۴ مارچ ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

لاہور ہائی کورٹ میں انصاف کی فراہمی میں تاخیر کے خلاف احتجاجاً خودسوزی کرنے والے آصف جاوید زندگی کی بازی ہار گئے۔ وہ تین روز تک میو ہسپتال میں زیر علاج رہے مگر جانبر نہ ہو سکے۔آصف جاوید ملٹی نیشنل فوڈ اینڈ بیوریج پلانٹ نیسلے کے کبیر والا پلانٹ میں ملازم اور یونین لیڈر تھے۔ 2016 میں مبینہ طور پر یونین سرگرمیوں کے باعث انہیں دیگر ملازمین کے ساتھ نوکری سے برطرف کر دیا گیا تھا۔

آصف جاوید کی بیوہ نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر کو غیر قانونی طور پر نوکری سے نکالا گیا، جس کے خلاف انہوں نے نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن میں درخواست دی۔ کمیشن نے ان کے حق میں فیصلہ دیا اور ان کی بحالی کا حکم جاری کیا، تاہم نیسلے پاکستان نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی، جسے فل بینچ نے بھی مسترد کر دیا۔ اس کے باوجود کمپنی نے لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی، جہاں پانچ سال سے مسلسل تاریخ پر تاریخ دی جاتی رہی، مگر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

بیوہ کا کہنا تھا کہ اس دوران انہیں مسلسل دھمکیاں دی گئیں اور کیس واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا رہا۔ حالات سے تنگ آ کر آصف جاوید نے خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔

حقوق حلق پارٹی کے صدر فاروق طارق نے واقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف جاوید کی موت پاکستان کے عدالتی نظام پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نیسلے پاکستان نے آصف جاوید کو بغیر کسی انکوائری اور نوٹس کے نوکری سے نکال دیا تھا۔ وہ چھ بچوں کے والد تھے، انصاف کے حصول کے لیے انہیں اپنا گھر اور گاڑی بیچنی پڑی، مگر پھر بھی انہیں انصاف نہ مل سکا۔

آل پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کے سیکرٹری نشر و اشاعت ناصر گلزار نے واقعہ پر حکومت کی طرف سے کوئی نوٹس نہ لینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آصف جاوید تین دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہے، مگر کسی حکومتی عہدیدار نے ان کی عیادت کرنا تک گوارا نہ کیا۔ ان کے مطابق، آصف جاوید کو نیسلے کے کبیر والا پلانٹ میں یونین بنانے کی پاداش میں نوکری سے نکالا گیا تھا اور وہ نو سال سے اپنے حق کے لیے قانونی جنگ لڑ رہے تھے۔ عدالتی نظام کی سست روی اور ناانصافی سے تنگ آ کر انہوں نے اپنی جان دے دی۔

وائس پی کے نے نیسلے پاکستان اور نیسلے کبیر والا پلانٹ سے ان کا مؤقف لینے کے لیے بارہا رابطہ کیا، لیکن کوئی جواب موصول نہ ہو سکا۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی فور پیپلز رائٹس نے آصف جاوید کی موت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ لیبر قوانین کی کمزور عملداری اور عدالتی تاخیر کا نتیجہ ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے نیسلے پاکستان سے محمد آصف کی فیملی کو معاوضہ دینے اور کفالت کا مطالبہ کیا ۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی زیرِ صدارت 20 جنوری کو فل کورٹ اجلاس میں عدالتی کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔رپورٹ کے مطابق، 2024 کے دوران 38 لاکھ سے زائد مقدمات کے فیصلے کیے گئے، جبکہ لاہور ہائی کورٹ اور اس کے علاقائی بینچوں میں اب بھی ایک لاکھ 98 ہزار مقدمات زیر التوا ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here