۲۷ دسمبر ۲۰۲۴
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کی جیلوں میں اصلاحات کے حوالے سے 14 سال پرانے کیس پر فیصلہ سناتے ہوئے کئی اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ جسٹس عابد عزیز شیخ نے 2010 میں انسانی حقوق کی کارکن ردا قاضی کی دائر کردہ عوامی مفاد کی درخواست پر تفصیلی فیصلہ سنایا، جس میں جیلوں کی حالت، گنجائش سے زیادہ قیدی رکھنے، اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔
سرکاری محکموں کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹوں سے یہ بات سامنے آئی کہ پٹیشن دائر کرنے کے وقت، پنجاب بھر کی 32 جیلوں میں 52,803 قیدی تھے جب کہ گنجائش 21,527 تھی، جس سے 146 فیصد اوور کراوڈنگ ظاہر ہوتی ہے۔
عدالت نے بتایا کہ یہ صورتحال انسانی حقوق کے بین الاقوامی معیارات اور آئین پاکستان میں فراہم کردہ بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 13 نئی جیلیں تعمیر کی گئی ہیں، جس سے 2024 تک جیلوں کی کل تعداد 43 ہو گئی ہیں، جن میں اوکاڑہ، پاکپتن، لیہ، بھکر اور راجن پور کی ڈسٹرکٹ جیلوں کے ساتھ ساتھ ساہیوال اور میانوالی کی دو ہائی سکیورٹی جیلیں شامل ہیں۔ اور مجموعی گنجائش 37,563 قیدیوں تک بڑھا دی گئی ہے۔
عدالت نے ننکانہ صاحب، چنیوٹ، اور خوشاب میں نئی جیلوں کی تعمیر کی سفارش کی تاکہ قیدیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر بہتر انتظامات ممکن ہو سکیں۔
عدالت نے خواتین قیدیوں کے حقوق کے تحفظ پر بھی زور دیا اور لاہور، فیصل آباد، اور راولپنڈی میں خواتین کے لیے مخصوص جیلوں کے قیام کی سفارش کی۔ اس کا مقصد خواتین قیدیوں کو محفوظ اور مناسب ماحول فراہم کرنا ہے۔ مزید برآں، خواتین قیدیوں کے لیے الگ بیرکس اور مکمل تحفظ کے ساتھ نئی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔
ذہنی بیمار قیدیوں کے حوالے سے فیصلے میں کہا گیا کہ ان کے علاج کے لیے خصوصی وارڈز یا اسپتالوں کا قیام ضروری ہے۔ عدالت کو حکومتی اداروں کی طرف سے بتایا گیا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں ذہنی بیمار قیدیوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، ذہنی صحت کی دیکھ بھال کے لیے جیلوں میں ماہر نفسیات کی خدمات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ پنجاب کی 9 سینٹرل جیلوں اور صوبے کی 9 ڈویژنل انسداد دہشت گردی عدالتوں میں ویڈیو ٹرائل سسٹم لگایا گیا ہے اور یہی سہولت آئندہ برسوں میں پنجاب کی باقی تمام جیلوں میں بھی لگائی جائے گی۔
فیصلے میں جیلوں کے انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا گیا۔ عدالت نے کہا کہ جیل کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے اور ایک مرکزی نظام کے تحت محفوظ کیا جا رہا ہے۔ ویڈیو ٹرائل سسٹم کے نفاذ کو بھی سراہا گیا، جس کے ذریعے قیدیوں کو عدالت لے جانے کے اخراجات میں کمی آئی اور مقدمات کی سماعت کے عمل میں تیزی آئی۔
عدالت نے طویل مدتی قیدیوں کے لیے اوپن جیلز کے قیام کی سفارش کی، جہاں کم سیکیورٹی میں سزا کے آخری سال میں قیدیوں کو رکھا جا سکے تاکہ وہ معاشرے میں دوبارہ شامل ہو سکیں۔ اس کے علاوہ، جیلز میں مزید سکلز کورسز کروانے کی ہدایت دی گئی تاکہ قیدیوں کو ہنر سکھا کر ان کی بحالی ممکن ہو سکے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ قیدیوں کے لیے خوراک کے معیار کو بہتر بنایا گیا ہے اور متوازن غذا کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ قیدیوں کو فراہم کی جانے والی خوراک کا مینو ماہر غذائیت کے مشورے سے تیار کیا گیا ہے، اور معیاری اجزاء کے حصول کو یقینی بنایا گیا ہے۔
مزید برآں، عدالت نے تمام اقدامات کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی کے قیام کی ہدایت دی، جو جیلوں کے نظام میں مزید اصلاحات کے لیے تجاویز پیش کرے گی۔عدالت نے تمام اقدامات کی باقاعدہ نگرانی کا حکم دیا اور حکومت کو ہدایت دی کہ ہر سہ ماہی میں پیش رفت کی رپورٹ پیش کی جائے۔