۲۰ جنوری ۲۰۲۴
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
کراچی
کراچی کے علاقے لیاری میں 18 جنوری کو بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی جانب سے نکالی گئی ریلی پر پولیس نے کریک ڈاون کرتے ہوئے 25 افراد کو حراست میں لیا، جن میں 13 خواتین بھی شامل تھیں۔ پولیس نے 12 کارکنوں کے خلاف ریاست مخالف نعرے لگانے، بغاوت اور اشتعال انگیزی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق، مقدمہ کلاکوٹ تھانے میں ریاست کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں کارکنوں پر غداری، اشتعال انگیزی، غیر قانونی اجتماع، عوامی امن و امان میں خلل ڈالنے اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ گرفتار کارکنوں میں بی وائی سی کے نائب منتظم لالہ وہاب بلوچ بھی شامل ہیں، جنہیں تین روزہ عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق خواتین کارکنوں کو حراست میں لینے کے بعد رات کو رہا کر دیا گیا تھا۔
State Crackdown on BYC’s Peaceful Gathering in Karachi: A Stark Display of State Repression
The State of Pakistan has once again demonstrated its authoritarian tendencies by employing excessive force to suppress a peaceful assembly. This heavy-handed response is a glaring… pic.twitter.com/uAIFDaYnWJ
— Mahrang Baloch (@MahrangBaloch_) January 18, 2025
پولیس کارروائی کے خلاف گزشتہ روز بلوچ یکجہتی کمیٹی کی خواتین کارکنوں نے کراچی کے علاقے شرافی گوٹھ، ملیر میں احتجاج کیا۔ احتجاج میں بڑی تعداد میں خواتین شریک ہوئیں، جنہوں نے لیاری میں پولیس کے کریک ڈاؤن کی مذمت کی اور گرفتار کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما سمی دین بلوچ نے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ لیاری میں ریلی پر پولیس کارروائی غیر قانونی ہے اور بی وائی سی کی پرامن جدوجہد کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سمی دین کا کہنا تھا کہ 25 جنوری کو دالبندین میں ’بلوچ نسل کشی کی یادگار دن ‘ کے موقع پر ایک بڑا اجتماع منعقد کیا جائے گا۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مطابق لیاری میں نکالی گئی ریلی 25 جنوری کو دالبندین میں ہونے والے اجتماع کے لیے عوام کو متحرک کرنے کی مہم کا حصہ تھی۔ تنظیم کے جاری بیان میں کہا گیا کہ بلوچ عوام کو جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، اور مسلسل ریاستی جبر کا سامنا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بلوچستان کے عوام کو بنیادی سہولیات تک رسائی حاصل نہیں اور انہیں ترقیاتی عمل سے محروم رکھا گیا ہے۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے لیاری میں بلوچ یکجہتی کیمٹی کی ریلی پر پولیس کریک ڈوان کی مذمت کرتے ہوئے تمام کارکنان کی رہائی اور ان کے خلاف الزامات واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔

یاد رہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی نے 25 جنوری کو بلوچستان کے علاقے دالبندین میں ’بلوچ نسل کشی کی یادگار دن‘ منانے کا اعلان کر رکھا ہے، جس کا مقصد بلوچستان میں مبینہ ریاستی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔