۷ دسمبر ۲۰۲۴ 

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

 ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) اور خواجہ سرا سوسائٹی نے صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 دن کی مہم کے سلسلے میں گزشتہ روز ایچ آر سی پی کے آڈیٹوریم میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب میں خواجہ سرا افراد کے خلاف صنفی تشدد کے مسائل کو اجاگر کیا گیا، جس میں خواجہ سرا افراد کی زندگی کی مشکلات اور سماج میں ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے رویوں کی عکاسی کرنے والی فلم کی نمائش کی گئی۔ علاوہ ازیں، ڈرامہ پرفارمنس بھی پیش کی گئی جس میں خواجہ سرا افراد کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو ظاہر کیا گیا۔

تقریب میں خواجہ سرا کمیونٹی کے افراد، انسانی حقوق کے کارکنان، مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے تقریب کے دوران خواجہ سرا افراد کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں، بدسلوکی اور سماج کی جانب سے ان کے خلاف جاری امتیازی سلوک پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر ایک پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا جس میں خواجہ سرا کمیونٹی کے مسائل پر تفصیل سے بات کی گئی اور حاضرین نے سوالات کیے۔

خواجہ سرا سوسائٹی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ماہ نور چوہدری نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانس جینڈر افراد معاشرتی سطح پر تشدد کا شدید شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری تنظیم کے اعداد و شمار کے مطابق، پنجاب میں اب تک 271 تشدد کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جو کہ اس بات کا غماز ہے کہ خواجہ سرا افراد کو ابھی تک معاشرتی طور پر مکمل طور پر تسلیم نہیں کیا گیا اور وہ مختلف مسائل کا شکار ہیں۔ ماہ نور چوہدری نے مزید کہا کہ خواجہ سرا افراد کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں بے شمار مشکلات کا سامنا ہے، اور ان کی بنیادی حقوق کے لیے لڑائی اب بھی جاری ہے۔

پینل ڈسکشن میں شریک ٹرانس رائٹس ایکٹوسٹ ڈاکٹر سعدیہ سالار نے اس بات پر زور دیا کہ صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف مہمات میں خواجہ سرا افراد کے نقطہ نظر کو اکثر نظرانداز کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ مہمات میں خواجہ سرا افراد کی آواز بھی سنی جائے کیونکہ وہ بھی باقی افراد کی طرح انسانی حقوق رکھتے ہیں اور ان کا مساوی سلوک کا حق ہے۔

پینل ڈسکشن میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ حکومت کی جانب سے خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے ترقی کے مساوی اور یکساں مواقع نہ ملنے کی وجہ سے ایک بڑی تعداد اپنی زندگی گزارنے کے لیے ناچنے یا بھیک مانگنے پر مجبور ہو جاتی ہے۔ سماج کی جانب سے نفرت اور عدم قبولیت کی وجہ سے خواجہ سرا افراد کو بنیادی ضروریات اور حقوق سے بھی محروم رکھا جاتا ہے، جو کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اس موقع پر شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ خواجہ سرا کمیونٹی کے لیے زیادہ مواقع فراہم کرے تاکہ وہ بھی معاشرے میں باعزت زندگی گزار سکیں۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here