۱۲ فروری ۲۰۲۵

سٹاف رپورٹ


اسلام آباد

وزیر اعظم کے مشیر براۓ سیاسی اور عوامی امور رانا ثناء الله نے آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے دو سینئر ججز کے خلاف بعض معاملات پر ریفرنس بنایاجا سکتا ہے۔

میزبان منیزۓ جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا الله کا کہنا تھا کہ دو سینئر ججز ہر معاملے پر خط لکھ دیتے ہیں جو کہ میڈیا کو پہلے مل جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “میری رائے میں اگر جج کسی ایسے پروپیگنڈے کا موجب بنے جو پورے ادارے کو بدنام کرے تو ایسے عمل کو کہیں نہ کہیں مس کنڈکٹ سے جوڑا جا سکتا ہے”.

ججز کے رویے پر بات کرتے ہوئے مسلم ن لیگ پنجاب کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ دو سینئر ججز کی وجہ سے سپریم کورٹ میں معاملات نہیں چل پا رہے، وہ ہر معاملے میں خط لکھتے ہیں اور بائیکاٹ کرتے ہیں۔

سپریم کورٹ میں ججز کی تعیناتیوں اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کے ٹرانسفر پر وکلاء کے احتجاج پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا الله کا کہنا تھا کہ اگر وکلاء برادری کی ناراضی کی وجہ معلوم ہو جائے تو اس کو دور کیا جا سکتا ہے۔ جج کے ٹرانسفر کا معاملہ آئین کے آرٹیکل دو سو میں واضح ہے اور ٹرانسفر ہونے والےجج کو دوبارہ حلف نہیں اٹھانا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ججز کو ٹرانسفر کرنے کی حمایت چیف جسٹس نے بھی کی تھی اور موجودہ چیف جسٹس انتہائی غیر جانب دار ہیں۔ انہوں نے اپنے آپ کو ماضی میں بھی کسی بھی تنازع سے دور رکھا۔

ججز کی تعیناتی پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن میں حکومت کی اکثریت نہیں ہے۔ جب جوڈیشل کمیشن میں ججز کی اکثریت تھی تو انہوں نے من پسند وکیلوں کو جج تعینات کیا۔ اب کمیشن میں حکومت اور ججز کے پانچ ووٹ ہیں اور بیلنس اب بار کونسل اور اپوزیشن کے پاس ہے۔

‘مولانا فضل الرحمن کے اپوزیشن میں جانے سے وہاں بھی حکمت آ سکتی ہے’

رانا ثنا الله نے کہا کہ حکومت آئینی بینچ نہیں بلکہ آئینی عدالت بنانا چاہتی تھی لیکن تحریک انصاف اور جے یو آئی کے مطالبے پر آئینی بینچ بنانے پر راضی ہوئی تھی۔

جب ان سے مولانا فضل الرحمن کے اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کے امکان کے حوالے سے پوچھا گیا تو رانا ثنا الله کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کا بڑا سیاسی قد کاٹھ ہے اور وہ اپنے ساتھ ہی کھڑے ہیں، کسی اور کے ساتھ نہیں کھڑے ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مولانا فضل الرحمن جوائنٹ اپوزشن کا حصہ بنیں گے تو وہاں بھی ڈھنگ کی بات ہونا شروع ہو جائے گی اور وہاں بھی کوئی حکمت آ جائےگی۔

‘جلد انتخابات کروانے پر بھی بات ہو سکتی ہے’

جب انٹرویو میں ان سے ملک میں جلد انتخابات کےحوالے سے سوال کیا گیا تو وزیر اعظم کے مشیر براۓ سیاسی امور کا کہنا تھا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم ہونے کے لئے دو سال چاہئیں، اگر اپوزیشن ساتھ دے تو ہو سکتا ہے یہ کام ڈیڑھ سال میں ہو جائے۔ قبل از وقت انتخابات پر بات ہو سکتی ہے لیکن تحریک انصاف بات ہی نہیں کرتی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت تحریک انصاف کو انگیج کرنا چاہتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے انتخابات میں دھاندلی اور چھبیس نومبر کے معاملات کی تحقیقات کے لئے تیار تھے لیکن تحریک انصاف کو عمران خان کی طرف سے مذاکرات جاری رکھنے کی اجازت نہیں ملی۔

عمران خان کے چیف جسٹس اور آرمی چیف کو خطوط لکھنے کے معاملے پر رانا ثنا الله نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آرمی چیف کو خط نہیں لکھ رہے وہ پروپیگنڈا کر رہے ہیں. وہ آرمی چیف اور چیف جسٹس کےخلاف الزام تراشی کر رہے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا تحریک انصاف کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ معاملات حل ہو رہے ہیں تو رانا ثناء الله کا کہنا تھا کہ جو تحریک انصاف کا رویہ ہے اور جس طرح سے وہ خط لکھ کر زہریلا پروپگینڈا کر رہے ہیں اس سے ان کے معاملات حل نہیں ہو سکتے۔ اگر ان کے معاملات حل ہو رہے ہوتے تو خط نہ لکھتے۔

ملک میں نوجوانوں کو مبینہ طور بلاسفمی کے غلط مقدمات میں پھسانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر رانا ثنا الله کا کہنا تھا کہ بلاسفیمی بزنس کے حوالے سے کمیشن بنانے کی تجویز ابھی تک کابینہ کے سامنے نہیں آئی لیکن اگر اسلام آباد ہائی کورٹ نے کمیشن بنانے کا کہا ہے تو ضرور بنے گا۔

پیکا ترمیمی ایکٹ پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ عام عدالتوں میں سوشل میڈیا کی تباہی اور فیک نیوز کو روکنے کی سکت نہیں ہے اور اس کے لئے خصوصی اقدامات ہونے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صحافی خود کہتے ہیں فیک نیوز کے خلاف قانون بننا چاہیے لیکن ان کو لگتا ہے وہ ان کے خلاف استمعال ہو سکتا ہے. صحافیوں کے تحفظات دور کرنےکےلئےحکومت اس قانون میں ترمیم کے لئے تیار ہے۔

‘مسنگ پرسن کا مسئلہ حل ہونے میں انسانی حقوق کی تنظیمیں رکاوٹ ہیں’

مسنگ پرسنز کے معاملے پر بات کرتے ہوئے رانا ثنا الله نے کہا کہ مسنگ پرسنز کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے لیکن انسانی حقوق کی تنظیمیں اس کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کے تین فریق ہیں، حکومت، جن پر الزام ہیں اور مسنگ پرسنز کے لواحقین لیکن یہ تینوں پورا سچ نہیں بولتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنرل باجوہ نے کہا تھا کہ مسنگ پرسنز کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے قانون سازی کریں لیکن ایسا ہوا تو انسانی حقوق کی تنظیمیں حکومت کو اکھاڑ دیں گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here