۱٦ جنوری ۲۰۲۵

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد

جمعرات کو تحریک انصاف اور حکومتی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان تیسرا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں تحریک انصاف نے اپنے مطالبات تحریری طور پر حکومتی ارکان کو پیش کر دیئے جن میں دو تحقیقاتی کمیشنز کے قیام سمیت سیاسی قیدیوں کی ضمانت پر رہائی اور سزا معطلی شامل ہیں۔

پی ٹی آئی کے مطالبات

تحریک انصاف نے اپنے چارٹر میں دو تحقیقاتی کمیشنز کے قیام کی شرط رکھی ہے، جنہیں 2017 کے کمیشن آف انکوائری ایکٹ کے تحت تشکیل دیا جائے۔ ان کمیشنز میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یا تین حاضر سروس جج شامل ہوں گے، جن کا انتخاب تحریک انصاف اور حکومت باہمی رضامندی سے سات دن کے اندر کریں گے۔

پہلا تحقیقاتی کمیشن

1. نو مئی 2023 کو عمران خان کی گرفتاری کی قانونی حیثیت اور اس کے طریقہ کار کا جائزہ

2. گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے واقعات، جن میں حساس مقامات پر حملے اور املاک کو نقصان پہنچنے کے الزامات شامل ہیں

3. گرفتار افراد کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، بشمول تشدد، اور ان کی گرفتاری کے حالات

4. میڈیا کی سنسرشپ، صحافیوں کو ہراساں کرنے، اور انٹرنیٹ کی بندش کے واقعات کا جائزہ

دوسرا تحقیقاتی کمیشن

دوسرے کمیشن کو 24 سے 27 نومبر 2024 کے دوران اسلام آباد میں پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کرنا ہوں گی۔ ان میں شامل ہیں:

  1. مظاہرین پر براہ راست گولیاں چلانے یا جسمانی تشدد کے الزامات کی جانچ
  2. شہداء، زخمیوں، اور لاپتہ افراد کی تعداد اور ان کے حالات کی تفصیلات
  3. اسپتالوں میں ریکارڈ کی تبدیلی اور طبی معلومات کو روکنے کے الزامات
  4. میڈیا کی آزادی پر پابندی اور انٹرنیٹ کی بندش کی قانونی حیثیت

سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ

پی ٹی آئی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے 9 مئی 2023 اور 24-27 نومبر 2024 کے واقعات سمیت دیگر سیاسی سرگرمیوں میں گرفتار کیے گئے تمام سیاسی قیدیوں کی ضمانت یا سزا کی معطلی کا مطالبہ کیا ہے۔

اجلاس میں تحریک انصاف اور اپوزیشن کی جانب سے جناب عمر ایوب خان، جناب علی امین گنڈا پور، جناب اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، سینیٹر علامہ ناصر عباس، اور جناب سلمان اکرم راجہ نے شرکت کی۔ حکومتی کمیٹی میں نائب وزیر اعظم جناب محمد اسحاق ڈار، سینیٹر عرفان صدیقی، رانا ثناء اللہ خان، جناب راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، ڈاکٹر فاروق ستار، جناب محمد اعجاز الحق، جناب خالد حسین مگسی، اور جناب عبد العلیم خان شامل تھے۔

اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی۔ اجلاس کے آغاز پر اپوزیشن ٹیم کے سربراہ جناب عمر ایوب خان نے اپنی کمیٹی کے تحریری مطالبات پر مشتمل دستاویز اسپیکر کو پیش کی، جس کی کاپیاں تمام ارکان میں تقسیم کی گئیں۔ جناب عمر ایوب خان نے مطالبات کا مسودہ پڑھ کر سنایا، جس کے بعد دونوں کمیٹیوں کے ارکان نے اپنے اپنے موقف پیش کیے۔

اجلاس میں طے پایا کہ حکومتی کمیٹی سات دن کے اندر اپوزیشن کے مطالبات پر اپنا باضابطہ تحریری موقف پیش کرے گی۔ اس دوران حکومتی کمیٹی کی سات جماعتیں اپنی قیادت اور وکلاء سے مشاورت کے بعد اجتماعی موقف تیار کریں گی۔

اپوزیشن کمیٹی نے اڈیالہ جیل میں اپنے لیڈر جناب عمران خان سے آزادانہ ملاقات کا مطالبہ کیا، جسے حکومتی کمیٹی نے تسلیم کیا۔ آئندہ اجلاس کی تاریخ اسپیکر سردار ایاز صادق دونوں کمیٹیوں سے مشاورت کے بعد طے کریں گے۔

دونوں کمیٹیوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی کوششوں کو سراہا اور ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here