہیں، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ انٹیلیجنس ایجنسی کو اس معاملے میں کیوں فریقبنایا گیا ہے اور ان کا اس سے کیا تعلق ہے؟
عدالت نے وزارت داخلہ اور ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔
