۲۸ نومبر ۲۰۲۴
تحریر : رانا مالہی ، اعتزاز ابراہیم
لاہور
میڈیا کا بنیادی کردار غیرجانبداری برقرار رکھتے ہوئے حکومتی اور اپوزیشن دونوں کے بیانیے کو یکساں کوریج فراہم کرنا ہے۔ تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان میں روایتی میڈیا پر حکومتی بیانیے کی طرف جھکاؤ واضح نظر آتا ہے۔ یہ صورتحال اس وقت نمایاں ہوتی ہے جب اپوزیشن یا حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی جماعتوں کے جلسے، جلوس، یا ریلیوں کو روایتی میڈیا پر بلیک آؤٹ کردیا جاتا ہے۔24 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کومین سٹریم میڈیا پر کم سے کم کوریج ملی، جبکہ حکومتی بیانیے کو زیادہ نمایاں طور پر پیش کیا گیا۔ مظاہرین پر ہونے والے کریک ڈاؤن کو بھی مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا۔
سینئر صحافی خاور نعیم ہاشمی نے میڈیا پر حکومتی کنٹرول کے حوالے سے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ”اگر حکومت میڈیا کو کنٹرول ہی کرنا چاہتی ہے اور ریاستی بیانیے کے علاوہ کچھ اور چلنے نہیں دینا، تو میڈیا پر پابندی لگا دینی چاہیے۔‘‘
دوسری جانب، میڈیا بلیک آؤٹ پر مظاہرین نے صحافیوں اور میڈیا دفاتر کو اپنے غم و غصہ کا نشانہ بنایا۔ایک نیوز چینل سے وابستہ صحافی کرن خان نے بتایا کہ پی ٹی آئی کارکنان نے ایک نیوز کے دفتر کے شیشے توڑے اور تمام عملہ خوف کے باعث اندر محصور رہا۔عالمی میڈیا ادارے انڈیپینڈنٹ اردو کی رپورٹر قرت العین شیرازی جو احتجاج کی کوریج کے لئے ڈی چوک پر موجود تھیں، انہیں بھی مظاہرین نے زخمی اور ہراساں کیا۔ ان کا کہنا تھا دو لوگ آئے، دھکے دیے اور کسی نوکیلی چیز سے انکا پاؤں زخمی کیا۔
مظاہرین نے اسلام آباد کے نیشل پریس کلب کو بھی نشانہ بنایا نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی سیکریٹری جنرل نئیر علی نے بتایا تقریباً 70 سے 80 مظاہرین نے پریس کلب کے گیٹ کو توڑنے کی کوشش کی اور اندر داخل ہونے کی کوشش بھی کی گئی۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی ڈائریکٹر فرح ضیا کا کہنا ہے کہ میڈیا پر حکومتی کنٹرول کی تاریخ کوئی نئی بات نہیں۔ اسی کنٹرول کی وجہ سے پاکستان اپنا آدھا ملک کھو چکا ہے۔ لیکن آج کے ٹیکنالوجی کے دور میں سچ کو دبانا ممکن نہیں۔
میڈیا کی آزادی جمہوریت کا بنیادی ستون ہے۔ حکومتی کنٹرول اور بلیک آؤٹ جیسے اقدامات عوام کے حقِ معلومات اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے خطرہ ہیں۔