تحریر: عصمت اللہ نیازی
لاہور
وطن عزیز میں آواز کو دبانے اور میڈیا کی آزادی کو چھیننے کا سفر جو 1947 میں شروع ہوا تھا وہ آج بھی جاری و ساری ہے۔ فرق صرف اتنا پڑا کہ گزشتہ دس سال میں اسکی رفتار میں بہت تیزی سے اضافہ ہو گیا، کیوں کہ پہلے اخبارات اور رسائل کو قدرے آسانی سے کنٹرول کر لیا جاتا تھا، پھر نجی شعبہ میں ٹی وی چینلز نے جب سر اٹھایا تو پیمرا آرڈیننس ٢٠٠٢ کے استعمال اور کیبل آپریٹرز کا بازو مروڑ کر انکی ٹرانسمیشن کو بند کر کے گلا دبایا جاتا رہا لیکن سوشل میڈیا کے آغاز نے ہر فرد کو اپنی آراء کے اظہار کا ایک ایسا پلیٹ فام مہیا کر دیا جو چند سیکنڈز میں ان کی رائےکو نہ صرف وائرل کر دیتا ہے بلکہ اسکے اثرات فوری اور دیرپا ہوتے ہیں۔
آج جب میں یہ تحریر لکھ رہا ہوں تو جمہوری ملک کی جمہوریت پسند پارٹی کے جمہوری طریقے سے منتخب صدر آصف علی زرداری نے پاکستان الیکٹرونک کرائم ایکٹ ٢٠٢٥ کی ترمیم پر دستخط کرکے اور گزیٹ نوٹیفکیشن جاری کرکے اسے باقاعدہ قانون بنا دیا ہے۔ یہی نہیں، پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے والی جماعت نون لیگ اس قانون کی خالق اور نیا پاکستان بنانے کا دعویٰ کرنے والی جماعت انکے ساتھ “ون پیج” پرتھی۔
اس قانون کا بنیادی مقصد فیک نیوز کو روکنا بیان کیا جا رہا ہے تاہم صحافتی تنظیمیں اور قانونی اور آئینی ماہرین اسے کالا قانون قرار دیکر میڈیا کی آذادی اور اظہار کے حق کو دبانے کی بد ترین حکمت عملی قرار دے رہے ہیں اور اسے یکسر مسترد کر چکے ہیں۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے) تو سراپا احتجاج ہو کر سڑکوں پر ہے۔ اس قانون کو پاکستان میں میڈیا پرچائنہ ماڈل جیسے کنٹرول کا آغاز سمجھا جا رہا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا جلد بازی اور سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر بنایا گیا اور پارلیمان کے دونوں ایوانوں یعنی قومی اسمبلی اور سینیٹ سے بنا کسی رکاوٹ کے منظور کیا گیا یہ قانون فیک نیوز کو روکنے کے مقاصد پورے کر پائے گا؟ کیونکہ فیک نیوز کی تعریف اور تشریح ہی اس قانون میں مبہم ہے۔
پیکا کا قانون نواز شریف کی وزارت اعظمیٰ کے دور یعنی ٢٠١٦ سے لاگو ہے اور عمران خان کے چار سالہ دور کے اختتام سے قبل ٢٠٢٢ میں اس میں مزید ترامیم کر کے میڈیا اور سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کی ناکام کوشش ہوئی، جسے شہباز شریف کے دونوں ادوار میں بھی بے دریغ استمال کیا گیا لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان میں آزادی صحافت اور اظہار رائے کو دبانے کا آغاز پاکستان کے وجود میں آنے کے چند دن پہلے ہی اُس وقت شروع ہو گیا تھا جب بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے گیارہ اگست ١٩٤٧ کی تقریر ناصرف سنسر شپ کی نظر ہوئی بلکہ اس وقت کے میڈیا مینیجرز، تقریر کی اشاعت کو روکنے میں کامیاب بھی ہوئے کیوں کہ سوائے ڈان اخبار کے وہ تقریر کسی اخبار یا جریدے میں نہ چھپ سکی۔ یہ قائد اعظم کی وہ واحد تقریر تھی جس میں انہوں نے اپنے اُس وژن کو بیان کیا جیسا پاکستان وہ دیکھنا چاہتے تھے۔
اس تقریر کی ریکارڈنگ کو صفہ ہستی سے ہی مٹا دیا گیا کیوں کہ نوابوں اور جاگیرداروں پر مشتمل اشرافیہ نے شروع ہی سے قائد کی سوچ سے الگ پاکستان کا راستہ چن لیا تھا۔ پاکستان کی قانون ساز اسمبلی میں قائد اعظم کی اس تقریر کو ریکارڈ کرنے کے لئے آل انڈیا ریڈیو دہلی سے ٹیم کراچی آئی، کیونکہ کراچی میں اس وقت ریڈیو اسٹیشن قائم نہیں ہوا تھا۔ ٢٠٠٨ میں ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل مرتضیٰ سولنگی نے اس تقریر کو بھارت تک جا کر ڈھونڈنے کی کوشش کی لیکن انہیں بھی ناکامی ہوئی۔ یہاں تک کہ بی بی سی کے پاس بھی اسکا ریکارڈ نہ ملا۔ مبینہ طور پر اخبارات کو جناح کے میڈیا مینجرز کی طرف سے ٹیلی فون پرحکم ہوا کہ تقریر کا وہ حصہ نہ چھاپا جائے جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ “آپ آزاد ہیں۔ آپ آزاد ہیں اپنے مندروں میں جانے کے لیے، آپ آزاد ہیں اپنی مسجدوں میں جانے کے لیے اور ریاست پاکستان میں اپنی کسی بھی عبادت گاہ میں جانے کے لیے۔ آپ کا تعلق کسی بھی مذہب ذات یا نسل سے ہو، ریاست کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں”۔
بابائے قوم کے اس بیان کو یہ کہہ کرروکنے کی کوشش کی گئی کہ یہ انکے دو قومی نظریے کے خلاف ہے۔ فار رائٹ یعنی انتہائی دائیں بازو کی جماعتیں اور افراد تو اس تقریر کے وجود سے ہی منکر ہیں اور دائیں بازو والے تقریر کی اہمیت پر قرارداد مقاصد کو فوقیت دیتے ہیں۔ قائد کی تقریر کو سنسر کرنے کے واقعے کی تفصیل ضمیر نیازی مرحوم نے اپنی کتاب ‘پریس ان چینز’ میں بیان کی ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ “یہ تاریخی تقریر کر کے جناح گورنمنٹ ہاؤس روانہ ہو گئے، لیکن جلد ہی کچھ خفیہ ہاتھ حرکت میں آ گئے اور انھوں نے جناح کی تقریر کے مندرجہ بالا حصے میں تحریف کی کوششیں شروع کر دیں”۔
روزنامہ ڈان جو قائد اعظم نے خود شروع کیا تھا، اسکے اس وقت کے مدیر الطاف حسین کو حکام کا ٹیلی فون آیا کہ تقریر میں سے اقلیتوں والا حصہ نہ شائع کیا جائے۔ ضمیر نیازی نے ایم اے زبیری کے حوالے سے لکھا ہے کہ فون کال کے بعد جب تحقیق کی گئی کہ کیا یہ ہدایت جناح نے خود دی ہیں، تو پتہ چلا کہ انھوں نے ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی، اس طرح ڈان اخبار میں مکمل تقریر شائع ہو گئی۔ اس واقعہ کو پاکستان میں سنسر شپ کا نقطہ آغاز سمجھا جاتا ہے۔
کراچی میں اس دور کے صحافیوں نے بھانپ لیا تھا کہ نومولود پاکستان میں صحافتی آزادی اور اظہار رائے کے ساتھ کیا ہونے والا ہے، لہٰذا ١٩٤٨ میں تین صحافیوں، ایم اے شکور، احمد علی خان، اور اسرار احمد نے ایس ایم لاء کالج میں اجلاس بلا کر صحافتی تنظیم بنانے کی کوشش کی، لیکن انہیں اجلاس کی اجازت نہ ملی۔ اسکے بعد انہوں نے سندھ مدرستہ الاسلام میں اجلاس کر کے سندھ یونین آف جرنلسٹ کی بنیاد رکھی جو بعد میں اگست ١٩٥٠ میں فیڈرل یونین جرنسلٹ میں تبدیل ہوئی۔ ایم اے شکور پی ایف یو جے کے پہلے صدر بنے اور اس وقت سے لیکر آج تک پی ایف یو جے پریس فریڈم کا جھنڈا ہاتھ میں تھامے جدوجہد کا نہ ختم ہونے والا سفر جاری رکھے ہوئےہے۔
ایوب خان سے لیکر آج تک چاہے فوجی حکومتیں ہوں، جمہوری یا ہائبرڈ نظام ہو، ہر دور میں ہر حکومت کو میڈیا کی آزادی اور آزادی اظہار رائے سے شکوہ رہا، کیوں کہ مملکت خداداد میں تنقید کو اصلاح کے لئے استمعال کرنے کے بجائے اسے اقتدار کے لئے خطرہ سمجھا جاتا رہا ہے۔ میڈیا فریڈم اور اظہار رائے کو چھیننے کے لئے ہر قسم کے ہتھگنڈے استعمال کئے گئے لیکن صحافی برادری پی ایف یو جے کے جھنڈے تلے میڈیا کی آزادی کے لئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی۔
پہلی فوجی آمریت صحافیوں کی جدوجہد کے لئے انتہائی مشکل اور کڑی آزمائش تھی کیوں کہ ایوب خان نے پریس اینڈ پبلیکیشن آرڈیننس ١٩٦٣ متعارف کرا دیا ، تاکہ صحافیوں اور اخبارات و جرائد کے مالکان سے نمٹا جائے۔ اس کے لاگو ہونے کےبعد تقریر و تحریر پر پابندیاں شدید تر ہو گئیں اور ساتھ ہی صحافیوں کی معاشی بدحالی بھی بڑھتی گئی۔ اسی تناسب سے آزادی صحافت کے حصول اور صحافیوں کی معاشی بہتری کے لئے تحریک میں بھی شدت آتی گئی۔ اس تحریک کے بڑے ناموں میں اسرار احمد، منہاج برنا، ایم اے شکور، نثار عثمانی شامل تھے جنکی قیادت میں صحافیوں نے قید و بند کی صعوبتیں بھی جھیلیں اور بیروزگاری بھی بھگتی۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کا دور حقیقی معنوں میں جمہوری کہلایا۔ انکے دور میں صحافی برادری کے مالی حالات بہتر ہوئے کیوں کہ پی ایف یو جے کی کوششوں سے ویج بورڈ ایوارڈ کا آغاز ہوا۔ دوسری جانب پریس اینڈ پبلیکیشن آرڈینینس اور صحافت پر پابندیوں کے خاتمے کی جدوجہد جاری رہی۔ اس دور میں بھی وعدوں کے باوجود پریس اینڈ پبلیکیشن آرڈینینس ختم نہیں کیا گیا۔ پھر اس کے خلاف آل پاکستان نیوز پیپرز امپلائز کنفیڈریشن بھی اس جدوجہد میں شامل ہوئی جس میں کاتبوں سمیت صحافت سے وابستہ تمام کارکن شامل تھے۔ اس جمہوی دور میں بھی صحافیوں اور شاعروں نے جیلیں کاٹیں۔
بھٹو کے بعد پاکستان کی تاریخ کے بدترین ڈکٹیٹر اور اس وقت کے آرمی چیف ضیاء الحق نے جولائی ١٩٧٧ میں ملک میں ایک بار پھر سویلین حکومت کا تختہ الٹ کر طویل مارشل لاء نافذ کردیا۔ اس دور میں صحافیوں کو ناصرف جیل کی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا بلکہ چار صحافیوں ناصر زیدی، اقبال جعفری، مسعود اللہ خان اور خاور نعیم ہاشمی کو سر عام کوڑے بھی مارے گئے۔ ضمیر نیازی اپنی کتاب میں لکھتے ہیں کہ ضیاء اتنا بدترین آمر تھا جو کہتا تھا کہ “میں تمام اخبارات پانچ سال کے لئے بند کر دوں گا اور میرے خلاف اگر کسی نے آواز اٹھائی یا احتجاجی جلوس نکالا تو انہیں جیل میں بند کر دوں گا”۔ اس دور میں اخبارات سنسر شدہ خبر کی جگہ کو خالی چھوڑ دیا کرتے تھے تاکہ پتہ چل سکے کہ خبر سنسر اور پریس ایڈوائس کی نظر ہو گئی ہے۔ لیکن جب پی ایف یو جے کی تحریک تب بھی نہ تھمی تو اس میں گروپ بندیاں کرائی گئیں اور آج اس نوعیت کے چار پانچ گروپ وجود میں آ چکے ہیں جسکا صحافتی برادری کو شدید نقصان ہو رہا ہے۔
اس تقسیم سے ویج بورڈ کے فوائد کو ختم کرنے کے لئے سیٹھوں کی ملی بھگت سے کنٹریکٹ کی بنیاد پر ملازمتیں دی گئیں اور اس کا اطلاق نجی ٹی وی چینلز اور اب ڈیجیٹل میڈیا پر بھی جاری ہے۔ پی ایف یو جے کی تقسیم در تقسیم اور ٹیلی ویژن کے وجود میں آنے کے بعد یونین کی قوت کم ہوتی گئی۔ اب زیادہ تر اختیارات میڈیا ہاؤسز کے مالکان کے ہاتھوں میں ہیں جو وزارت اطلاعات یا ریاستی اداروں کے احکامات بجا لانے میں دیر نہیں کرتے۔
مشرف کا دور ہو یا بعد میں پیپلز پارٹی، نون لیگ اور پی ٹی آئی کا، پیمرا آرڈیننس کا بدترین استمال کیا گیا اور پریس ایڈوائس اور سنسر شپ میں اضافہ ہوا۔ ٹی وی چینلز کے خلاف پیمرا آرڈیننس کے ذریعہ ٹرانسمیشن کو بند کیا گیا۔ صحافیوں اور اینکروں کو مالکان پر دباؤ ڈال کرچینلز سے نکالا گیا۔ سیاستدانوں کے نام تک لینے پر پابندی تھی اور اب بھی ہے، سب سے پہلے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسیں کے نام اور تقریر کو چلانے پر پابندی لگی جو آج بھی برقرار ہے۔ بعد میں یہی پابندی نواز شریف اور عمران خان پر بھی لگی۔ عمران خان آج بھی میڈیا خاص کر ٹی وی چینلز کے لئے ممنوعہ نام ہیں۔
ہماری تینوں مین سٹریم پارٹیوں پیپلز پارٹی، نون لیگ اور تحریک انصاف نے برے وقت کی مشکلات سے کچھ نہیں سیکھا اور اقتدار میں آتے ہی انکی پہلی کوشش میڈیا کو کنٹرول کرنا بلکہ ہرآواز کو دبانا ہوتی ہے اور اسکے لئے وہ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ صرف عمران خان کے دور حکومت میں پی ایف یو جے کے اعداد شمار کے مطابق ١٧ ہزار کے قریب صحافی روز گار سے محروم کر دے گئے، ٹی وی چینلز کی نشریات روکی گئیں، سرکاری اشتہارات من پسند میڈیا نیٹ ورک کو ملے، علاقائی اخبارات کے اشتہارات بند کر دئیے گئے، صحافی نا صرف اغوا ہوئے بلکہ وفاق سمیت چاروں صوبوں میں کئی تو اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے۔ مدثر نارو آج بھی لاپتہ ہے۔ اسے عدالتی احکامات بھی بازیاب کروانے میں مددگار ثابت نہ ہوئے۔ شہباز شریف کی پی ڈی ایم کے ساتھ سولہ ماہ کی مخلوط حکومت ہو یا آج کا ایک سالہ اقتدار، صحافیوں کے خلاف ماورائے عدالت واقعات میں بد ترین اضافہ ہوا ہے۔
لیکن پی ایف یو جے نے ٢٠١٦ اور ٢٠٢٢ میں کامیابی سے پیکا کے قانون کے خلاف تحریک چلائی اور اپنی تجاویز شامل کرانے میں کامیاب بھی ہوئی۔ آج بھی پی ایف یو جے پیکا ٢٠٢٥ کو مسترد کر چکی ہے اور سول سوسائٹی اور ٹریڈ یونینز کی مدد سے اسکے خلاف تحریک چلانے کا اعلان کر چکی ہے۔
سول سوسائٹی اور صحافتی برادری کو یقین ہے کہ یہ قانون سیاسی لیڈرشپ کا نہیں بلکہ کہیں اور سے آیا ہے تاہم سیاسی جماعتیں اس کی اجلت اور سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر منظوری سے بری الذمه نہیں ہو سکتیں۔ حکمران جماعتوں سے بازپرس ضرور ہونی چاہیے کہ جس قانون کی انہوں نے پی ٹی آئی کے دور میں مزاحمت کی اس سے بد تر قانون خود منظور کرا لیا؟
یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ، جن معاشروں میں میڈیا فریڈم اور آزادی اظہار رائے قدغنوں کا شکار ہو وہ معاشرے نہ صحت مند رہتے ہیں اور نہ وہاں گڈ گورننس اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، بلکہ ان ممالک اور معاشروں میں کرپشن، بدعنوانی اور اجارہ داری کا راج ہوتا ہے اور ریاست کمزور سے کمزور تر ہوتی چلی جاتی ہے۔