۲۴ دسمبر ۲۰۲۴

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

حکومت نے ملک بھر کے تعلیمی اداروں، کالجز، جامعات اور سرکاری دفاتر میں سیاسی اور مذہبی مباحث پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد پیشہ ورانہ اور تعلیمی ماحول میں تقسیم پیدا کرنے والے مباحث کو روکنا ہے، اور اس پالیسی پر فوری عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

اٹک میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے راولپنڈی کے کمشنر کی منظوری سے دو خواتین اساتذہ کو اسکول کے اوقات کار میں سیاسی گفتگو کرنے پر معطل کر دیا ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مسرت سلطانہ کو معاملے کی تحقیقات کر کے تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

حکام نے تمام سرکاری اسکولوں، محکموں کے سربراہان، اور محکمہ صحت کو باقاعدہ نوٹس جاری کیے ہیں، جن میں سختی سے خبردار کیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر نے اس حکم نامے پر فوری عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو سختی سے اس پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس فیصلے کو مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن اور متعدد اساتذہ تنظیموں نے اس پابندی کو مسترد کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار پر قدغن قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام تعلیمی اداروں میں تنقیدی سوچ اور اظہار کی آزادی کو دبانے کی کوشش ہے۔

تاہم، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی نے اس فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کا حکم دیا ہے اور اسکول سربراہان کو اس نئی پالیسی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔

حکومت کے اس اقدام پر مبصرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایسے اقدامات کی تاریخی نظیر موجود ہے، جہاں سیاسی گفتگو پر پابندیوں کا مقصد اختلاف رائے کو دبانا اور موجودہ نظام کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔ مبصرین کو خدشہ ہے کہ یہ نیا حکم نامہ عوامی اداروں میں کھلے مکالمے کی گنجائش کو مزید محدود کر سکتا ہے۔

اٹک کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) نے اتوار کے روز تین اساتذہ، بشمول دو خواتین، کو سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور سوشل میڈیا پر حکومت مخالف مواد اپلوڈ کرنے پر معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

معطل ہونے والے اساتذہ میں کوکب شیرین، مس ساجدہ، اور توصیف احمد شامل ہیں، جو حضرو اور جند کے اسکولوں میں خدمات انجام دے رہے تھے۔

معطل شدہ اساتذہ کو فوری طور پر اٹک کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے سامنے تحقیقات کے لیے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں ماضی میں بھی ایسے اقدامات دیکھنے کو ملے ہیں، جن کے ذریعے تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر میں سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کی گئیں۔ سابق حکومتوں کے دور میں متعدد بار طلبہ تنظیموں پر پابندیاں لگائی گئیں، خاص طور پر جنرل ضیاء الحق کے دور میں طلبہ یونینز پر مکمل پابندی لگا دی گئی تھی، جس کے اثرات آج بھی مل رہے ہیں۔

اسی طرح 2019 میں پنجاب حکومت نے سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کو کسی بھی قسم کی سیاسی یا مذہبی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے منع کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی، 2021 میں وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کو سوشل میڈیا پر کسی بھی سیاسی رائے کے اظہار سے روکنے کے لیے قواعد و ضوابط متعارف کرائے تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here