تحریر: عصمت اللہ نیازی


لاہور

میری جنریشن اُس دور کی پیدوار ہے جب  پولیو  دنیا بھر میں پھیلا ہوا تھا اور  پولیو کو کنٹرول لئے  نہ کوئی دوا ابھی ایجاد ہوئی تھی اور نہ کوئی ویکسین۔  اگر تھی بھی تو امریکہ میں ابتدائی مراحل میں ٹیسٹ کی جا رہی تھی. میں خود پیدائش کے چھ ماہ  بعد ہی پولیو کے موذی مرض کا شکار ہو گیا تھا ، اور جب ہوش سنبھالا تو اپنے آپکو اور والدین کو علاج کی غرض سے ہسپتالوں کے چکر  کاٹتے  دیکھا. 

پولیو کے مرض میں مبتلا ہو جانے کے بعد انسان ہمیشہ ہمیشہ کے لئے جسمانی معذوری کا شکار ہو جاتا ہے، کیوں کہ فزیو تھراپی یا سرجری سے وقتی طور پر بہتری تو آسکتی ہے لیکن اسکا مکمل علاج ابھی تک ممکن نہیں ہو سکا ، یہی وجہ ہے کہ آج  کے جدید اور ترقیاتی دور میں بھی پولیو ویکسین کی قطرے ہی اس  خطرناک بیماری سے بچاؤ کا واحد  ذریعہ ہے . پولیو دنیا بھر میں ختم ہو چکا ہے لیکن پاکستان اور افغانستان دو ہی ممالک رہ گئے ہیں جہاں اب بھی پولیو کے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں، جس کی مختلف وجوہات بیان کی جاتی ہیں .

پاکستان 2025 میں  پولیو کے 68 کیسز کے ساتھ داخل ہوا کیوں کہ اکتوبر دو ہزار چوبیس  سے لیکر  سال کے خاتمے  تک پولیو کیسز کی تعداد 41 سے   بڑھ کر 68 تک آچکے ہیں. معاملہ دن بدن خطرناک صورتحال اختیار  کرتا جا رہا ہے کیوں کہ پولیو کے کیسسز پر کنٹرول کرنے کی اب تک کوئی مربوط اور موثر حکمت عملی اختیار نہیں کی جا سکی. ہر نئی  آنے والی حکومت بجائے اسکے کہ پالیسیوں کا تسلسل رکھے، پچھلی حکومت کی پالیسی کو یکسر بدل کر نئے چہروں کے ساتھ نئی پالیسی اختیار کر لیتی ہے۔ 

پاکستان میں پولیو کے قطرے پلانے کا  آغاز 1994 میں شروع ہوا جسکے بعد پولیو کیسز کی کمی بھی دیکھی گئی ، لیکن  ملک میں مذہبی انتہا پسند تنظیموں اور طالبان نے پاکستان اور افغانستان  میں  پولیو کے خلاف ایک منظم مہم چلائی کہ پولیو سے بچاؤ کے  قطروں میں ایسا مواد یا اجزا شامل ہوتے ہیں جو اسلام میں حرام ہیں۔ مثلاً جھوٹا پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ قطروں میں ثور کے گوشت کے اجزا شامل ہوتے ہیں۔ اس مہم کے نتیجے میں ان علاقوں میں خاص کر  خیبر  پختونخواہ  اور بلوچستان میں  والدین نے نومولود  بچوں کو  پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے گریز کرنا شروع کر دیا . جس سے نہ صرف خیبر  پختونخواہ اور بلوچستان میں  پولیو کے کیسسز کی تعداد بڑھی بلکہ، کراچی سمیت سندھ، اور پنجاب کے اُن علاقوں میں بھی پولیو کے کیسز رپورٹ ہونے  لگے، جہاں تعلیم اور پولیو جیسے موزی مرض سے آگاہی کی کمی ہے. اس جھوٹے پروپیگنڈہ سے نقصان ان بچوں کو اور انکے والدین کو ہوا جو پولیو کے مرض میں مبتلا ہوگئے۔ کیونکہ بچہ ہمیشہ کے لئے معذور ہوگیا اور والدین اس بچے کے ساتھ ہمیشہ کے لئے متاثر ہوگئے اور بچے کو اپنے اوپر بوجھ سمجھتے رہیں گے۔ یہاں تک کہ خصوصی بچوں کو والدین خود امتیازی سلوک کا نشانہ بناتے ہیں۔ 

پولیو سے بچاؤ کی مہم کو  اُس وقت شدید  دھچکا پہنچا جب امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی  اے نے  دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو تلاش کرنے کے لئے ہپاتیٹس کی ایک جعلی  مہم چلائی اور 2011 میں ایبٹ آباد کے قریب آپریشن کر کے اسے ہلاک کر دیا. اُس وقت سے لیکر آج تک انتہا پسند گروپس پولیو کے قطروں کی مہم کے خلاف نہ صرف  باقاعدہ پروپیگنڈہ کرتے ہیں بلکہ ملک بھر میں  پولیو مہم میں شامل ٹیموں پر حملے کر کے  ہیلتھ ورکرز کو ہلاک  کر دیتے ہیں – پولیو سے بچاؤ کی  2012 سے اب تک  مہم کے دوران  200  فیلڈ ورکر ، اہلکار اور سیکورٹی فراہم کرنے والے  عملے کے افراد ہلاک کر دئیے گئے۔ 

 کورونا وائرس جو 2020 مین پھیلا اس کے بعد سے ااب تک پولیو ورکروں پر حملوں سے قطرے پلانے کی مہموں کو شدید نقصان پہنچا. صرف گزشتہ سال ستمبر میں دس لاکھ بچے پولیو کے قطروں سے محروم رہے  جس کی وجہ سے اس خطرناک مرض میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔             

پاکستان میں عام طبقہ پہلے ہی غذائیت کی کمی کا شکار ہیں۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ملک کی 66 فیصد آبادی غذائیت سے بھرپور خوراک سے محروم ہے۔ اور بلوچستان میں تو یہ شرح 88 فیصد تک ہے۔ یہ صورتحال بھی  ایک اور وجہ ہے جس کے باعث حکام کے مطابق پاکستان میں پولیو مہم غیر موثر ثابت ہو رہی ہے۔ پولیو تیزی سے پھلنے والی بیماری ہے، جو متاثرہ  فرد کے فضلے سے سیوریج سسٹم میں جا کر  دوسرے  لوگوں کو بھی متاثر کرتے ہے . شہروں میں صفائی  کے ناقص نظام کی وجہ سے  پولیو کے جراثیم پھلتے رہتے ہیں . 

اسکے علاوہ  پولیو کے قطرے پلانے والے ورکروں کا معاوضہ انتہائی کم بتایا جاتا ہے۔ بعالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق  ایک ورکر جو دن بھر پیدل چل کر گھر گھر جا کر  بچوں کو قطرے پلاتے ہیں ، 5 ڈالر ، یا پاکستانی رپوں میں 1360 روپے کی دیہاڑی لگا پاتا ہے جو اسکی مشقت اور محنت کے لحاظ سے ناکافی ہے . اس میں بھی ورکروں کو  امتیازی سلوک کا  پڑتا ہے . یہ رویہ بھی  پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کو متاثر کرتا ہے اور مرض پھیلاؤ کا سبب بنتے ہے۔ 

پولیو کا مرض نہ صرف عمر بھرکی معذوری کا معاملہ ہے بلکہ فرد عورت ہو یا مرد وہ معاشرے میں امتیازی سلوک کا بھی سامنہ کرتا ہے ، چاہے گلی محلہ ہو یا اسکول یا ہھر کام کرنے جگہ جسمانی طور پر خصوصی افراد کو مساوی حقوق ملنا اور اہلیت ہونے کے باوجود انہیں ترقی کرنے کے مواقع کم ملتے ہیں۔ 

صورتحال اب بھی کنٹرول کی جا سکتی  ہے کیوں کی 2020 تک پولیو کی 12 اقسام  کے وائرس  موجود تھے، جو اب کم ہو کر اب 2 بنیادی اقسام تک محدود ہیں .  عالمی ادارہ صحت حکومتیں اور دوسرے غیر حکومتی ادارے پولیو کے قطروں کے خلاف پرپیگنڈہ کا مقابلہ اب نہ صرف مین سٹریم میڈیا پر کر رہی ہے بلکہ با اثر اور مشہور  اور چیدہ  چیدہ شخصیات اور انفلونسرز کو بھی استعمال کر رہے ہیں. تاہم پاکستان اور افغانستان کی صورتحال میں سنجیدہ مذہبی لیڈرشپ کو بھی اس مقصد کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ عوام انہیں فالو کرتے ہیں۔ پاکستان کی سیاسی لیڈرشپ  2025 میں پولیو کا مکمل خاتمے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔          

اُدھر افغانستان کی لیڈرشپ بھی یہی عزم رکھتی ہے۔ دونوں ممالک ایک طویل سرحد رکھتے ہیں اور خیبر پختون خواہ اور بلوچستان کے ایک درجن کے قریب اضلاع افغانستان کی سرحد پر واقع ہیں اور دونوں طرف کی آبادیاں رشتہ داریوں کے باعث غیر روایتی راستوں کا استعمال کرکے سرحد کے دونوں اطراف آتی جاتی ہیں اور اس طرح پولیو اور دوسرے امراض کے پھیلاؤ کا سبب بنتے ہیں۔     

صحت کے عالمی ادارے کی ایمرجنسی کمیٹی وارننگ دے چُکی ہے کہ جنگ اور شورش ذدہ علاقوں میں پولیو کے کیس نہ صرف بڑھ جانے کا اندیشہ ہوتا ہے بلکہ اُن علاقوں اور ممالک میں بھی دوبارہ پھیل سکتا ہے جہاں جنگیں لڑی جا رہی ہیں۔ پاکستان میں بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں کئی اضلاع دہشت گردی اور عسکریت پسندوں کی زد میں ہیں جس سے پولیو کے کیسز مزید بڑھنے کے خدشات ہیں۔  یہی وجہ ہے کہ افغانستان اور پاکستان ایک موثر اور مربوط حکمت عملی ہی سے پولیو جیسے موزی مرض سے  چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔ 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here