تحریر: عصمت اللہ نیازی


بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت اور موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان پر مجموعی طور پر اپنے اثرات تیزی سے ظاہر کرنا شروع کر دئیےہیں. یہ اثرات صرف موسمیاتی شدت تک اب محدود نہیں رہ پا رہے، بلکہ انکے اثرات زرعی پیدوار پر بھی ظاہر ہونا شروع ہو رہے ہیں۔ کیوں کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے بارشوں میں کمی اور دریاؤں اور ڈیموں میں پانی کی صورتحال بتدریج گرتی چلی جا رہی ہے.

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے 2025 کےلئے ابھی سے وارننگ جاری کر دی ہے کہ اس سال ملک بھر میں معمول سے ہٹ کر 40 فیصد کم بارشیں ہونگی جس کے براہ راست اثرات فصلوں پر ہونگے اور خدشہ ہے کہ اس سال پاکستان کو زرعی پیداوار میں کمی کا سامنہ کرنا پڑے، جو خوراک کی کمی کا سبب بن سکتا ہے اور اس کمی کو پورا کرنے کے لئے خوردنی اجناس کی درآمد پر خطیر زرمبادلہ خرچ کرنا پڑے.

محکمہ موسمیات کی وارننگ کے مطابق یکم ستمبر سے لیکر 10 جنوری تک ملک بھر میں بدترین موسمیاتی بے ضابطگیوں کو محسوس کیا گیا ، جس کی وجہ سے سندھ سب سے زیادہ متاثر ہوا، کیوں سندھ میں اس مدت کے دوران 52 فیصد کم بارشیں ہوئیں. جبکہ بلوچستان میں 45 فیصد اور پنجاب میں 42 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔خیبر پختون خواہ میں 29 فیصد کم بارشیں ریکارڈ ہوئیں ، اسکو ایک خطرناک ٹرینڈ سمجھا جا رہا ہے.

خاص کر جنوبی پنجاب جہاں گندم کی کاشت والے علاقے ہیں اور نہ صرف پنجاب کی گندم کی ضروریات یہاں سے پوری ہوتی ہیں بلکہ ملک کے باقی صوبے یعنی خیبر پختون خواہ ، بلوچستان آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا گندم چاول کی پنجاب کی پیداوار پر انحصار ہوتا ہے سندھ میں گندم اور چاول وافر مقدار میں کاشت ہوتے ہیں تاہم اگر بارشوں اور پانی کی یہی صورتحال رہی تو سندھ سب سے زیادہ خوراک کی کمی کا شکار ہو سکتا ہے .

پنجاب کی حکومت نے بھی ایک ایڈوائزری جاری کی ہے کہ کم بارشوں اور آبپاشی کے پانی کی کمی کی وجہ سے خدشہ ہے کہ اس سال ربیع کی فصل متاثر ہو سکتی ہے اور صوبے کو خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے . جنوری سے مارچ تک بھی بارشوں اور پانی کم دستیابی کا سامنا رہے گا جس سے خشک سالی کی صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے اس لئے کسان اور دوسرے سٹیک ہولڈرز نہ صرف محتاط رہیں بلکہ فصلوں کے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر بھی اختیار کریں۔

ہم پاکستان میں ان موسمیاتی تبدیلیوں کا الزام بڑے صنعتی ممالک پر دھرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ زہریلے صنعتی مادوں اور گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ صرف ایک فیصد ہے ، اور یہ کہہ کر ماحول کی بہتری کے لئے اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو جاتے ہیں . لیکن موسمی تبدیلیوں کے لئے ہم انفرادی یا اجتماعی طور پر کیا کر رہے ہیں یا حکومت کیا کر رہی ہے یہ بہت اہم سوالات ہیں جنکے جوابات تلاش کرا ہونگے.

نہ ہم انفرادی طور پر یا اجتماعی طور کچھ کر رہے ہیں، نہ حکومت آج کی اس خطرناک صورتحال کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے اور صورتحال بتاتی ہے کہ ادارے اسکے لئے تیار بھی نہیں۔ پاکستان میں فضائی آلودگی میں سب سے بڑا حصہ ٹرانسپورٹ کا ہے۔ پرانی اور خراب گاڑیوں سے جو دھواں نکلتا ہے، اس میں نائٹروجن آکسائیڈز، پی ایم 10 اور پی ایم 2.5 نامی زہریلے ذرات ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ صنعتوں کے چھوڑے ہوئے دھوئیں سے سلفر، اوزون وی او سی، کاربن مونو آکسائیڈ اور میتھین فضا میں شامل ہو رہے ہیں۔

حکومتِ پنجاب کی درخواست پر فوڈ اینڈ ایگری کلچرل آرگنائزیشن نے 2019 میں ایک رپورٹ مرتب کی۔ اس کے مطابق پنجاب میں آلودگی پھیلانے میں ٹرانسپورٹ کا حصہ 43 فیصد ہے۔ دوسرے نمبر پر صنعتی شعبہ ہے جس کا حصہ 25 فیصد، زراعت کا 20 فیصد، کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں اور جنریٹروں سے نکلنے والے دھوئیں کا حصہ 12 فیصد ہے۔

پاکستان میں یورو 2 معیار کا پیٹرول 1992 سے استعمال ہو رہا ہے جو کم درجہ کا ایندھن ہے۔ اسکا کا آلودگی پھیلانے میں حصہ 70 فیصد ہے۔ اسکا براہ راست اثر فضائی آلودگی پر پڑتا ہے اور جو نہ صرف موسمیاتی تبدیلیوں کاسبب بن رہا ہے بلکہ بارشوں میں کمی کا بھی ہو رہے ہی جب کہ شمالی علاقے ہوں یا خیبر پختون خواہ اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں پر برف باری اس کی مدت میں بھی کمی ہو رہی ہے گلیشئر تیزی سے پگل رہے ہیں.

پاکستان میں حدت بڑھنے کی رفتار کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ انٹرنیشنل سینٹر فار انٹیگریٹڈ ماؤنٹین ڈیویلپمنٹ کے مطابق اگر کاربن کا اخراج موجودہ رفتار سے جاری رہا تو اس صدی کے آخر تک ہمالیہ کے گلیشیئرز اپنے حجم کا دو تہائی تک کھو سکتے ہیں۔آغا خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک (اے کے ڈی این) کے مطابق گلگت بلتستان اور چترال میں 48 ہزار سے زائد افراد جھیل کے پھٹنے یا لینڈ سلائیڈنگ کے باعث انتہائی خطرے کا شکار ہیں۔ اسکا واحد حل پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے اور وسیع کرنے کے علاوہ بہتر درجے کا پیٹرول اور ایندھن کا استعمال، صنعتی آلودگی پھیلانے والے کارخانوں کو اقدامات نہ کرنے پر جرمانے اور دوسرے اقدامات شامل ہیں۔

درخت ہریالی جنگل پھلوں کے باغات تیزی سے ختم کی جارہی کے۔ جی ٹی روڈ پر گوجرانولہ سے لاہور یا فیصل آباد یا پھر گجر خان سے اسلام آباد تک سفر کریں تو دونوں اطراف آپ کو ہاؤسنگ سوسائٹیز اور فیکڑیاں دکھائی دیتی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ ایک شہر سے ہی آپ دوسرے شہر میں داخل ہو گئے ہیں۔جنوبی پنجاب کے اضلاع میں ٹاؤن پلاننگ کے فقدان کے باعث بھی زرعی زمینوں پر ہاؤسنگ کالونیاں بنانے کے رجحان میں گزشتہ پانچ برسوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے جنہیں کوئی روکنے والا نہیں۔

یہی نہیں اسلام آباد کی خوبصورت مارگلہ کی پہاڑیوں کو بھی کاٹ کاٹ کر اس میں بڑے ہوٹل اور ہاوسنگ سکیمیں بنائی جا رہی ہیں خاص کر شاہ الله دتا سی 12 سیکٹر اور مارگلہ کے دامن میں پرائیویٹ ہاوسنگ سوسائٹیاں اور خیبر پختون خواہ میں پیر سوہاوا سے اوپر مارگلہ کو کاٹ کر کنکریٹ کا جنگل اُگایاجا رہا ہے.

دارلحکومت اسلام آباد میں دسمبر کے مہینے سے بارشوں کا آغاز ہو جاتا ہے تاہم اس سال اب تک اسلام آباد بارشوں سے محروم ہے . کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی غیر قانونی اور شہر میں ناجائز تعمیرات اور اسکے پھیلاؤ کو روکنے میں بری طرح ناکام ہے اور یہ سلسلہ بتا رہا ہے کہ اسلام آباد سر سبز پہاڑی خوبصورتی اور اپنا موسمیاتی حسن جلد کھو بیٹھے گا۔

پا کستان میں تیزی سے بڑھتی آبادی نے رہائشی مکانات کی طلب میں اضافہ کیا ہے وہیں ملک میں اجناس کی پیداوار بڑھنے کی بجائے ہر سال کم ہو رہی ہے۔ نتیجتاً خوراک میں خود کفیل ہمارا زرعی ملک اب گندم سمیت دیگر اجناس دوسرے ممالک سے خریدنا شروع کر دیا ہے ۔ ماہرین کے خدشات کے مطابق رواں سال کے دوران زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے پنجاب میں موسم گرم اور بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے گندم کی پیداوار کم ہوگی لیکن کیا صوبائی حکومت نے اسکے لئے وارننگ جاری کرنے کے علاوہ کوئی اور اقدامات انٹھائے ہیں ؟ پاکستان کے دریائی سسٹم میں پانی کی کمی کی نشاندہی طویل عرصے سے کی جا رہی ہے، جس کا سبب موسمیاتی تبدیلیوں کو قرار دیا جاتا ہے اور اس کی وجہ سے زراعت کا شعبہ بُری طرح متاثر ہو رہا ہے، جو ملک کی معیشت میں انڈسٹری اور خدمات کے ساتھ اہم شعبہ ہے۔

نہروں میں پانی کی کمی کو زیر زمین پانی کو نکال کر زرعی اور گھریلو استعمال کے لئے بے دریغ استعمال کیا جاتا ہے۔ ملک میں زیرِ زمین پانی سے محرومی کی شرح میں گزشتہ 6 سال میں خطرناک حد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہےجو 5.66 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا۔ زیر زمین پانی کا لیول بہتر کرنے کے لئے واٹر ریچارنگ کا نظام نہ صرف شہروں میں ضروری ہے بلکہ اسے گاؤں دیہاتوں تک پھیلانا ہوگا۔ پاکستان بھر میں آج بھی فصلوں کو پانی دینے کا فلڈ اریگیشن کا نظام استعمال میں ہے یعنی نہر کھالے سے براہ راست کھیت میں پانی کھول کر اسے بھر دیا جاتا ہے جبکہ دنیا میں سپرنکل یعنی فوارے کے سے بارش کی طرح کھیتوں کو سیراب کرنا اور ڈرپ اریگیشن سسٹم مقبول ہیں جو ہانی کو نہ صرف ضائع ہونے سے بچاتے ہیں بلکہ کم لاگت اور ذیادہ پیدوار کے لئے بھی اہم ہیں۔

بارشوں اور پانی کی کمی کی صورتحال ہو یا شمال میں پہاڑوں پر گلیشئر کے بگلنے کی رفتار کو قابو میں لانے کے لئے کلائمیٹ چینج اور ماحولیات کی وفاقی وزارت اور صوبوں کو ایک مربوط مشترکہ حکمت عملی تشکیل دینا ہو گی اسکے علاوہ کلائمییٹ چسٹس کے لئے مخصوص عدالتیں قائم کرنے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے موضوع کو ابتدائی تعلیم کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔ ورنہ 25 لاکھ کی آج کی آبادی نہ صرف خوراک سے محروم ہو جائے گی بلکہ پانی کی بوند بوند کو ترس جائے گی

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here