۱۶ ستمبر ۲۰۲۵

سٹاف رپورٹ


لاہور

 

میں مریم نواز کو بتانا چاہتا ہوں کہ اگر انہوں نے ہمارا نقصان پورا نہ کیا تو ان کے ایم این ایز اور ایم پی ایز بھی ایسے ہی گریں گے جیسے ہمارے مکان گرے تھے۔ یہ الفاظ جلالپور پیر والا کی نواحی بستی پٹھان والا کے رہائشی اصغر کے ہیں، جن کا گھر اور اس میں موجود سامان سیلاب میں بہہ گیا۔

اصغر اب اپنے تین بچوں اور بیوی کے ساتھ جلالپور پیر والا شہر میں قائم ایک ریلیف کیمپ میں موجود ہیں۔ یہاں انہیں تین وقت کا کھانا اور ادویات تو مل جاتی ہیں، لیکن وہ سارا دن ایک ہی سوچ میں گم رہتے ہیں کہ اپنا سب کچھ کھونے کے بعد وہ زندگی دوبارہ کیسے شروع کریں گے۔

یہ صرف اصغر کی سوچ نہیں بلکہ جنوبی پنجاب کے اُن ہزاروں متاثرین کے جذبات ہیں جنہیں حالیہ سیلاب نے بے گھر کر دیا ہے۔ جلالپور پیر والا، علی پور اور ملتان کے گرد و نواح کے علاقے آج بھی پانی میں گھرے ہیں۔ جہاں فصلیں تباہ ہو گئیں، مکانات منہدم ہو گئے اور لاکھوں لوگ خیموں اور کیمپس میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

زندگی اجڑنے کی کہانی

جلالپور پیر والا تحصیل میں ہزاروں افراد اپنے گھروں کے گرنے یا سیلابی پانی میں گھر جانے کے بعد محفوظ پناہ گاہوں کی تلاش میں نکلے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں قائم ریلیف کیمپس میں سیکڑوں خاندان پناہ گزین ہیں۔

یہاں تین وقت کا کھانا تو فراہم ہے لیکن متاثرین کو کپڑوں اور جوتوں کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ زیادہ تر لوگ سیلاب کے اچانک آنے پر کوئی سامان ساتھ نہ لا سکے۔ خالی ہاتھ اور تھکے ہوئے چہرے اُن مصیبتوں کی گواہی دیتے ہیں جن سے یہ خاندان گزرے ہیں۔

مویشیوں کی فکر

کیمپوں میں رہنے والوں کا سب سے بڑا درد اپنے مویشی ہیں۔ یہ جانور ان کے لیے محض اثاثہ نہیں بلکہ مستقبل کا سہارا ہیں۔

محمد نواز، جو جلالپور پیر والا کی بستی خان بیلا کے رہائشی ہیں، بتاتے ہیں کہ ان کا گاؤں سیلاب میں ڈوب کر ایک جزیرے میں بدل گیا۔ ان کے پاس سات بھینسیں تھیں لیکن جب سیلاب آیا تو وہ صرف تین کو ہی بچا سکے، باقی پانی کی نذر ہو گئیں۔

اب نواز بھی کیمپ میں رہتے ہیں مگر انہیں اپنی بھینسوں کی فکر کھائے جاتی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ “مجھے کھانا مل رہا ہے لیکن مجھے اپنے سے زیادہ اپنی بھینسوں کے چارے کی فکر ہے۔ میں حکومت سے کہتا ہوں کہ بے شک مجھے کھانا نہ دیں لیکن میرے جانوروں کے لیے چارے کا انتظام کریں۔ اگر جانور مر گیا تو میرا مستقبل ختم ہو جائے گا۔”

متاثرین کا کہنا ہے کہ کچھ جانور سیلاب میں بہہ گئے، اور جو بچ گئے ہیں ان کے لیے چارے کا کوئی بندوبست موجود نہیں۔ “ہم نے انہی جانوروں کے سہارے زندگی دوبارہ شروع کرنی ہے، یہی اب ہمارا کل اثاثہ ہیں۔”

حکومت کی جانب سے اقدامات

پنجاب حکومت نے متاثرین کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کے مطابق مکمل تباہ شدہ گھروں کے لیے دس لاکھ روپے، جزوی نقصان والے گھروں کے لیے پانچ لاکھ روپے، جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو بھی مالی امداد دی جائے گی۔ بڑے جانوروں کے نقصان پر پانچ لاکھ اور چھوٹے جانوروں پر پچاس ہزار روپے معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

ریلیف کیمپس میں مقیم افراد کو کھانے، صاف پانی اور طبی سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ فصلوں اور مویشیوں کے لیے چارہ پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ تاہم متاثرین کے مطابق یہ سہولتیں ناکافی ہیں اور اصل ضرورت بہت زیادہ ہے۔

محکمہ زراعت کے مطابق حالیہ بارشوں اور دریائے ستلج میں آنے والی طغیانی نے جنوبی پنجاب کی زرعی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ کپاس، گنا اور سبزیاں پانی میں بہہ گئیں جبکہ ہزاروں ایکڑ زمین کئی روز تک زیرِ آب رہنے کے باعث آئندہ فصلیں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

زرعی ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ اگر پانی کی فوری نکاسی نہ کی گئی تو کاشتکار مزید نقصانات سے دوچار ہوں گے۔ دوسری جانب جانوروں کے چارے کی کمی سے دودھ کی پیداوار میں کمی آئے گی جس کا اثر عام صارفین تک بھی پہنچے گا۔

متاثرین کی دہائیاں

کیمپوں میں رہنے والے لوگوں کا سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ “جب پانی اتر جائے گا تو ہم اپنی زندگی دوبارہ کب اور کیسے شروع کریں گے؟” ان کے مطابق وہ حکومت کے وعدوں کے عملی جامہ پہنانے کے منتظر ہیں۔

ایک متاثرہ خاتون کہتی ہیں کہ “ہمیں کپڑے، برتن اور روزمرہ کی بنیادی چیزوں کی سخت ضرورت ہے۔ خالی خیمہ اور کھانے کے چند پیکٹوں سے زندگی دوبارہ نہیں بنائی جا سکتی۔”

ریسکیو اور ریلیف پر نظر رکھنے والے ماہرین کا ماننا ہے کہ حکومت کو قلیل مدتی امداد کے ساتھ ساتھ طویل مدتی منصوبہ بندی بھی کرنی ہوگی۔ مکانات کی تعمیر نو کے لیے مضبوط انفراسٹرکچر، دریاؤں کے کناروں پر حفاظتی بند اور زرعی بحالی کے منصوبے وقت کی ضرورت ہیں

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here